اردو اور کمپیوٹر

بلال

محفلین
انٹرنیٹ کی دنیا میں بہت سی ویب سائیٹ ہیں جہاں پر اردو کے متعلق معلومات دستیاب ہیں۔ میں نے بھی انہیں ویب سائیٹ اور دیگر دوستوں سے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا سیکھا ہے۔یوں تو آپ کو اس کتابچہ میں درج ہونے والی معلومات اردو کی اکثر ویب سائیٹ سے مل جائے گی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ میں اردو لکھنے کے متعلق تقریباً ساری معلومات کو ایک ساتھ اس کتابچہ میں درج کر رہا ہوں اور ساتھ ساتھ جو مشکلات مجھے پیش آئیں انہیں بھی ذہن میں رکھ کر یہ کتابچہ پیش کر رہا ہوں۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے دوستوں کو اکثر کہتا کہ اردو لکھنا بھی سیکھو اور عام طور پر اپنے کاموں میں اردو استعمال کیا کرو۔ عموماً جواب یہ ملتا کہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا مشکل ہے اس لئے ہم اپنے کام انگریزی یا رومن اردو میں کر لیتے ہیں۔ کچھ ایسے بھی ہوتے اور ہیں جو کہتے کہ ہمیں اردو لکھنا سیکھاؤ یعنی بتاؤ کہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کیسے لکھتے ہیں۔ میں نے کافی دوستوں کو اس بارے میں یعنی اردو لکھنے کے بارے میں معلومات دی۔ ہر ایک کو علیحدہ علیحدہ سمجھانا پڑتا۔ اس علیحدہ علیحدہ سمجھانے سے پیچھا چھوڑانے کے لئے ایک فولڈر تیار کیا جس میں اردو لکھنے کی معلومات، چند اردو فانٹ اور کلیدی تختہ رکھا۔ پھر جس دوست کو اردو لکھنا سیکھانا ہوتا اسے وہ فولڈر دے دیتا۔ یوں کئی دوست اردو لکھنے میں کامیاب ہو جاتے لیکن کئی ایسے بھی لوگوں سے واسطہ پڑا جن کو وہ فولڈر تو دیا لیکن وہ اردو لکھنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پھر مزید معلومات کے تبادلہ کے بعد وہ بھی اردو لکھنے میں کامیاب ہو گئے۔ اب میں نے سوچا ہے کہ ایک مکمل بنیادی معلومات کا کتابچہ لکھ دوں جس سے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنا آسان ہو جائے۔ دوستوں کو سمجھانے کے دوران اُن کے سوالات کے جو جوابات دیئے اُن کو لکھتا رہا اور آج اُن سب کے جوابات کو ملا کر ایک کتابچہ کی شکل دے رہا ہوں۔ اس کتابچہ کا مقصد کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج ہے تاکہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے لوگ آسانی سے اردولکھ سکیں اور اپنی زبان کی ترقی کے لئے کام کر سکیں۔ یہ کتابچہ بالکل مفت دستیاب ہے اور ہر قسم کے کاپی رائٹ سے آزاد ہے۔ اگر کوئی چاہے تو اسے اپنی ویب سائیٹ یا کسی بھی ذرائع سے شائع کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی صاحب/صاحبہ اس کتابچہ کو مزید بہتر کرنا چاہیں تو وہ کر سکتے ہیں یا مجھے اس بارے میں بتا سکتے ہیں جس سے اس کتابچہ کو مزید بہتر کیا جا سکے تاکہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو کی ترویج آسانی سے ہو سکے۔
میں امید کرتا ہوں کہ اس کتابچہ سے کافی لوگوں کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے اور پڑھنے میں مدد ملے گی۔
ہو سکے تو دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، ہماری زبان اردو اور ہمارے ملک پاکستان کو ترقی دے۔آمین
ایم بلال
http://www.mbilalm.com

مکمل کتابچہ پی ڈی ایف میں یہاں سے اُتاریں۔شکریہ
 

بلال

محفلین
فہرست

1:- ونڈوز وسٹا (Vista) میں اردو کی تنصیب (Installation)
2:- ونڈوز ایکس پی (XP) میں اردو کی تنصیب (Installation)
3:- کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے اصول
4:- کمپیوٹر کی "اردو" اور "تصویری اردو" میں فرق
5:- اردو کلیدی تختہ (Urdu Keyboard Layout)
6:- رسم الخط (Font) کیا ہے؟
7:- یونیکوڈ کیا ہے؟
8:- اردو حرف کی یونیکوڈ قدریں (Unicode Values)
9:- کلیدی تختہ بنانا


اب تصویری اردو کو خیر باد کہیے اور کمپیوٹر کی اصل اردو کی طرف آئیے۔
یونیکوڈ کی وجہ سے اب کمپیوٹر میں کسی بھی جگہ جہاں کچھ لکھا جاتا ہے وہاں اردو بھی لکھی جا سکتی ہے۔
 

بلال

محفلین
ونڈوز وسٹا (Vista) میں اردو کی تنصیب (Installation)

Windows Vistaمیں اردو لکھنے کے لئے درج ذیل طریقہ کار پر عمل کریں جو کہ بڑی وضاحت اور کئی جگہ پر تصویر کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
کوئی بھی اردو کلیدی تختہ (Keyboard Layout) جو آپ کو پسند ہو وہ اپنے کمپیوٹر پر نصب (Install) کریں۔
ایک اردو کلیدی تختہ آپ یہاں سے اُتار (Download) سکتے ہیں۔
عام طور اردو کلیدی تختہ کی تنصیب کے ساتھ ہی ونڈوز وسٹا میں اردو سپورٹ مکمل طور پر شامل ہو جاتی ہے اور Taskbar پر Language bar نظر آنا شروع ہو جاتی ہے جیسا کہ ذیل کی تصویر میں نظر آ رہی ہے۔
06-task-bar-eng-vista.gif

اب آپ کا کمپیوٹر اردو لکھنے کے قابل ہو گیا ہے۔ جس سافٹ ویئر میں اردو لکھنی ہو وہاں پر بائیں طرف کا Alt + Shift دبائیں تو آپ کا کمپیوٹر اُس سافٹ ویئر میں اردو موڈ میں ہو جائے گا یعنی جب بھی کوئی کنجی (Key) دبائیں گے تو اردو لکھی جائے گی۔ اسی طرح کسی سافٹ ویئر کا موڈ انگریزی میں تبدیل کرنے کے لئے دوبارہ بائیں طرف کا Alt + Shift دبائیں جس سے دوبارہ انگریزی موڈ ہو جائے گا۔ اگر کسی سافٹ ویئر میں دیکھنا ہو کہ آپ کا کمپیوٹر اس سافٹ ویئر میں کس موڈ پر ہے تو ٹاسک بار پر موجود لینگوئج بار دیکھیں۔
اگر اردو موڈ پر ہو تو لینگوئج بار اس طرح ہو گی
05-task-bar-urdu-vista.gif

اگر انگریزی موڈ پر ہو تو لینگوئج بار ایسے ہو گی
06-task-bar-eng-vista.gif

اس کے علاوہ مزید اپنے نصب کیے ہوئے کلیدی تختہ کو ختم کر کے کوئی نیا کلیدی تختہ منتخب کرنے یا ایک سے زیادہ کلیدی تختہ کے استعمال کے لئے درج ذیل طریقہ ہے جو آپ کو یہ بتاتا ہے کہ اصل میں کلیدی تختہ اور زبان کی Settings کہاں پر ہیں۔

1:- اپنے کمپیوٹر پر کنٹرول پینل کھولیں جس کے لیے Start پر کلک کریں پھر Control Panel پر کلک کریں۔ کنٹرول پینل کھلنے کے بعد اگر کنٹرول پینل میں صرف دس (10) کے قریب I-Con نظر آرہے ہیں تو یہControl Panel Home پر ہے پہلے اسے Classic View پر کر لیں یعنی بائیں طرف اوپر کی جانب لکھے ہوئے Classic View پر کلک کریں۔ اب I-Con کی تعداد زیادہ ہو گئی ہو گی۔
01-c-panel-vista.gif

2:- Regional and Language Options پر کلک کریں۔
3:- نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں Keyboard and Languages پر کلک کریں۔
02-language-options-1-vista.gif

4:- اب Change Keyboards پر کلک کریں۔
5:- نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں Add پر کلک کریں۔
03-language-options-2-vista.gif

6:- اب نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں آپ نے اپنی زبان اور اُس کے کلیدی تختہ یعنی Keyboard کا انتخاب کرنا ہے۔ اس ونڈو میں زبانوں کی فہرست ہے جس میں نیچے جائیں گے تو ایک جگہ Urdu (Islamic Republic of Pakistan) لکھا ہو گا، اسے کھولیں اور پھر اس کی ذیلی فہرست میں Keyboard کو کھولیں، Keyboard کی ذیلی فہرست میں آپ کا نصب کردہ کلیدی تختہ اور ساتھ ونڈوز وسٹا کا خودساختہ کلیدی تختہ ظاہر ہوں گے۔ اس میں آپ جو کلیدی تختہ چاہیں منتخب کر لیں۔ یہاں پر آپ ایک سے زیادہ کلیدی تختے بھی منتخب کر سکتے ہیں۔
یہاں ایک بات یاد رکھیں کہ Keyboard کی ذیلی فہرست میں اپنا نصب کردہ اردو کلیدی تختہ کی بجائے اگر آپ Urdu کو منتخب کر دیتے ہیں جو کہ ونڈوز وسٹا کا خود ساختہ اردو کلیدی تختہ ہے تو جب آپ “a” کی کنجی (Key) دبائیں گے تو “م” لکھا جائے گا اسی طرح “b” سے “ش” لکھا جائے گا جو کہ عام طور پر اردو لکھنے والے استعمال نہیں کرتے بلکہ “a” سے “الف” اور “b” سے “ب” لکھنا پسند کرتے ہیں۔ یعنی انگریزی حروف کی آواز کے مطابق اردو کے حروف۔ اس لئے بہتر ہے کہ Keyboard کی ذیلی فہرست میں صرف اپنا نصب کردہ کلیدی تختہ ہی منتخب کیا جائے۔ جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دیکھایا گیا ہے۔
04-input-language-vista.gif

7:- اب OK پھر OK اور پھر OK کرنے کے بعد کنٹرول پینل کو بند کر دیں۔

اب آپ نے جو تبدیلیاں کی ہیں وہ محفوظ ہو چکی ہیں۔ زبان کی تبدیلی کے لئے بائیں طرف کا Alt+Shift دبائیں یا پھر لینگوئج بار سے بھی زبان تبدیل کی جا سکتی ہے۔
 

بلال

محفلین
ونڈوز ایکس پی (XP) میں اردو کی تنصیب (Installation)

Windows XP میں اردو لکھنے کے لئے درج ذیل طریقہ کار پر عمل کریں جو کہ بڑی وضاحت اور کئی جگہ پر تصویر کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔

1:- اپنے کمپیوٹر پر کنٹرول پینل کھولیں جس کے لیے Start پر کلک کریں پھر Control Panel پر کلک کریں۔ کنٹرول پینل کھلنے کے بعد اگر کنٹرول پینل میں صرف دس (10) کے قریب I-Con نظر آرہے ہیں تو یہ Category View پر ہے پہلے اسے Classic View پر کر لیں یعنی بائیں طرف اوپر کی جانب لکھے ہوئے Switch to Classic View پر کلک کریں۔ اب I-Con کی تعداد زیادہ ہو گئی ہو گی۔
07-c-panel-xp.gif

2:- Regional and Language Options پر کلک کریں۔
3:- نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں Languages پر کلک کریں۔
08-language-options-1-xp.gif

4:- Install files for complex script and right-to-left languages (including Thai) کے چیک باکس کو منتخب کر دیں۔
5:- OK کرنے کے بعد Apply کر کے ونڈوز ایکس پی کی سی ڈی کمپیوٹر کے C.D Rom میں ڈالیں۔ اب چند سیکنڈ کے لئے انتظار کریں کیونکہ چند فائلز کمپیوٹر میں کاپی ہو رہی ہیں۔ کاپی ہونے کے بعد ایک پیغام ظاہر ہو گا جس کا مطلب ہے کہ کیا آپ کمپیوٹر کو ری سٹارٹ کرنا چاہتے ہیں تو اسے Yes کر دیں اور کمپیوٹر کو ری سٹارٹ ہونے دیں۔
کمپیوٹر جب دوبارہ مکمل طور پر سٹارٹ ہو جائے تو کوئی بھی اردو کلیدی تختہ (Keyboard Layout) جو آپ کو پسند ہو وہ اپنے کمپیوٹر پر نصب (Install) کریں۔
ایک اردو کلیدی تختہ آپ یہاں سے اُتار (Download) سکتے ہیں۔
عام طور پر اردو کلیدی تختہ کی تنصیب کے بعد ونڈوز ایکس پی میں اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہو جاتی ہے اور Taskbar پر Language bar نظر آنا شروع ہو جاتی ہے جیسا کہ ذیل کی تصویر میں نظر آ رہی ہے۔
13-task-bar-eng-xp.gif

اب آپ کا کمپیوٹر اردو لکھنے کے قابل ہو گیا ہے۔ جس سافٹ ویئر میں اردو لکھنی ہو وہاں پر بائیں طرف کا Alt + Shift دبائیں تو آپ کا کمپیوٹر اُس سافٹ ویئر میں اردو موڈ میں ہو جائے گا یعنی جب بھی کوئی کنجی (Key) دبائیں گے تو اردو لکھی جائے گی۔ اسی طرح کسی سافٹ ویئر کا موڈ انگریزی میں تبدیل کرنے کے لئے دوبارہ بائیں طرف کا Alt + Shift دبائیں جس سے دوبارہ انگریزی موڈ ہو جائے گا۔ اگر کسی سافٹ ویئر میں دیکھنا ہو کہ آپ کا کمپیوٹر اس سافٹ ویئر میں کس موڈ پر ہے تو ٹاسک بار پر موجود لینگوئج بار دیکھیں۔
اگر اردو موڈ پر ہو تو لینگوئج بار اس طرح ہو گی
12-task-bar-urdu-xp.gif

اگر انگریزی موڈ پر ہو تو لینگوئج بار ایسے ہو گی
13-task-bar-eng-xp.gif

مزید ایک کلیدی تختہ کو ختم کر کے دوسرا شامل کرنےلئے درج ذیل طریقہ دیکھیں۔

Start —> Control Panel —> Regional and Language Options —>Languages

09-language-options-2-xp.gif

Details پر کلک کریں۔
اب اگر آپ پہلے سے نصب شدہ اردو کلیدی تختہ کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو اس کلیدی تختہ کو منتخب کر کے Remove پر کلک کر دیں۔
نئے کلیدی تختہ کو منتخب کرنے کے لئے Add پر کلک کریں۔
10-input-language-1xp.gif

Input Language والی فہرست میں Urdu کو منتخب کریں اور Keyboard layout / IME والی فہرست میں اپنے نصب کئے ہوئے اردو کلیدی تختہ کو منتخب کریں۔ پھر OK پر کلک کریں۔
11-input-language-2-xp.gif

یہاں ایک بات یاد رکھیں کہ Keyboard layout /IME والی فہرست میں اپنا نصب کردہ اردو کلیدی تختہ کی بجائے اگر آپ Urdu کو منتخب کر دیتے ہیں جو کہ ونڈوز ایکس پی کا خود ساختہ اردو کلیدی تختہ ہے تو جب آپ “a” کی کنجی (Key) دبائیں گے تو “م” لکھا جائے گا اسی طرح “b” سے “ش” لکھا جائے گا جو کہ عام طور پر اردو لکھنے والے استعمال نہیں کرتے بلکہ “a” سے “الف” اور “b” سے “ب” لکھنا پسند کرتے ہیں۔ یعنی انگریزی حروف کی آواز کے مطابق اردو کے حروف۔اس لئے بہتر ہے کہ اپنا نصب کردہ اردو کلیدی تختہ ہی منتخب کریں۔
مزید ایک بات یاد رکھیں کہ Input Language والی فہرست میں Urdu کو ہی منتخب کرنا ہے جبکہ اردو کلیدی تختہ کا معاملہ Keyboard layout / IME والی فہرست میں ہے۔
8:- اب OK اور پھر OK کرنے کے بعد کنٹرول پینل کو بند کر دیں۔

اب آپ نے جو تبدیلیاں کی ہیں وہ محفوظ ہو چکی ہیں۔ زبان کی تبدیلی کے لئے بائیں طرف کا Alt+Shift دبائیں یا پھر لینگوئج بار سے بھی زبان تبدیل کی جا سکتی ہے۔
 

بلال

محفلین
کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے اصول

جس طرح کمپیوٹر پر انگریزی یا دوسری کوئی زبان لکھتے ہوئے کچھ اصول ہوتے ہیں اسی طرح اردو لکھتے ہوئے بھی کچھ اصول ہیں جو درج ذیل ہیں۔
1:- جہاں آپ اردو لکھ رہے ہیں وہاں تحریر کی سمت Right to Left کر لیں جو کہ دائیں طرف کے Ctrl+Shift سے ہو گی۔
2:- اگر ہو سکے تو تحریر کا رسم الخط (Font) اردو کا استعمال کریں جیسے “علوی نستعلیق”، “نفیس نستعلیق”، “پاک نستعلیق”، “اردو ویب نسخ” یا کوئی بھی اردو رسم الخط جو آپ کو پسند ہو۔ ویسے کوشش کریں کہ عام تحریر کسی نستعلیق رسم الخط میں لکھیں کیونکہ اردو پڑھنے والوں کو نستعلیق رسم الخط ہی زیادہ پسند ہے ویسے بھی اردو پڑھنے والوں کو نستعلیق کی عادت پڑ چکی ہے۔اس لئے بہتر ہے کہ کوئی نستعلیق رسم الخط ہی استعمال کریں۔
3:- اردو تحریر لکھتے ہوئے سپیس کا استعمال دھیان سے کریں نہیں تو تحریر کی خوبصورتی متاثر ہو سکتی ہے۔
جس طرح انگریزی لکھتے ہوئے ہر لفظ کے بعد سپیس دی جاتی ہے اسی طرح اردو لکھتے ہوئے بھی ہر لفظ کے بعد سپیس دی جاتی ہے اور جب کوئی فقرہ ختم ہو تو اس کے آخری لفظ کے بعد سپیس نہیں دی جاتی بلکہ آخری لفظ کے بعد ختمہ (۔) ڈالتے ہیں اور پھر اگر اسی لائن پر نئا فقرہ شروع کرنا ہو تو نئا فقرہ شروع کرنے سے پہلے سپیس دی جاتی ہے۔ اسی طرح کامہ کا استعمال کیا جاتا یعنی جب کسی لفظ کے بعد کامہ ڈالنا ہو تو اُس لفظ کے بعد سپیس دیئے بغیر کامہ ڈالتے ہیں اور پھر نئے لفظ کے شروع میں سپیس دیتے ہیں۔
مثال کے طور پر ہم دو فقرے لکھتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ کہاں کہاں سپیس دی گئی ہے۔
فقرے:- “اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔”
اب ان دونوں فقروں میں درج ذیل الفاظ کے بعد سپیس دی گئی ہے۔
“اللہ
کے
سوا
کوئی
معبود
نہیں۔
محمد

اللہ
کے
رسول
ہیں۔”
امید ہے اردو لکھتے ہوئے کہاں کہاں سپیس دینی ہے اس بارے میں آپ جان گئے ہوں گے۔ ویسے اردو تحریر میں سپیس دینے کا اصول ویسے ہی ہے جیسے انگریزی میں ہے۔
4:- جب کسی لفظ کے درمیان “ی” استعمال ہو تو وہاں پر چھوٹی “ی” لکھیں۔ اسی طرح جب کسی لفظ کے درمیان نون (ن) استعمال ہو تو وہاں نون نقطہ والا لکھیں نہ کہ نون غنہ (ں)۔
5:- اگر کسی لفظ میں الف مد (آ) لکھنا ہو تو اسے ایک کنجی (Key) سے ایک دفعہ دبا کر لکھیں نہ کہ پہلے ایک کنجی سے “الف” لکھیں اور پھر کسی دوسری کنجی یا اسی کنجی کو دوبارہ دبا کر الف کے اوپر مد ( ۤ) ڈالیں۔ عام طور پر اردو کلیدی تختہ میں الف مد (آ) Shift+a پر ہوتا ہے۔
6:- اردو کا حرف “ء” بہت زیادہ الفاظ میں استعمال ہوتا ہے۔ کمپیوٹر کی اردو میں “ء” کی کئی صورتیں ہیں یعنی کسی لفظ کے شروع میں ، درمیان میں، آخر پر، اوپر اور نیچے۔ کمپیوٹر میں اردو لکھتے ہوئے “ء” کی ہر صورت کے لئے علیحدہ علیحدہ کنجی استعمال کی جاتی ہے۔ اگر کسی لفظ کے درمیان “ء” لکھنا ہو تو اسے “ئ” لکھا جاتا ہے جو کہ عام طور پر اردو کلیدی تختہ میں “u” کی کنجی پر ہوتا ہے اور “ء” کی آخری صورت Shift+u ہوتی ہے۔
عام طور پر اردو میں “ء” درمیانی، آخری اور “و” کے اوپر لکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ “و” کے اوپر “ء” لکھنے کے لئے علیحدہ سے کنجی موجود ہے جیسا کہ الف مد (آ) پورا ایک ساتھ لکھنے کے لئے ایک ہی کنجی موجود ہے اسی طرح “و” کے اوپر “ء” لکھنے کے لئے بھی ایک ہی کنجی موجود ہے۔ عام طور پر اردو کلیدی تختہ میں “ؤ” Shift+w سے لکھا جاتا ہے۔

نوٹ:- اگر آپ کمپیوٹر پر اردو لکھتے ہوئے اصولوں کا کوئی خاص خیال نہ رکھیں تو ظاہری تحریر پر کوئی خاص فرق نہ بھی پڑتا ہو لیکن ایک تو آپ کو غلط انداز تحریر کی عادت پڑ جائے گی اور دوسرا جو بہت اہم ہے وہ یہ کہ جب آپ یا کوئی دوسراآپ کی تحریر سے کوئی لفظ تلاش کرنا چاہے گا تو آپ کو یا کسی دوسرے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 

بلال

محفلین
کمپیوٹر کی “اردو” اور “تصویری اردو” میں فرق

سب سے پہلے ایک بات یاد رکھیں کہ کمپیوٹر کی دنیا میں جس تحریر کو کمپیوٹر سمجھتا ہے وہی اصلی تحریر ہے۔
اب آتے ہیں اردو کی طرف ۔آسان الفاظ میں ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ کمپیوٹر جس اردو تحریر کو مکمل سمجھے اسے ہی کمپیوٹر کی اردو کہا جائے گا۔ اب جیسے ہم کسی فائل یا فولڈر کا نام رکھتے ہیں تو کمپیوٹر اس نام کی پہچان رکھتا ہے اور ہمارے تلاش کرنے پر تلاش کر کے مہیا کر دیتا ہے۔ اسی طرح کسی تحریر میں جب ہم کچھ تلاش کرنا چاہیں تو کمپیوٹر ہمیں تلاش کر کے نتائج دیتا ہے۔
شروع میں کمپیوٹر کے اینکوڈنگ سسٹم میں اردو کی سپورٹ شامل نہیں تھی جس کی وجہ سے کمپیوٹر پر براہ راست اردو لکھنا ممکن نہیں تھا۔ لیکن اردو والوں کی لگن نے کمپیوٹر پر اردو لکھنا ممکن بنایا اور کچھ ایسے سافٹ ویئر بنائے جن کی مدد سے کمپیوٹر پر اردو لکھنا ممکن ہوا۔جیسا کہ صدف، شہکار اور ان پیج وغیرہ نے کمپیوٹر پر اردو لکھنا ممکن بنایا۔ ان سافٹ ویئر کی اردو تحریر یا تو انہیں سافٹ ویئرز میں نظر آتی تھی یا پھر کسی ایک دو سافٹ ویئر میں کاپی پیسٹ ہو سکتی تھی لیکن ان سافٹ ویئرز کی اردو تحریر کو کمپیوٹر براہ راست سمجھ نہیں سکتا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ان سافٹ ویئرز میں اردو کے حروف اور الفاظ کی تصاویر شامل کر دی گئی تھیں۔ جب کوئی کنجی(Key) دبائی جاتی تو اس کے متبادل اردو کی تصویر سامنے آ جاتی۔ یہ سب کام یہ سافٹ ویئر خود ہی کرتے تھے یعنی آپریٹنگ سسٹم کا اینکوڈنگ سسٹم استعمال نہیں کرتے تھے۔
کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی ترقی کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کی مزید ضرورت محسوس ہوئی تو اردو والوں نے انہیں سافٹ ویئرز سے اردو تحریر کو تصویر میں تبدیل کر کے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ کیونکہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر انگریزی کی طرح براہ راست اردو لکھنا ممکن نہیں تھا۔ اس لئے تصویری اردو سے ہی کام چلایا جاتا۔ وقت کے ساتھ ساتھ یونیکوڈ اینکوڈنگ سسٹم نے ترقی کی اور دنیا کی بڑی کمپنیوں نے اسے استعمال کرنا شروع کر دیا اور سب سے بڑ کر یونیکوڈ والوں نے اردو کی سپورٹ دی ۔ اور یوں انگریزی کی طرح کمپیوٹر پر براہ راست اردو لکھنا بھی ممکن ہوا۔
جس طرح کسی فائل کا نام یا کسی بھی سافٹ ویئر میں انگریزی لکھی جاتی ہے بالکل اسی طرح اب ہم اردو بھی لکھ سکتے ہیں۔ لیکن جب تصویری اردو کا زمانہ تھا تب یہ ممکن نہیں تھا کیونکہ کمپیوٹر تصویری اردو کو کوئی تحریر نہیں سمجھتا تھا بلکہ ایک عام تصویر ہی سمجھتا تھا لیکن اب ایسا نہیں کیونکہ اب تصویری اردو نہیں بلکہ یونیکوڈ کی وجہ سے بالکل انگریزی تحریر کی طرح کمپیوٹر میں کسی بھی جگہ کسی بھی سافٹ ویئر میں اردو تحریر لکھی جا سکتی ہے۔
مندرجہ بالا تھوڑی بہت تفصیل سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کمپیوٹر کی “اردو” وہی ہے جیسے کمپیوٹرباقی زبانوں کی طرح لکھتا اور سمجھتا ہے۔ “تصویری اردو” ایسے ہی ہے جیسے کوئی دوسری تصویر۔
جیسا کہ ہم دنیا کے ساتھ ساتھ ترقی نہیں کر رہے ایسے ہی ہمارے کچھ دوست جو اپنے کام کمپیوٹر پر سرانجام دینے کے لیے کمپیوٹر پر اردو لکھتے ہیں مگر وہ آج بھی اُسی پرانے زمانے میں ہیں جہاں اردو تصویری تھی۔ یہی حال ہمارا انٹرنیٹ پر بھی ہے۔ لیکن کچھ ایسے بھی دوست ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ اردو کو بھی جدید تکنیک کے مطابق لکھتے ہیں۔ ویسے بھی تصویری اردو کو کمپیوٹر ایک تصویر ہی سمجھتا ہے لیکن اب یونیکوڈ کی وجہ سے کمپیوٹر کی اردو وجود میں آ چکی ہے جسے کمپیوٹر دوسری زبانوں کی طرح لکھتا بھی ہے اور سمجھتا بھی ہے۔ اور جب ہم کمپیوٹر کو اردو میں کوئی سوال کرتے ہیں تو وہ ہمیں جواب بھی دیتا ہے جبکہ تصویری اردو میں ایسا ممکن نہیں تھا۔ اس لئے اے اردو والوں آج سے تصویری اردو کو چھوڑو، کمپیوٹر پر اردو کی تنصیب (Install)کرو اور کمپیوٹر کی اصل اردو کی طرف آ جاؤ۔ ویسے بھی کمپیوٹر پر اردو کی تنصیب کوئی مشکل نہیں بلکہ ایک دو منٹ میں آپ اپنے کمپیوٹر میں اردو کی تنصیب کر سکتے ہیں۔
 

بلال

محفلین
اردو کلیدی تختہ (Urdu Keyboard Layout)

کلیدی تختہ (Keyboard) کی تمام کنجیوں یعنی Keys پر حروف ایک خاص ترتیب سے لکھے ہوتے ہیں۔ اس خاص ترتیب کو کی بورڈ لے آؤٹ (Keyboard Layout) کہا جاتا ہے۔ جس میں یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ فلاں کنجی دبانے سے کونسا حرف لکھا جائے گا اور فلاں دبانے سے کونسا۔ یہ ایک چھوٹا سا پروگرام ہوتا ہے۔ زیادہ تر زبانوں کے لئے یہ چھوٹا سا پروگرام پہلے سے ہی مائیکروسافٹ ونڈوزیا دوسرے آپریٹنگ سسٹم میں موجود ہوتا ہے۔ انگریزی لکھنے کے لئے دنیا میں ایک معیار بنا دیا گیا ہے کہ فلاں کنجی سے فلاں حرف اور فلاں سے فلاں۔ اسی لئے ہمارے کلیدی تختہ(Keyboard)پر انگریزی کے حرف پہلے سے ہی لکھے ہوتے ہیں اور کمپیوٹر کے تمام اپریٹنگ سسٹم میں اس کا چھوٹا سا پروگرام پہلے سے موجود ہوتا ہے۔ ویسے تو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں اردو کے لئے پروگرام پہلے سے ہی موجود ہے جو یہ فیصلہ کرتا ہے کہ کس کنجی سے کیا لکھا جائے۔ اس میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے لوگ جو کمپیوٹر پر اردو لکھتے ہیں زیادہ تر ایسی ترتیب استعمال کرتے ہیں جو اردو کے پرانے سافٹ ویئر میں موجود تھی۔ جیسے عام طور پر “A” کی کنجی سے “الف” اور “B” کی کنجی سے “ب” لکھا جاتا ہے۔ لیکن ونڈوز میں یہ ترتیب موجود نہیں بلکہ “A” سے “م” اور “B” سے “ش” لکھا جائے گا۔ اس مسئلہ کو ختم کرنے کے لئے آپ خود سے اپنا کلیدی تختہ (Keyboard Layout) بنا سکتے ہیں۔ پھر جس کنجی سے جو لکھنا چاہیں وہ ترتیب دے لیں۔ ویسے کلیدی تختہ عام طور پر اردو کی کچھ ویب سائیٹ سے بنا بنایا مل جاتا ہے۔ ایک اردو کلیدی تختہ آپ یہاں سے بھی اُتار(Download) سکتے ہیں۔
 

بلال

محفلین
رسم الخط(Font) کیا ہے؟

یوں تو کمپیوٹر کی دنیا میں داخل ہونے والا ایک عام انسان بھی رسم الخط (Font) کے بارے میں جانتا ہے لیکن کئی بار ایسا دیکھنے اور سننے کو ملا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے کچھ لوگ رسم الخط کے بارے میں کچھ خاص نہیں جانتے۔ ایک دفعہ ایک دوست کمپیوٹر میں اردو لکھنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن کامیاب نہ ہو سکا تو مجھ سے رابطہ کیا۔ موصوف کہتے ہیں کہ جناب ہم نے رسم الخط (Font) اپنے کمپیوٹر میں نصب کیا ہے لیکن پھر بھی اردو نہیں لکھ پا رہے۔ پھر انہیں رسم الخط کے بارے میں کچھ بتایا تو جناب کو سمجھ آئی۔ اب میں نے سوچا ہو سکتا ہے کہ میرے اُس دوست جیسے کئی لوگ موجود ہوں جو رسم الخط کے بارے میں کچھ خاص نہ جانتے ہوں تو اس لئے میں یہاں رسم الخط کے بارے میں کچھ وضاحت کر دیتا ہوں۔
عام طور پر ہر بندے کا ہاتھ سے لکھنے کا انداز الگ الگ ہوتا ہے۔ کوئی بڑا بڑا لکھتا ہے تو کوئی چھوٹا چھوٹا کوئی خوبصورت لکھتا ہے تو کوئی عجیب عجیب لکھتا ہے۔ بس اس لکھنے کے انداز کو ہی رسم الخط یعنی فونٹ (Font) کہتے ہیں۔ کمپیوٹر میں بھی لکھائی کے مختلف انداز یعنی رسم الخط (Font) موجود ہوتے ہیں جو ہمیں پسند ہو وہ ہم استعمال کر لیتے ہیں اور اُس کا جو سائز چاہیں کر لیتے ہیں پھر سیدھا یا ٹیڑھا بھی کر لیتے ہیں۔ کمپیوٹر کی دنیا میں ہر رسم الخط کا کام صرف اور صرف ہمیں لکھائی ایک خاص انداز میں دکھانا ہوتا ہے۔ کمپیوٹر کو لکھائی کے انداز سے کوئی غرض نہیں کمپیوٹر بس یہ دیکھتا ہے کہ آپ کونسی زبان اور کیا لکھ رہے ہیں۔ کمپیوٹر میں رسم الخط کو اگر تکنیکی انداز میں دیکھیں تو رسم الخط بناتے ہوئے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ کس عدد کے متبادل کونسے حرف یا لفظ کی شکل دیکھانا ہے۔ اصل میں ہوتا یہ ہے کہ جب ہم کسی زبان کا انتخاب کر کے کوئی کنجی دباتے ہیں تو اُس کے متبادل ایک خاص عدد کمپیوٹر کو ملتا ہے پھر کمپیوٹر ہمارے منتخب کیے ہوئے رسم الخط پر جاتا ہے اور دیکھتا ہے کہ جو عدد مجھے ملا ہے رسم الخط میں اس عدد کے متبادل کونسی شکل موجود ہے۔ جب اسے عدد کے متبادل شکل ملتی ہے تو کمپیوٹر اُس شکل کو ہماری مانیٹر سکرین پر ظاہر کر دیتا ہے۔
ان سب باتوں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ رسم الخط کا کام صرف اور صرف تحریر کا انداز یعنی کمپیوٹر کو اعداد کے بدلے حروف یا الفاظ کی شکل مہیا کرنا ہے۔ کمپیوٹر میں اردو، انگریزی یا کوئی بھی زبان لکھنے سے رسم الخط کا صرف اور صرف اتنا تعلق ہے کہ وہ آپ کو لکھائی کس انداز میں دکھائے۔ باقی آپ کمپیوٹر میں کونسی زبان لکھنا چاہتے ہیں اس سے رسم الخط کا کوئی تعلق نہیں۔
اردو کے رسم الخط آپ محفل کے ڈاؤن لوڈ سیکشن سے اُتار (Download) کر سکتے ہیں۔
 

بلال

محفلین
یونیکوڈ کیا ہے؟

یونیکوڈ (Unicode) ایک ایسا نظام ہے جو کسی بھی کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم یا کمپیوٹر پروگرام میں تمام زبانوں کے ہر ایک ایک حرف کو ایک خاص عدد مہیا کرتا ہے۔ کمپیوٹر کی دنیا اس خاص عدد سے مراد صرف وہی حرف لے گی جو یونیکوڈ نے ترتیب دے رکھا ہے۔ مثال کے طور پر اردو کے حرف “ب” کو 0628 عدد دیاگیا ہے اب کسی بھی کمپیوٹر میں 0628 یونیکوڈ قدر (Unicode Value) سے مراد حرف “ب” ہی لیا جائے گا۔
حقیقت میں کمپیوٹر صرف اعداد کو ہی سمجھتا ہے۔ کمپیوٹر سکرین پر نظر آنے والے حروف، الفاظ، تصاویر اور باقی سب کے پس پردہ کمپیوٹر اعداد کے ایک پچیدہ نظام کے تحت چلتا ہے۔ اسی طرح کسی بھی چیز کو محفوظ کرنے کے لئے بھی اعداد کے نظام کو ہی استعمال کرتا ہے۔ جب صارف (User) کوئی حرف یا حروف دیکھنا چاہتا ہے تو کمپیوٹر کی یاداشت میں محفوظ اعداد کو کسی ایک نظام کے تحت حرف یا حروف میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اعداد کی حرف میں تبدیلی کے نظام کو اینکوڈنگ سسٹم (Encoding System) کہتے ہے۔ کسی بھی اینکوڈنگ سسٹم میں پہلے سے ہی یہ بات مقرر کر دی جاتی ہے کہ کس عدد کے بدلے کونسا حرف دیکھانا ہے۔ آج کل جو اینکوڈنگ سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے اسے یونیکوڈ کہتے ہیں۔ یونیکوڈ نظام سے پہلے بھی کئی نظام موجود تھے۔ جن میں زیادہ مشہور آسکی (ASCII) اور آنسی (ANSI) تھے۔ لیکن یونیکوڈ نظام سے پہلے والے نظاموں میں کئی ایک مسائل تھے۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ اُن نظاموں میں اعداد کے بدلے حروف مہیا کرنے کی تعداد بہت کم تھی۔ جو کہ کسی ایک زبان کے پورے حروف اور علامات کے لئے بھی ناکافی تھی۔ اس کے علاوہ کسی بھی نظام میں ہر کسی کی ضرورت پوری کرنے کی اہلیت نہیں تھی اس لئے مختلف ممالک اور کمپنیاں اپنی ضرورت کے مطابق مختلف اینکوڈنگ سسٹم استعمال کرتی تھیں۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوتا کہ جب ایک کمپنی کا مواد دوسری کمپنی کے کمپیوٹر پر جاتا تو مختلف اینکوڈنگ سسٹم ہونے کی وجہ سے اعداد کے بدلے حروف بھی مختلف ہو جاتے جس سے مواد میں خرابی پیدا ہو جاتی۔
لیکن یونیکوڈ والوں نے تمام مسائل کا حل تلاش کر لیا اور ایک ایسا نظام متعارف کروایا جس میں اعداد کے بدلے حروف مہیا کرنے کی تعداد بہت بڑھا دی گئی۔ یونیکوڈ نظام میں ایک زبان تو کیا دنیا کی ہر زبان کے ہر حرف کو علیحدہ عدد مہیا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔کوئی بھی آپریٹنگ سسٹم ہو، پروگرام ہو یا کوئی بھی زبان ہو یونیکوڈ میں اعداد کے متبادل حروف مہیا کرنے کی اہلیت موجود ہے۔ اس بات کو دیکھتے ہوئے تمام بڑی کمپنیاں جن میں مائیکروسافٹ، آئی بی ایم، ایپل اور اوریکل وغیرہ شامل ہیں نے یونیکوڈ کو دوسرے اینکوڈنگ سسٹم پر ترجیح دی۔ اور یوں یونیکوڈ اینکوڈنگ سسٹم ایک معیاری اینکوڈنگ سسٹم بن گیا جو آج پوری دنیا میں استعمال ہو رہا ہے۔
 

بلال

محفلین
اردو حروف کی یونیکوڈ قدریں(Values)

کمپیوٹر پر اردو کے لئے کچھ پروگرام ، سافٹ ویئر، کی بورڈ لے آؤٹ یا رسم الخط (Font) بنانے کے لئے ہمیں اکثر یونیکوڈ قدروں کی ضرورت پڑتی ہے جن کا مکمل جدول یونیکوڈ کی ویب سائیٹ www.unicode.org سے مل جاتا ہے۔ اُس جدول میں اردو کے علاوہ دیگر زبانوں کے حروف کی بھی یونیکوڈ قدریں موجود ہوتی ہیں جن میں اردو کی یونیکوڈ قدریں تلاش کرنا زیادہ تر لوگوں کے لئے مشکل ہوتا ہے۔ تلاش کو آسان کرنے کے لئے میں یہاں اردو کے حروف اور دیگر ضرورت کی یونیکوڈ قدریں پیش کر رہا ہوں۔
14-urdu-unicode-values.gif
 

بلال

محفلین
اردو کلیدی تختہ بنانا

کلیدی تختہ بنانے کے لئے آپ کو مائیکروسافٹ کا ایک پروگرام Microsoft Keyboard Layout Creator استعمال کرنا پڑتا ہے۔ یہ مفت کا سافٹ ویئر ہے جو آپ کو مائیکروسافٹ کی ویب سائیٹ سے مل جائے گا۔
مزید ہم یہاں اس سافٹ ویئر کا استعمال اور اس سے کلیدی تختہ کیسے بناتے ہیں بیان کرتے ہیں۔
Microsoft Keyboard Layout Creator کو انسٹال کرنے کے لیے ہو سکتا ہے آپ کو Microsoft .NET Framework کی بھی ضرورت پڑ جائے۔ اسے بھی آپ مائیکروسافٹ کی ویب سائیٹ سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ Microsoft Keyboard Layout Creator کو انسٹال کرنے کے بعد آپ اسے کھولیں تو نیچے دی گئی تصویر کی طرح کی ونڈو آپ کے سامنے آ جائے گی۔
15-mklc-1.gif

Microsoft Keyboard Layout Creator میں ایک سادہ کی بورڈ نظر آرہا ہے۔ اب اس سادے کی بورڈ پر آپ نے اردو حروف داخل کرنے ہیں۔ حرف داخل کرنے کے لئے آپ اُس کنجی پر کلک کریں اور نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں حرف کی یونیکوڈ قدر داخل کر کے Alt+x دبائیں۔ یوں یونیکوڈ قدر حرف میں تبدیل ہو جائے گی۔ اس کے بعد Ok کر دیں۔ اگر آپ Shiftکے ساتھ بھی کوئی حرف لکھنا چاہتے ہیں تو Microsoft Keyboard Layout Creator میں بائیں طرف جہاں Shift لکھا ہے وہاں چیک کر دیں توشفٹ کے ساتھ لکھنے والی کنجیاں ظاہر ہو جائیں گی جس میں آپ پہلے کی طرح ہی حروف داخل کر سکتے ہیں۔ تمام حروف داخل کرنے کے بعد بنائے ہوئے کلیدی تختہ کو کمپیوٹر پر نصب (Install)کرنے کے قابل بنانے کے لئے آپ Microsoft Keyboard Layout Creator میں اوپر Project پر کلک کریں پھر Properties پر کلک کریں۔ نئی ظاہر ہونے والی ونڈو میں اپنے کلیدی تختہ کا Name اور دیگر معلومات داخل کریں جیسا کہ تصویر میں نظر آ رہا ہے۔
16-mklc-2.gif

اس کے بعد بنائے ہوئے کلیدی تختہ کی سورس فائل کو اپنے کمپیوٹر میں جہاں چاہیں محفوظ کر لیں اس کے بعد دوبارہ Project پراور پھر Build DLL and Setup Package پر کلک کریں۔ اس طرح آپ کے کلیدی تختہ کی سیٹ اپ فائل تیار ہونا شروع ہو جائے گی اور ایک پیغام ظاہر ہو گا جس کا مطلب ہو گا کہ کیا آپ لاگ فائل دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں؟ یہ آپ کی مرضی ہے کہ آپ لاگ فائل دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں اس کے بعد پھر ایک پیغام ظاہر ہو گا جس کا مطلب ہو گا کہ آپ کی سیٹ اپ فائل بن چکی ہے کیا آپ وہ فولڈر دیکھنا چاہتے ہیں جہاں آپ کی سیٹ اپ فائل محفوظ ہوئی ہے۔
یوں آپ کی Working Directory جو کہ عام طور پر My Documents ہوتی ہے میں ایک فولڈر محفوظ ہو جائے گا اس فولڈر کا نام وہی ہو گا جو آپ نے Properties میںName دیا تھا۔ اس فولڈر میں مزید کچھ فائلیں اور فولڈر بھی ہوں گے۔ یہ تمام فائلیں اور فولڈر کلیدی تختہ کے لئے ضروری ہیں اورسب سے اہم فائل Setup کے نام سے ہو گی جس پر آپ ڈبل کلک کریں گے تو کلیدی تختہ آپ کے کمپیوٹر میں نصب ہو جائے گا۔
My Documents یعنی آپ کی Working Directory میں محفوظ ہونے والے فولڈر کو جہاں چاہیں کاپی کریں اور اردو کی ترویج کے لئے جیسے چاہیں دیں۔
مزید آپ بنا بنایا اردو کلیدی تختہ یہاں سے اُتار (Download)کر سکتے ہیں
 

بلال

محفلین
میں نے اردو کی ترویج کے لئے یہ ایک چھوٹی سی کوشش کی ہے جو باقی اردو کے لئے کام کرنے والوں کے سامنے کچھ بھی نہیں۔ اگر مجھ سے کہیں کوئی غلطی ہو گئی ہو تو مہربانی کر کے مجھے سمجھا دیں تاکہ مزید بہتر کیا جا سکے۔۔۔
شکریہ
والسلام
ایم بلال
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
محترم جناب ایم بلال جی
جزاک اللہ
ماشااللہ ،
بہت مفید اور اچھی معلومات سے نوازا ہے ۔
یقین کریں مجھے ان معلومات کی اشد ضرورت تھی ،
بہت شکریہ
اللہ کرے زور علم و عمل اور زیادہ آمین
نایاب
 

بلال

محفلین
السلام علیکم
محترم جناب ایم بلال جی
جزاک اللہ
ماشااللہ ،
بہت مفید اور اچھی معلومات سے نوازا ہے ۔
یقین کریں مجھے ان معلومات کی اشد ضرورت تھی ،
بہت شکریہ
اللہ کرے زور علم و عمل اور زیادہ آمین
نایاب

اس چھوٹی سی کاوش کو پسند کرنے کا بہت شکریہ۔
چلیں ہماری وجہ سے کسی کو تو فائدہ ہوا۔ بس میرا لکھنے کا مقصد پورا ہو گیا ہے۔
دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔
اللہ تعالٰی آپ کو خوش رکھے۔آمین
والسلام
 

شمشاد

لائبریرین
بلال بھائی میری دعا ہے اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ آپ نے بہت زبردست کام کیا ہے۔ اس سے بہتوں کا بھلا ہو گا۔
 

بلال

محفلین
بلال بھائی میری دعا ہے اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ آپ نے بہت زبردست کام کیا ہے۔ اس سے بہتوں کا بھلا ہو گا۔

شکریہ شمشاد بھائی۔ باقی یہاں آپ کی طرح کے بہت ماہر لوگ موجود ہیں۔ میری آپ سے اور باقی ماہروں سے گذارش ہے کہ ایک بار پڑھیں ضرور تاکہ اگر کوئی غلطی ہو تو اسے ٹھیک کیا جا سکے۔۔۔شکریہ
 

شمشاد

لائبریرین
بلال بھائی میں نے پڑھا بھی ہے اور پی ڈی ایف فائل بھی اتار لی ہے۔ ماشاء اللہ بہت اچھا Tutorial لکھا ہے۔
 

بلال

محفلین
بلال بھائی میں نے پڑھا بھی ہے اور پی ڈی ایف فائل بھی اتار لی ہے۔ ماشاء اللہ بہت اچھا Tutorial لکھا ہے۔

شمشاد بھائی آج میں دیکھا تو پتہ چلا کہ کچھ خامیاں رہ گئی تھیں جو میں نے درست کر دی ہیں یہاں محفل پر بھی اور پی ڈی ایف فائل میں بھی اگر آپ چاہیں تو پی ڈی ایف فائل دوبارہ اُتار لیں کیونکہ اب میں نے ٹھیک کر اپلوڈ کی ہے۔شکریہ
 
Top