ن م راشد "آپ" کے چہرے -- از ن م راشد

فرخ منظور

لائبریرین

"آپ" کے چہرے

"آپ" ہم جس کے قصیدہ خواں ہیں
وصل البتّہ و لیکن کے سوا
اور نہیں
"آپ" ہم مرثیہ خواں ہیں جس کے
ہجر البتّہ و لیکن کے سوا اور نہیں
"آپ" دو چہروں کی ناگن کے سوا اور نہیں!

روز "البتّہ" مرے ساتھ
پرندوں کی سحر جاگتے ارمانوں
کے بستر سے اٹھا
سیر کی، غسل کیا
اور مرے ساتھ ہی صبحانہ کیا،
بے سرے گیت بھی گائے ۔۔۔۔۔۔۔۔

یونہی "لیکن" بھی مرے ساتھ
کسی بوڑھے جہاں گرد کے مانند
لڑھکتا رہا، لنگڑاتا رہا ۔۔۔۔۔۔
شام ہوتے ہی وہ ان خوف کے پتلوں کی طرح
جو زمانے سے، کسی شہر میں مدفون چلے آتے ہوں
ناگہاں نیندوں کی الماری میں پھر ڈھیر ہوئے
ان کے خرّانٹوں نے شب بھی مجھے سونے نہ دیا ۔۔۔
"آپ" البتّہ و لیکن کے سوا اور نہیں

بارہا ایک ہی وہ چہرہ ۔۔۔۔ وہ "البتّہ"
جسے جانتے ہو
دن کی بیہودہ تگ و تاز میں،
یا شور کے ہنگام من و توئی میں
نوحہ گر ہوتا ہے "لیکن" پہ کہ موجود نہیں

بارہا ایک ہی وہ چہرہ ۔۔۔۔۔ وہ "لیکن"
جسے پہچانتے ہو
اپنے سنّاٹے کے بالینوں پر
اپنی تنہائی کے آئینوں میں
آپ ہی جھولتا ہے
قہقہے چیختا ہے
اپنے البتہ کی حالت پہ کہ موجود نہیں ۔۔۔۔۔۔

آؤ، البتّہ و لیکن کو
کہیں ڈھونڈ نکالیں پھر سے
ان کے بستر پہ نئے پھول بچھائیں
جب وہ وصل پہ آمادہ نظر آئیں
تو (ہم آپ) کسی گوشے میں چپ چاپ سرک جائیں!

 

الف عین

لائبریرین
ن م راشد کی ایک ای بک کے لئے تیار ہو جائیں۔۔۔ یہاں مواد جمع ہوتا جا رہا ہے۔
وارث، فاتح۔۔۔ کیا خیال ہے؟؟
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ اعجاز صاحب، آپ صحیح کہہ رہے ہیں، ن م راشد اردو شاعری کا ایک بہت بڑا نام ہیں۔ میرے پاس کلیاتِ راشد موجو ہے اور مقدور بھر کام بھی کر سکتا ہوں۔

لیکن جتنی محبت فرخ صاحب کو راشد صاحب سے ہے مجھے لگتا ہے وہ یہ کام تنِ تنہا بھی انجام دے سکتے ہیں :)

ویسے احباب کی اطلاع کیلیے عرض کردوں کہ "ون اردو" سائٹ پر فرخ صاحب، ن م راشد بورڈ کے موڈریٹر ہیں اور کافی کلام پوسٹ کر چکے ہیں۔

۔
 

فاتح

لائبریرین
کیوں نہیں جناب! ضرور بنائی جا سکتی ہے اور بنائی جانی چاہیے۔ میرے پاس وارث صاحب اور فرخ صاحب کی طرح ن م راشد کی کتب تو موجود نہیں لیکن اگر سکین کیا ہوا کچھ حصہ مل جائے تو میں بھی حصہ دار بن سکتا ہوں اس کار خیر میں۔

وارث صاحب! اگر پوری کلیات کی بجائے ایک ایک کتاب برقیائی جائے تو یہ عمل نسبتاً سہل نہ ہو گا۔ یا خوبصورت ترین کلام کو "انتخاب" کا نام دے کر کاپی رائٹ کے جھنجھٹوں سے بھی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے کہ مجھے آپ کی ہی ایک پوسٹ سے کاپی رائٹ کے ایک قانون کا علم ہوا تھا کہ مصنف کی وفات کے 50 برس بعد ہی اس کا کلام کاپی رائٹ سے آزاد ہوتا ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
دلچسپی کیلیے شکریہ فاتح بھائی۔

نہیں بھائی مجھ میں اتنی سکت نہیں ہے کہ مکمل کلیاتِ راشد کے بارے میں سوچوں بھی، اور پھر وہ ہیں بھی کاپی رائٹ پروٹیکٹڈ۔ ہاں انتخاب سے کام چل جائے گا۔

اور اس سلسلے میں بھی عرض کی تھی کہ شاید فرخ صاحب خود ہی یہ حق ادا کردیں کہ انہوں نے پہلے ہی سے کافی کام کر رکھا ہے۔ لیکن وہ تو ابھی تک ادھر متوجہ ہی نہیں ہوئے۔ :rolleyes:

۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
جناب حضرات بہت شکریہ آپ کی پسندیدگی کا! ن۔ م۔ راشد کی کچھ نظمیں ایسی ہیں جو متنازعہ کہی جا سکتی ہیں مجھے ذاتی طور پر تو بہت پسند ہیں لیکن شائد عوامی سطح ان نظموں کی متحمل نہ ہو سکے- لہٰذا میں کوشش کروں گا صرف وہی نظمیں پوسٹ کروں جن میں کوئی متنازعہ عنصر نہ ہو ورنہ شائد کچھ الگ بکھیڑے نبیڑنے پڑیں-
 

محمد وارث

لائبریرین
میرا بھی یہی خیال ہے فرخ صاحب، جن نظموں کے بارے میں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ متنازعہ ہیں تو سب سے پہلے انہی کو پوسٹ کریں۔ ویسے آپ بتا سکتے ہین کہ یہ نظمیں کس حوالے سے متنازعہ تھیں یا ہیں۔

۔
 

الف عین

لائبریرین
یار وہ نظم کسی کو یاد ہے جس میں ن م راشد نے لکھا ہے

وہ۔۔۔۔ ہوں جس کی دو بیویاں ہیں
اور پھر یہ تو دیکھو
کہ اک۔۔۔ کو دوسری کی خبر تک نہیں ہے!!!!
بڑی دل چسپ اور اچھوتی نظم تھی، کچھ متنازعہ۔
 

محمد وارث

لائبریرین
اب آپ اس نظم کی تعریف کر رہیں اعجاز صاحب تو ڈھونڈنی ہی پڑے گی، نظم میرا مطلب ہے۔ :) کرتا ہوں ورق گردانی کچھ وقت نکال کر، یا ہو سکتا ہے فرخ صاحب کو یاد ہو۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
متنازعہ ہیں نہیں ان میں متنازعہ عنصر ہے جیسے جنس یا الہاد اور یہ دونوں عناصر بعض نظموں میں بہت زیادہ ہیں - اب آپ ہی فرمائیے کیا مجھے ایسی نظمیں عوامی فورم پر پوسٹ کرنی چاہئےِ؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
ٹھیک ہے حضرات- آپ سب کی ادب سے محبّت دیکھ کر میں بھی قائل ہو گیا- جلد آپ کی خواہش پوری کروں گا- شکریہ - آپ سب لوگ واقعی ادب سے محبّت کرنے والے ہیں۔ مجھے بڑی خوشی ہوئی-
 
Top