ہمارے جاننے والوں میں سے ایک نے اچانک یہ سوال پوچھ لیا کہ اردو میں سب سے پہلے شعر کہنے والا کون ہے...اور اس کا باعث کیا ہوا تھا....اس کے اردو شعر کو لوگوں نے پہلے پہل کس نظر سے دیکھا تھا....یہ ہیچمداں تو اس کا جواب دینے سے قاصر تھا.. اس لیے محفلین کے سامنے اس سوال کو پیش کررہا ہوں..
السلام علیکم! خالص تحقیقی نو عیت کا سوال ہے۔ پہلے تو یہ شک دور کر لیجیے کہ ولی دکنی اردو کا پہلا شاعر تھا یا نہیں۔ وہ ہر گز اردو کا پہلا شاعر نہیں تھا، محمد حسین آزاد نے آبِ حیات میں اسے باوا آدم اس لیے کہا کہ ریختہ گوئی میں اس نے نام کمایا اور اردو شاعری کو فارسی سے الگ شناخت دی لیکن اس سے وہ اردو شاعری میں اولیت کا حقدار نہیں گردانا جا سکتا۔ آبِ حیات میں بہت سے حوالے نہیں ہیں، بہت سی غلطیاں ہیں اور بہت کچھ جان بوجھ کر کہا یا کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر غالب کا درجہ ذوق سے کم کردیا، میر تقی میر کو بد دماغ شاعر کہا وغیرہ ۔ گوکہ اس پر بہت زیادہ بحث ہوچکی ہے اور میں مسعود حسین رضوی، حافظ محمود شیرانی ، قاضی عبدالودود و مالک رام کے موقف کو اس بارے میں پڑھ چکا ہوں اس لیے اس پر بحث نہیں کروں گا۔ مختصر یہ کہ ولی دکنی سے قبل شعرا کرام کے تین ادوار گزر چکے تھے۔ ہمارے ہاں قلی قطب شاہ کی اولیت کی جو بحث ہے وہ اس حد تک درست ہے کہ وہ پہلے صاحبِ دیوان شاعر تھے لیکن یہ بحث تحقیق نے امیر خسرو اور خواجہ مسعود تک لا کر ختم نہیں کی بلکہ تحقیق در تحقیق کے دروازے کھول دیے ہیں۔ عین ممکن ہے کچھ عرصے بعد کوئی اور صاحبِ دیوان شاعر نکل آئے۔ اردو میں تحقیق کرتے ہوئے، بالخصوص جب ہم تاریخی تحقیق کا ذکر کرتے ہیں تو بڑی حد تک تذکروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے، ایم فل کے دوران مجھے تدوینِ متن کی روایت کا آغاز جاننے کے لیے تذکروں کا سرسری مطالعہ کرنا پڑا۔سلطانہ بخش صاحبہ کی کتاب میں ہی دو سو کے قریب تذکروں کا ذکر مل گیا۔اب ایسی صورت میں کیا کیا جا سکتا ہے ؟ ایک صاحب نے پنجاب یونیورسٹی سے غالب کے ایک استاد شاعر پر تحقیق کر کے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، اس کا مطلب یہ ہے کہ تحقیق جاری ہے، بہت سے نئے نام سامنے آرہے ہیں۔ بہر حال کسی حد تک فی الحال
خواجہ مسعود کو پہلا شاعر تصور کیا جا سکتا ہے۔
جب تک تمام اردو شعرا کی دریافت نہیں ہوجاتی، ان کا کلام نہیں مل جاتا اور اس کی زمانی تحقیق کے مطابق سائنسی پرکھ نہیں ہوجاتی، تب تک کسی بھی شاعر کو حتمی طور پر اولیت کا تاج پہنانا درست نہیں۔
دوسرا سوال خالص فلسفیانہ ہے کہ شعر کیوں کہا گیا یا اس کا سبب کیا تھا؟ اس کے محرکات میں یقینا بہت سے نفسیاتی مسائل درپیش ہوسکتے ہیں۔ کوئی بھی شاعر حتمی طور پر یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ شاعر کسی ایک وجہ کے سبب کرتا ہے۔ اس حوالے سے بندہ ناچیز نے کچھ انٹرویوز کیے تھے جن میں سے محض ایک سوال "آپ شعر کیوں کہتے ہیں؟" کے جواب کو آرٹیکل کی صورت دے دی تھی وہ یہ ہے:
http://www.jahan-e-urdu.com/how-to-write-poetry-writer-khurram-yaseen/