پروین شاکر :::: آج ملبُوس میں ہے کیسی تھکن کی خوشبو

طارق شاہ

محفلین
غزلِ
پروین شاکر
آج ملبُوس میں ہے کیسی تھکن کی خوشبو
رات بھرجاگی ہُوئی جیسے دُلھن کی خوشبو
پیرہن میرا مگراُس کے بدن کی خوشبو
اُس کی ترتیب ہے ایک ایک شِکن کی خوشبو
موجۂ گُل کو ابھی اِذنِ تَکلّم نہ مِلے
پاس آتی ہے کسی نرْم سُخن کی خوشبو
قامتِ شعر کی زیبائی کا عالم مت پُوچھ
مہْرباں جب سے ہے اُس سرد بدن کی خوشبو
ذکرشاید کسی خُورشید بدن کا بھی کرے!
کُو بہ کُو پھیلی ہُوئی، میرے گہن کی خوشبو
عارضِ گُل کو چھُوا تھا کہ، دھنک سی بِکھری
کِس قدر شوخ ہے ننّھی سی کِرن کی خوشبو
کِس نے زنجیر کِیا ہے رَمِ آہُو چشماں
نِکہتِ جاں ہے اِنھیں دشت و دمن کی خوشبو
اِس اسِیری میں بھی، ہرسانس کے ساتھ آتی ہے
صحنِ زنداں میں اِنھیں دشتِ وطن کی خوشبو
پروین شاکر
 
Top