آ
آب آب ہونا = شرمندہ ہونا
تم نے تو کہہ دیا "میں انہیں جانتا نہیں
ہم آب آب ہوگئے غیروں کے سامنے
آب آمد تیمّم برخاست = بہتر چیز ملنے پر ادنیٰ چیز کی ضرورت نہیں رہتی
آپ مِل جائیں تو ہر بُت سے کنارہ کرلوں
آمدِ آب سے ہوجائے تیمّم برخاست
آبرو خاک میں ملانا = عزت کھو دینا
جو علم سے ہیں عاری، آوارگی میں خوش ہیں
وہ خاک میں ملائیں گے اپنی آبرو کو
آبرو جا کے نہیں آتی = گئی عزت پھرحاصل نہیں ہوتی
مال جاتا ہے اور آتا ہے
آبرو جا کے پھر نہیں آتی
آبدیدہ ہونا = رونا ، آنکھوں میں آنسو آنا
دل پسیجا ان کا بھی کچھ میری حالت دیکھ کر
آبدیدہ ہو گئے وہ داستاں سن کر مری
آب زیرِ کاہ= ریا کاری، مکر و فریب
سوائے مکر زمانے میں رسم و راہ نہیں
وہ کون جا ہے جہاں آب زیرِ کاہ نہیں
آب و دانہ اٹھنا = مرجانا، ایک مقام سے دوسری جگہ منتقل ہونا
اے وطن والو! وطن کی سرزمیں تم کو نصیب
ہم تو جاتے ہیں، ہمارا آب و دانہ اٹھ گیا