آج کے خود کش حملوں کے تناظر میں ایک نظم

فرخ منظور

لائبریرین
یہ نظم شگفتہ صاحبہ نے کتاب نمود کو برقیانے کے دوران پوسٹ کی ہے اس نظم کو آج کے خود کش حملوں کے تناظر میں پڑھیں - اس کا تمام تر ثواب سیدہ شگفتہ کو جاتا ہے - بہت شکریہ سیدہ شگفتہ!

قابیل کا سایہ

خدا کے خوف سے ، اپنے گناہوں پر خجل ہو کر
وہ پیہم گریہ کرتا تھا
وہ اپنے بھائی کے لاشے پہ پیہم گریہ کرتا تھا
لہو آواز دیتا تھا زمیں کی خاک رسوا سے
خدا کا عرش کانپ اٹھتا تھا اس فریاد کو سن کر
برادر کش سزا پاتے تھے ، پتھر بن کے جیتے تھے
اور ان کے دل کی دھڑکن بند ہو جاتی تھی سینوں میں
اور ان کا خون ان کی سرد شریانوں پہ ہنستا تھا

مگر اس دور میں کوئی خدا ایسا نہیں کرتا
کہ اب شہروں کی حالت اگلے صحراوں سے بہتر ہے
کہ شہروں میں مار و اژدر و کرگس نہیں ملتے
کتب خانوں میں افکار و عقاید جلوہ فرما ہیں
ہزاروں درس گاہیں داعی اقدار انساں ہیں
سیہ سڑکوں پہ کاریں ہیں فضاوں میں ہیں طیارے
عمارات بلند اپنے فلک پیما دریچوں سے
مکوڑوں کی طرح چلتے ہوئے جسموں کو تکتی ہیں
ہمارے شہر مامن ہیں ، ہمارے شہر گلشن ہیں
اب ان شہروں میں فرسودہ خدا کی کیا ضرورت ہے

خدا خاموش ہے اور خوف و غم سے نیم جاں انساں
ہوا کی لہر کو بھی موت کی آہٹ سمجھتے ہیں
کسی کو کچھ نظر آتا نہیں لیکن کوئی جذبہ
یہ چپکے چپکے کہتا ہے کہ اے ہابیل اے ہابیل
ہلاکت کے نئے سامان سے آراستہ ہو کر
گلی کوچوں میں آ پہنچا ہے پھر قابیل کا سایہ


(۱۹۶۴ء)
 

ایم اے راجا

محفلین
بہت پیاری نظم ہے، ایک ایک لفظ سے حقیقت چھلکتی ہے، اے اللہ ہم سب کو اپنی اماں میں رکھ کے ہم میں اتنا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں۔
 
Top