خرم
محفلین
ماشاء اللہ بہت اچھی کوشش ہے اپنی زبان کو فروغ اور رواج دینے کی۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔ آمین۔ میرا قیاس یہی ہے کہ جو بات میں کہنا چاہ رہا ہوں اس سے آپ نا صرف پہلے سے ہی آگاہ ہوںگے بلکہ اس کے لئے کسی کوشش میں بھی مصروف ہوں گے۔ اگر واقعی ایسا ہے تو اسے ایک نوآموز کی جہالت سمجھ کر درگزر فرمائیے گا۔ تو اب وہ بات جس کی اتنی تمہید باندھی گئی۔ محفل پر مختلف پیغامات و عنوانات کے تصفحہ کے دوران محسوس کیا کہ کافی سارے الفاظ و تراکیب ابھی انگلش کی استعمال کی جا رہی ہیں۔ یہ نہیں کہ اس میں کوئی خاص برائی ہے مگر زبان کا حسنِ بیان ضرور مجروح ہوتا ہے۔ اب جب ماشاءاللہ اس قدر باذوق اور متحرک ارکان اس محفل کو میسر ہیں تو کیوں نہ ایک کوشش کر ڈالی جائے کہ وہ تمام الفاظ و تراکیبِ انگریزی جو روزمرہ میں مروج ہیں ان کے مترادفات اپنی زبان میں تلاش کرکے یا ایجاد کرکے انہیں رائج کرنے کی کوشش کی جائے؟ ابتداء تو تکنیکی اصطلاحات اور بھلائے ہوئے الفاظ کو دوبارہ استعمال کرنے سے کی جا سکتی ہے۔ بادی النظر میںیہ کام مشکل تو ضرور ہے مگر اگر سب مل کر کوشش کریں تو ناممکن قطعی نہیں۔ اگر ایسی کوئی کوشش پہلے سے ہی اس محفل میں جاری ہے تو برائے مہربانی مجھے اس پر مطلع فرمائیے کہ ایسی کوششش میں شرکت میرے لئے باعثِ اطمینان ہو گی۔