ابن سعید
خادم
انٹرنیٹ پر کلائنٹ (مثلاً ویب براؤزر) اور ویب سرور کے مابین پیغام رسانی کے لیے عموماً ہائپر ٹیکسٹ ٹرانسفر پروٹوکول (ایچ ٹی ٹی پی) کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انٹرنیٹ پر کوئی صفحہ ڈاؤن لوڈ کرنا، کسی ویب سائٹ میں کوئی پیغام ارسال کرنا، فائلیں اور دیگر ملٹی میڈیا مواد اپلوڈ یا ڈاؤن لوڈ کرنا، ایچ ٹی ٹی پی ان تمام کاموں کے لیے ایک مقبول عام پروٹوکول ہے۔ البتہ اس پروٹوکول میں مواد ایک سرے سے دوسرے سرے تک سادہ شکل میں منتقل کیا جاتا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی فرد یا ادارہ کسی نیٹورک کی ٹریفک میں جھانکنا شروع کر دے تو کافی سارا مواد اس کے لیے قابل رسائی ہو سکتا ہے۔ عام صفحات کے معاملے میں بظاہر یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں، البتہ اگر ایسے میں کوئی کسی سائٹ پر پاسورڈ یا کریڈٹ کارڈ وغیرہ کی تفصیلات شامل کرے تو یہ حساس معلومات کسی اور کے ہاتھ لگ سکتی ہیں اور ان کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔
انٹرنیٹ پر محفوظ مواصلات کے لیے ایچ ٹی ٹی پی کے ذریعہ پیغام رسانی کے ایک مرحلے میں تشفیر (ڈیٹا اینکرپشن) عمل میں لایا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کلائنٹ اور سرور کے مابین ہونے والی مراسلت درمیان میں کسی چھیڑ چھاڑ یا چوری سے محفوظ ہے۔ اسے ٹرانسپورٹ لئیر سیکیوریٹی (ٹی ایل ایس) یا سیکیور سوکیٹ لئیر (ایس ایس ایل) کہتے ہیں۔ایچ ٹی ٹی پی کے ساتھ ٹی ایل ایس کی سہولت شامل کر دی جائے تو اسے ایچ ٹی ٹی پی ایس کے نام سے جانا جاتا ہے۔
پچھلے کچھ عرصے سے انٹرنیٹ کی بڑی کمپنیاں اور مشہور زمانہ ویب براؤزرز ویب پر ایچ ٹی ٹی پی ایس کی ترویج کے لیے کوشاں ہیں۔ سرچ انجن اور ویب براؤزر ایچ ٹی ٹی پی ایس سائٹوں کو طرح طرح کے مراعات سے نوازتے ہیں مثلاً تلاش کے نتائج میں انہیں اوپر رکھنا یا براؤزرز کی جدید سہولیات کو محض ایچ ٹی ٹی پی ایس تک محدود رکھنا وغیرہ۔
بہر کیف کل یعنی یکم اکتوبر کو اردو ویب کے ڈمین نیم کو ٹی ایل ایس سرٹیفیکیٹ کی مدد سے ایچ ٹی ٹی پی ایس پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہم مفت ٹی ایل ایس سرٹیفیکیٹ کی فراہمی کے لیئے لیٹس اینکرپٹ کے شکرگزار ہیں۔ گو کہ حتی المقدور تمام ضروری تبدیلیاں کر دی گئی ہیں، لیکن اتنی بڑی تبدیلی کے نتیجے میں کچھ بعید نہیں کہ بعض مسائل پیدا ہوئے ہوں۔ اگر محفل گردی کے دوران آپ کا براؤزر ایچ ٹی ٹی پی ایس کے حوالے سے کسی قسم کے نقص (مثلاً ان سیکیور مکسڈ کنٹینٹ ایرر) کی طرف اشارہ کرے تو بر وقت مطلع فرمائیں۔
لگے ہاتھوں محفل کو زین فورو کے تازہ ترین مستحکم نسخے 1.5.15 پر اپگریڈ کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی کئی ایڈ آنز کو ان کے تازہ نسخوں پر اپگریڈ کر دیا گیا ہے جبکہ کئی غیر ضروری ایڈ آنز کا صفایا کر دیا دیا گیا ہے۔ یوں تو سرور پر کئی غیرمعمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں لیکن احباب کو بظاہر قابل ذکر تبدیلی فقط براؤزر کے ایڈریس بار میں سبز رنگت والے قفل کے ساتھ سیکیور ہونے کی نوید کی صورت نظر آئے گی۔