اقتباسات آوازِ دوست از مختار مسعود

اردو میں شعر کہنا بہت سہل اور اچھا شعر کہنا بڑا کٹھن کام ہے، اسی لیے اردو کو ہر زمانے میں شعر گو بے شمار میسر آئے ہیں اور شاعر گنتی کے۔ اردو شاعری ایک ایسا کچا راستہ ہے جس پر ہر وقت غول کے غول چلتے ہیں اور روایت کی دھول اتنی اُڑتی ہے کہ سارے مسافروں کے چہرے خاک سے اٹے رہتے ہیں ۔ مضامین متعین، قافیے وافر، بحور تابع، اوزان موزوں، زمین پائمال ، اساتذہ بسیار، شاگرد قطار اندر قطار۔ اساتذہ ہر مشکل بحر کو پانی کرچکے ہیں، شاگرد ہر سنگلاخ زمین میں قافیے بو چکے ہیں۔ شاعری کے کتنے ہی دبستان کھُل چکے ہیں لہٰذا ہر نوع کے شاعر کو ہاتھوں ہاتھ لینے والے بھی موجود ہیں۔ نتیجہ ظاہر ہے، جو جو ایک سطر نثر بھی نہیں لکھ سکتا وہ بھی اِس کچے راستے پر ہولیتا ہے۔
 
Top