زیرک
محفلین
آرمی چیف توسیع کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ فیصلے کے خلاف نظر ثانی دائر کر دی گئی
آرمی چیف توسیع کیس کے سلسلے میں نئی پیش رفت ہوئی ہے،صدر، وزیر اعظم، سیکرٹری دفاع اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے آرمی چیف توسیع کیس کے سپریم کورٹ فیصلےکے خلاف نظر ثانی دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ "توسیع بارے درخواست قابل سماعت نہ تھی فیصلے کو ایسے کالعدم کیا جائے جیسے کہ یہ موجود ہی نہ ہو، فیصلے میں اہم آئینی و قانونی نکات کا جائزہ نہیں لیا گیا۔ نظر ثانی اپیل میں لارجر بینچ تشکیل دینے اور کیس کو ان کیمرہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے"۔ مختصراً یہ کہ حکومت کہنا چاہتی ہے کہ آرمی چیف توسیع کیس قابلِ سماعت نہیں تھا۔ وزراء سمیت سارے حکومتی حامی یہ کہتے نہ تھکتے تھے کہ "آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی میں ساری جماعتیں ایک ساتھ ہیں" لیکن بجائے قانون سازی کرنے کے آج سپریم کورٹ میں کیس پر نظرثانی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ قانون سازی کا جو چورن بیچا جا رہا تھا وہ جنرل باجوہ کو مطمئن رکھنے کے سوا کچھ نہیں تھا، جبکہ حکومت کا یہ حال تھا کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں پر کیس پر کیس ٹھوک کر انہیں نیب کے تحویل میں دے کر گویا آرمی چیف کی مدت ملازمت قانون سازی معاملے کی ایسی کی تیسی کر رہی تھی۔ جسے یقین نہ آئے وہ حکومت کی تازہ ترین کاروائی دیکھ لیں کہ کیسے ڈی جی ایف آئی اے کو ہٹا کر اپنا بندہ لگوا کر پہلے بندوبست مکمل کیا گیا اور آج ایف آئی اے کی ایک ٹیم کے ذریعے مسلم لیگ نون کے سیکریٹریٹ میں چھاپا مارا گیا، دفتر میں موجود تمام کمپیوٹر ڈیٹا قبضے میں لے لیا گیا، گویا جس کام کو سابق ڈی جی بشیر میمن نے کرنے سے انکار کر دیا تھا اس کو پاناما فیم واجد ضیاء نے پورا کر دکھایا ہے۔ اب اگر جنرل باجوہ سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دے گی تو ان کو بتاتے چلیں کہ حکومت نے آپ کی منجی ٹھوکنے کا پورا انتظام کر دیا ہے۔ ٹھنڈے ذہن سے غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ حکومت نے آرمی چیف کے خلاف بڑی گھناؤنی سازش رچائی ہے، نوٹیفیکیشن بلنڈرز اور فیصلے کے بعد اپوزیشن سے دنگل رچانے تک کے معاملات کا بغور جائزہ لیں تو معلوم ہو گا کہ حکومت خود ان کی مدت ملازمت میں توسیع کرنا ہی نہیں چاہتی تھی اور اس معاملے کو جس بچگانہ طریقے سے ہینڈل کیا گیا ہے اس سے حکومتی نااہلی تو سامنے آتی ہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ سب آرمی کے لیے کی بڑی ہزیمت کا باعث بناہے اور اس کے مزید بننے کے قوی امکانات ہیں۔