نوید ناظم
محفلین
ہر انسان کے پاس کچھ ایسا ہے جو کسی اور کے پاس نہیں...ایک جیسے نظر آنے والے انسان اصل میں ایک جیسے نہیں ہیں۔ قدرت کا کمال یہ ہے کہ بظاہر ایک جیسے اشکال رکھنے والا انسان بھی ایک جیسی شکل نہیں رکھتا...لطف یہ ہے کہ سب کے پاس وہی رخسار ہیں' وہی پیشانی ہے وہی چہرہ ہے ...مگر صورت پھر بھی مختلف...نین سے نین تو ملتے ہیں مگر نقش سے نقش نہیں ملتا...انسان ہو بہ ہو ہونے کے باوجود بھی وہ نہیں ہو سکتا جو دوسرا ہے...پھر رنگ رنگ کے رنگ ہیں' سبحان اللہ. قدرت آفتاب سے زیادہ روشن ہے' شرط صرف یہ کہ آدمی چمگادڑ کا نصیب نہ رکھتا ہو...دل پتھر نہ ہو تو دلبر چھپا ہوا نہیں...غور کرنے کی بات ہے کہ ہر بات میں ایک رمز ہے...پھول کے ساتھ کانٹے رکھ دیے گئے تا کہ یہ اپنی خوبصورتی پر مغرور نہ ہو جائے... بے بسی' گھڑی کی وہ ٹک ٹک ہے جو ہر وقت کانوں میں بجتی رہتی ہے...ایک صدا' کہ سن تیرا ایک خالق بھی ہے...پھول کے ساتھ کانٹا بھی ہو' اور پھول کا حسن بھی برقرار ہو تو یقناً یہ خالق ہی کر سکتا ہے...کیا یہ اتفاق ہے کہ ایک دیو قامت ہاتھی مشکل سے نظر آنے والی چیونٹی کے ہاتھوں مر جاتا ہے...دوست! اتفاق حسین ہوتے ہیں' مگر اتنے بھی نہیں!!