اردو وکی ڈاٹ آرگ کا اجراء اور محترم نبیل

ابنِ آدم

محفلین
اسلام و علیکم،

اردو کی اس خوبصورت ویب سائیٹ پہ میں پہلے بھی آچکا ہوں مگر لکھنے کا اتفاق آج ہورہا ہے (تقریب کچھ تو بہرملاقات چاہیئے) اور اس پیغام کو لکھنے کی وجہ محترم نبیل صاحب کا شکریہ ادا کرنا تھا جن کی اردو سے محبت، محنت، اردو سافٹ وئیرز میں مہارت اور سب سے زیادہ اپنے اس علم کو اردو زبان کی خدمت اور ترقی و ترویج کے لیئےعوام الناس میں پھیلانے کے بے لوث جذبے کی وجہ سےہمارے ہاں اردو وکی کا باقاعدہ اجراء ہوسکا۔
ویسے تو ہمارے پاس ویب سائیٹ http://www.UrduWiki.org پہلے سے تھی مگر مطلوبہ مہارت اورکم علمی کی وجہ سے اردو کے آن لائن وکی ویب سائٹ بنانے کا خواب بس خواب ہی رہا اور عملا اس کو پورا کرنا کم از کم ایک عرصے تک ہمارے لئے نا ممکنات میں سے رہا۔
دل کو ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ کاش خدا کا کوئی قابل بندہ، کوئی اردو زبان کا ہونہار فرزند اردو کے اس قرض کو اتارنے کی طرف توجہ کرے اور اسطرح سے ہماری مدد بھی ہوجائے بہرکیف ہماری دعا اور خواہش پوری ہوئی اور الحمدو للہ اب اس خواب کونبیل بھائی کی کاوش کی وجہ سے شرمندہ تعبیر ہونے کی صورت ملی توبمطابق حدیث (لا یَشُکُرُ اللہ مَن لا یَشکُرُ الناَسَ ) اپنے تئیں ہم نے لازم ضروری خیال کیا کہ نبیل صاحب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جائے کہ ویسے بھی ناقدین کی دنیا میں کبھی کمی نہیں رہی اور دیدہ ور کے لئے تو نرگس ہمیشہ سے ہی ترستی رہی ہے۔

اگراردوزبان کے الفاظ کی ھمہ گیر لطافت، دلآیز چاشنی، معانی آفرینی اورلطیف انسانی جذبات کی تصویر کشی اور عکاسی کا سلیقہ صیح طور سے انٹرنیٹ پہ آسکے تو پھر توہماری دانست میں بلا کم و کاست اردو زبان کی خوبصورتی کا مقابلہ کرنے کےطاقت شاذ ہی کسی اور زبان کو ہو۔
اور اگر ایسا کبھی مستقبل میں ہوسکاتو ہم یہ نہیں کہیں گے کہ سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے بلکہ اردو زبان خود بزبانِ حال پکار پکار کے کہے گی

ہوتا ہے نہاں گرد میں صحرا مرے ہوتے
گھستا ہے جبیں خاک پہ دریا مرے آگے
پھر دیکھیئے اندازگُل افشانی گُفتار
رکھ دے کوئی پیمانہ صہبا مرے آگے

خیر اندیش

ابن آدم
http://www.UrduWiki.org
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

ابن آدم، آپ کا تعریف کرنے کا بہت شکریہ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ کو اردو میڈیا وکی پسند آئے گا۔ میں نے کوئی ایسا خاص کام نہیں کیا۔ محض پہلے سے موجود میڈیا وکی سوفٹویر کی سٹائل شیٹ میں تبدیلی کرکے اور اس میں ویب پیڈ انٹگریٹ کردیا ہے۔

میرے جو دوست بھی کسی ویب سائٹ کا آغاز کرتے ہیں، ان سے میں ہمیشہ عرض کرتا ہوں کہ کسی ویب سائٹ کا انتظام سنبھالنا اور اسے بہتر بنانا کافی محنت کا کام ہوتا ہے۔ اس لیے بہتر ہوتا ہے کہ ویب سائٹ کا نظام سنبھالنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی جائے جو اس میں بہتری لا سکے۔

اردو میڈیا وکی اگرچہ قابل استعمال ہے لیکن اس میں بہتری کی گنجائش رہے گی۔

آپ مختصراً اگر اردو وکی ڈاٹ آرگ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتا دیں تو اس سے بھی ہماری معلومات میں اضافہ ہوجائے گا۔

والسلام
 

ابنِ آدم

محفلین
وعلیکم سلام نبیل،
آپ کسر نفسی سے کام لے رہے ہیں وگرنہ آپ کا یہ کارنامہ کوئی چھوٹی بات نہیں اور اس کے لئے آپ کی تعریف و توصیف میں ہم اور آپ دونوں حق بجانب ہیں۔ ہماری دانست میں فی ذاتہِ اردو وکی یقیناً بہت سے دوسرے اردو سافٹ ویئرز میں بلاشبہ ایک ایسا سافٹ وئیر ہے جس کے استعمال اور انٹرنیٹ کے اردو دان طبقے کی مدد سے انٹرنیٹ پہ استعمال کی جانے والی زبانوں میں اردو ویب سائیٹس کے ایک خاموش انقلاب کا لایا جاناممکن ہوسکا ہے میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ ہم اس سے گویا دنیا ہی فتح کرلیں گے مگر آپ غور کریں تو ہندوستان کی مثال شاید زیادہ موزوں معلوم ہوتی ہےہندستان کی تقریباً تمام آبادی ہی اردو زبان جانتی ہے اور اردو بولنے والوں کو محبت اور نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے (بشکریہ انڈین فلم انڈسٹری کہ حکومت ہند کی آزادی سے لے کے ابتک اردو زبان کے ساتھ غیریت کا برتاؤ اور پھر ایک خاموش پالیسی کے ذریعے اردو زبان کو غیر محسوس طریقے سے لازمی نصاب سے نکالنےکے بدنیتی پہ مبنی جیسے فیصلوں کے باوجود کوئی دوسری زبان ہندوستانی عوام الناس میں اردو جیسی قبولیت عام کا درجہ حاصل نہیں کرپائی۔ میر، داغ، غالب، حسرت جیسے کلاسیکل شعراء سے لے کے فیض، فراز، احمد ندیم قاسمی جیسے اردو شعراءکی ایک انتہائی با صلاحیت اور خون جگر سےاس کی پرورش کرنے کی غرض سے اپنی زندگیاں وقف کرنے والی فوج ظفر موج کی خدمات کی مثال دنیا میں سوائے انتہائی پرانی زبانوں جیسے عربی اور فارسی کے دوسری زبانوں میں پیش کرنی بہت مشکل ہے۔
معذرت چاھتے ہیں کہ بات دوسری طرف چل نکلی ہے لہذا واپس موضوعِ سخن کی طرف لوٹتے ہیں آپ کا کہناانتہائی بجا کہ کسی بھی اردو ویب سائیٹ (بلکہ کسی بھی ویب سائیٹ) کے لئے ایک ٹیم میسر ہو تو زیادہ سہولت ہوتی ہے اور یہ بات بھی سچ ہے کہ دل میں محبت ہو تووقت کے ساتھ ساتھ کچے دھاگے سے بھی اردو کے چاہنے والے بندھے چلے آئیں گے (ہماری مثال آپ کے سامنے ہے :) ) اور کچھ کو دعوت دینی ہوگی تو امید ہے کہ رفتہ رفتہ کچھ نہ کچھ منظم اپنی مددآپ کے تحت اردو وکی کو آگے بڑھانے کا سلسلہ چل نکلے گاپہلا بنیادی کام تو اردو وکی ویب سائیٹ کا اجراء تھا جو الحمدو للہ آپ کی کرم فرمائی سے بآسانی ہوگیا باقی فی الحال ابھی ایک بالکل نئی ویب سائیٹ ہونے کی حیثیت سے ابھی کچھ ٹائم تولگے گا۔
اغراض و مقاصد،
اردو وکی کے اغراض و مقاصدبینہ وہی ہیں جو کسی بھی اردوزبان کی ترقی و ترویج کے لئے کسی بھی اردو ویب سائیٹ کے ہیں۔ ہمیں اس بات کا بخوبی علم ہے کہ وکی سافٹ وئیرز والوں نے بھی دوسری زبانوں کی طرح اردو زبان کا ایک سیکشن شروع کر رکھا ہے جو کہ قابل ستائش امر ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ان کا غیراز زبان ہونے کے باوجود اس کو جاری کر دینا ہمارے جیسے کم علم کے نزدیک بہر طور اردو دان طبقے کے لئے باعث شرم ہونے کے علاوہ ان کو میدان عمل میں کود پڑنے کی دعوت عام بھی تھی گو کہ یہ بات بھی اپنی جگہ بالکل درست ہے کہ ہمارا ان سے یا کسی بھی ویب سائیٹ سے کوئی مقابلہ نہیں (اور نہ ہی ہم اپنے تئیں کسی قابل سمجھتے ہیں) مگر ہمیں تو اپنا حق ادا کرنا ہے چاہے ہمارا کردار انتہائی چھوٹا ہی کیوں نہ ہو
توآخر میں بس اتنا عرض کردوں کہ اردو وکی ویب سائٹ کا اصل مقصد آپ جیسے قابل دوستوں کی محبت اور تعاون اور اپنی حقیر سے کوشش سے اردو زبان کی انٹرنیٹ ترقی و ترویج میں اپنا کردار ادا کرنے کا ہے تاکہ دنیا اردو زبان کی ھمہ گیر آفاقیت، شیرینی اور مٹھاس سے کما حقہُ لطف اندوز ہوسکے۔
جیسے فارسی شاعر حافظ نے ایک جگہ لکھا ہے

غزل گفتی و دُر سفتی بیاؤ خوش بخواں حافظ
کہ بر نظمِ تو افشاند فلک عقدِ ثریا را۔۔۔۔۔

(اے حافظ تو نے غزل کہی، اور موتی پروئے، آ اور خوش الحانی سے پڑھ
اسلئے کہ آسمان تیری نظم پر ثریا کے ہار نچھاور کرے گا)

اور ہاں اردو وکی اپنی موجودہ شکل میں بھی بلاشبہ نہایت کارآمد ہے جیسا کہ پہلے بھی عرض کرچکے ہیں اس کے علاوہ ہمیں امید ہے کہ آپ وقتاً فوقتاً اردو وکی میں نئی اور بہتر تبدیلیاں کر کے اس کے استعمال کو مزیدآسان اور مزید دوسرے سافٹ وئیرز سے منسلک کرنے جیسی خاصیتیں ایجاد کر کےمزید ممنون احسان فرماتے رہیں گے
 

جیسبادی

محفلین
مگر بات سمجھ نہیں آئی۔ اس نئی وکی پر آپ کس قسم کے مضامین رکھیں گے؟ کیا کسی خاص موضوع پر ہو گی؟ مذہب، ادب، سائنس، ویڈیو گیمز، فلمی ستاروں کے حالات؟
 

ابنِ آدم

محفلین
اوہ! یہ انتہائی اہم بات بتانا تو بھول ہی گیا معذرت خواہ ہوں جیسا کہ آپ جانتے ھیں کہ دراصل بنیادی طور پہ کسی پہ بھی وکی سافٹ وئیر کا دائرہ کار اتنا وسیع ہے کہ اس پہ مضامین رکھنے کے بارے میں کہنا مشکل ہوجاتا ہے مگر چونکہ ہم بات کر رھے ہیں اردو وکی کی، تو میرا خیال میں اس کا دائرہ کار آہستہ آہستہ شرکاء کے ساتھ ساتھ بڑھے گا ( گر دوستوں کی طرف سے حوصلہ افزائی ملی) تو اس صورت میں اردو وکی کو کسی ایک یا چند خاص مضامین تک محدود کرنا شاید مناسب نہ ہو
 

جیسبادی

محفلین
ایک طریقہ یہ ہو سکتا ہے کہ آپ اردو وکیپیڈیا کا تمام مواد زیر اثقال کر لیں

urwiki کا ڈیتابیس ڈاونلوڈ
http://download.wikimedia.org/backup-index.html
http://download.wikimedia.org/
http://en.wikipedia.org/wiki/Wikipedia:Database_download

اور پھر وہاں سے آگے بڑھیں۔ میڈیا وکی میں مواد کو درامد کرنا آسان ہے
]URL="http://meta.wikimedia.org/wiki/Importing_a_Wikipedia_database_dump_into_MediaWiki"] import [/URL]
 

ابنِ آدم

محفلین
ارے بہت خوب، آپ نے تو اتنے سارےمعاونت کے روابط مہیا کردیئے۔
ایک وضاحت چاہتا ہوں کیا مندرجہ بالا لنکس صرف اردو وکی پیڈیا کے لیئے ہیں؟ کیونکہ اوپر دیئے گئے لنکس میں سے کچھ انگریزی زبان کی طرف بھی اشارہ کر رہے ہیں۔
مزید یہ کہ پہلا لنک Database dump progress کے نتائج شو کرتا ہے تو اس صورت میں اس کا استعمال کیا ہے؟


گو کہ میں نے دوسرے کمرشل فورم سافٹ وئیرز کو کئی برسوں سے استعمال کیا ہے اس لئے ان کے تنظیمی و تکینیکی ڈھانچے سے بخوبی واقف ہوں مگر اس وکی سافٹ وئیر کو میں نے صرف چند ماہ پہلے استعمال کرنا شروع کیا ہے اور میں کیونکہ ابھی حقیتاً مبتدی اور ناواقف ہوں اسلئے وکی پیڈیا سافٹ وئیر کی ترتیب وتدوین کے بارے زیادہ نہیں جانتا اسلئے اس سلسلے میں کسی چھوٹی سے بھی راہنمائی کے لئے میں آپ کا ممنون رہوں گا۔
(خدا خوش رکھے محترم نبیل صاحب کو، کہ ان کی اس ویب سائیٹ کی وجہ سے اردو کے چاہنے والوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے سکھانے کی انتہائی مفید جگہ میسر آئی ہے۔)
 

جیسبادی

محفلین
یہ ربط تمام زبانوں کی وکیپیڈیاوں کے لیے ہیں۔ اس میں آپ urwiki تلاش کر کے اس پر کلک کریں۔

جس زبان کے سامنے dump in progress لکھا ہے، اس کا مطلب ہے کہ اس زبان کی کاپی بنائی جا رہی ہے۔ اس لیے مکمل ہونے کا انتظار کریں۔ اس کے بعد download کیا جا سکے گا۔

آخری ربط میں import کا طریقہ دیا ہے۔ آپ اپنے شماردہ پر mediawiki نصب کر کے اس میں urwiki کے dump کی درآمد کا تجربہ کر سکتے ہیں۔

کوئ مسلئہ پیش آئے تو نبیل صاحب کو زحمت دیں۔

اردو وکیپیڈیا پر کھاتہ بنا کر بھی دیکھیں کہ وہاں کام کیسے ہو رہا ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
لیکن یہ محض کومینٹ کے طور پر ہے میں سمجھا تھا کہ اخبار کی خبر ہے انٹر نیٹ پر۔
اور یہ کومینٹ کرنے والے ہیں باسط حبیب جنھوں نے اپنے آپ کو ہلا گلا، اردو آرٹ اور اردو پوئٹ ڈاٹ نیٹ کا ویب ماسٹر لکھا ہے۔ اردو پہئت ڈاٹ نیٹ کی میں نے کل ہی خبر دی تھی ایک اور جگہ۔
 

عبدالقدوس

محفلین
بھائی یہ کوئی کم نہیں‌ہے ویسے میں نے پاکستان کے انٹرنیٹ پروائڈرز اور پاشا سافٹ میں فواد باجوا بھائی کے قلم سے نبیل بھائی اور اردو محفل کی تعریف پڑھی ہے
 
Top