آن رہ جائے گی تمہاری بھی۔ ۔ آصف شفیع

آصف شفیع

محفلین
غزل:

آن رہ جائے گی تمہاری بھی
بات سن لو اگر ہماری بھی

ہم محبت کا خون کر آئے
جنگ جیتی بھی اور ہاری بھی

تم کو دعوٰی بھی ہے محبت کا
اور کرتے ہو آہ و زاری بھی

عشق میں امتحاں بھی آتے ہیں
کاٹ سکتی ہے سر کو آری بھی

اپنے دشمن سے میں نہیں ہارا
ضرب اس نے لگائی کاری بھی

سب سے دل کی کہا نہیں کرتے
کچھ تو رکھتے ہیں رازداری بھی

بے ثمر ہی رہے محبت میں
خوب ہم نے اٹھائی خواری بھی

زندگی میں سکوں نہیں آصف
آزمائی ہے شہریاری بھی

( آصف شفیع)
 

مغزل

محفلین
آصف صاحب
آداب۔
غزل نظر نواز ہوئی ، پیش کرنے کیلیے ممنو ن ہوں۔
سبھی اشعار خوب ہیں ، سو رسید حاضر ہے ۔
والسلام
 

فاتح

لائبریرین
سبحان اللہ سبحان اللہ!
آصف صاحب! اس قدر خوبصورتی سے الفاظ کے موتی چن کر اشعار کی مالا بناتے ہیں آپ۔ سبحان اللہ! مبارک باد قبول ہو۔
آری کا قافیہ کمال خوبصورتی سے باندھا ہے۔
 
Top