لمبی اردو حرکات کے واضح اظہار کے لیے ایک سکیم
اردو میں لمبی حرکات: اردو میں مندرجہ ذیل لمبی حرکات ہیں: ا ، واؤ معروف، واؤ مجہول، واؤ لین، یائے معروف، یائے مجہول، یائے لین
حروفِ علت: یہ حروف دہرا کردار نبھاتے ہیں یعنی بطورِ آواز بھی استعمال ہوتے ہیں اور بطورِ حرکت بھی۔ ان میں ا ، و ، ی ، ے شامل ہیں۔
حروفِ علت بطورِ آواز: بطورِ آواز و و(آواز) کے لیے اور ی ی(آواز) کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ ا لفظ کے شروع میں ہمزہ کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔البتہ ے بطورِ آواز استعمال نہیں ہوتی۔
حروفِ علت بطورِحرکت: بطورِحرکت و واؤ معروف، واؤ مجہول اور واؤ لین تینوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ ی یائے معروف کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ے یائے مجہول اور یائے لین دونوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔اور ا لفظ کے درمیان اور آخر میں ا ( بطور لمبی حرکت) استعمال ہوتی ہے۔
حروفِ علت کے کردار کے بارے میں اِشکال : لفظ کے درمیان اور آخر میں و واؤ معروف، واؤ مجہول ، واؤ لین اور و(آواز)کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اس طرح کسی لفظ کے درمیان یا آخر میں و آ جائے تو یہ اندازہ لگانا ہوتا ہے کہ یہ و واؤ معروف، واؤ مجہول ، واؤ لین اور و(آواز) میں سے کس کو ظاہر کر رہی ہے۔ ی اور ے کے لیے ترسیمے کے شروع اور درمیان میں ایک جیسی شکلیں استعمال ہوتی ہیں [یوں ]۔ اس طرح لفظ کے درمیان میں آجائیں تو یہ اندازہ لگانا ہوتا ہے کہ یہ یائے معروف، یائے مجہول،یائے لین اور ی(آواز) میں سے کس کو ظاہر کر رہی ہے۔ اسی طرح ے لفظ کے آخر میں آ جائے تو یہ اندازہ لگانا ہوتا ہے کہ یہ یائے مجہول کو ظاہر کر رہی ہے یا یائے لین کو۔ البتہ ا کے معاملے میں کوئی اشکال نہیں ہوتا۔
لمبی حرکات کےواضح طور پر اظہار کا نظام: اوپر نشان دہی کردہ اِشکال سے نمٹنے کے لیے ایک با قاعدہ نظام موجود ہے۔ اس نظام میں لمبی حرکات کو ( جنھیں حروفِ علت سے ظاہر کیا جاتا ہے ) واضح طور پر ظاہر کرنے کے لیے حروفِ علت کے ساتھ زبر،زیر،پیش ( )استعمال کیے جاتےہیں۔
لمبی معروف حرکات (واؤ معروف، یائے معروف): و کو واؤ معروف ظاہر کرنے کے لیے پیش کو و سے ما قبل حرف پہ ڈال دیا جاتا ہے [یوں نُور، ڈُوب]۔ اور کو یائے معروف ظاہر کرنے کے لیے زیر کو سے ما قبل حرف پہ ڈال دیا جاتا ہے [یوں کِیل،دِین]۔
لمبی لین حرکات (واؤ لین، یائے لین): و کو واؤ لین ظاہر کرنے کے لیے اس سے ما قبل حرف پر زبر ڈال دی جاتی ہے [یوں جَو، دَور]۔ اسی طرح ، ے کویائے لین ظاہر کرنے کے لیے اس سے ما قبل حرف پر زبر ڈال دی جاتی ہے [یوں قَید، اَیسا، ہَے، اَے]۔
لمبی مجہول حرکات (واؤ مجہول، یائے مجہول): و کو واضح طور پر واؤ مجہول اور ، ے کو واضح طور پر یائے مجہول ظاہر کرنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
لمبی حرکات کے اظہار کایہ نظام مع مثالیں ذیل کے جدول میں دیا گیا ہے۔
جدول 1: لمبی حرکات کے اظہار کاموجودہ نظام (مع مثالیں)
حرکات کی نوعیت
حرکات
مفرد شکل
ترسیمے کے شروع، درمیان اور آخر میں شکلیں
شروع میں
درمیان میں
آخر میں
معروف حرکات
یائے معروف
ی
( دی، جاری)
(رِیت، دِین)
(کِیل، گِیت)
(کی، لی)
واؤ معروف
ﹹ و
(دُور، ڈُوب)
-
-
(نُور، پُھول)
لین حرکات
یائے لین
ﹷ ے
(اَے)
(اَیسا، دَیر)
(بَیل، قَید)
(ہَے،قَے )
واؤ لین
ﹷ و
(دَور، اَوج)
-
-
(جَو، ضَو)
مجہول حرکات
یائے مجہول
ے
(ارے، بڑے)
(دیس، ریت)
(بھیس، لیپ)
(کے، پرلے)
واؤ مجہول
و
(ڈور، روٹی)
-
-
(ڈھول، مور)
اس جدول میں آپ نے دیکھا کہ حروفِ علت کے ساتھ استعمال کرنے کے انتظام کے باوجود بعض حرکات کو واضح نہیں کیا جا سکتا جیسے واؤ مجہول اور یائے مجہول کو۔ ان کوواضح کرنے کے لیے کوئی علامت نہیں ہے۔
یہاں یہ بات واضح ہے کہ اگر مجہول حرکات کے لیے بھی کوئی علامت بنا لی جائے تو حرکات کے اظہار کا یہ نظام مکمل اور بے عیب ہو جائے گا۔ ہم جانتے ہیں کہ جزم کی علامت وہاں استعمال کی جاتی ہے جہاں یہ دکھانا ہو کہ اس حرف پر زبر، زیر، پیش میں سے کوئی علامت نہیں ہے۔ اسی تصور کو آگے بڑھاتےہوئے اسےہم مجہول حرکات کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔وہ یوں کہ
جہاں ہم نے و یا ، ے کو مجہول حرکت دکھانا ہواس سے ماقبل حرف پر جزم لگا دیں۔ اس طرح مجہول حرکات کو واضح طور پر دکھایا جا سکتا ہے۔ نیچے مثالیں دیکھیے:
چْوٹ، بْوجھ، ڈْور، چْھوٹا، ڈْھول، لْوٹا، پرْونا، بھگْونا، گْوند، ہْوں، آٹْھوں، کتابْوں، ہائیڈرْوجن، بْوٹی، پڑْوسی، دْوستْوں،
کْھیت، لپْیٹ، دْیکھ، دْیں، لْیں، ہمْیں، کتابْیں، دْینا، لْینا، مْیرا، پْھیرا، ٹْھیکا، کرْیلا، لٹْیرا، کْیکڑا، کرنْیوالا، لْیکن، دْے، کْے،تالْے، کْھیلتْے
کْھیتْوں، پْوتْے، سْوتْے، دْھوتْے، بْولتْے، تْولتْے
اوپر دی گئی تمام مثالوں میں مجہول حرکات اکیلی استعمال ہوئی ہیں۔جب کسی لفظ میں ایک سے زیادہ حرکات اکٹھی آئیں اور ان کے درمیان ء ہو یعنی دوسری حرکت سے پہلے ء استعمال ہو تو وہاں بھی یہ سکیم بخوبی استعمال ہو سکتی ہے۔
پائْے، لائْے، گائْیں، لائْیں، مائْیں،کھائْیں، ادائْیں، نہائْیں، پیئْیں، نئْے،
پاؤْں، چھاؤْں، رقاصاؤْں، جاؤْ، کھاؤْ، بتاؤْ، پڑاؤْ، ڈھواؤْ
اس طرح آپ دیکھ رہے ہیں کہ یہ سکیم نہ صرف اکیلی آنے والی مجہول حرکات کو واضح کر دیتی ہے بلکہ جب دو حرکات اکٹھی آتی ہیں اور دوسری حرکت سے پہلے ء آتا ہے تو وہاں بھی مجہول حرکات کو واضح کر دیتی ہے
۔