میری زندگی میں استخارہ کی بے حد اہمیت رہی ہے۔بی اے کے بعد ایم اے میں ایڈمیشن لینا تھا۔ دو جامعات میں MPA،Economics,Journalism,SocialWork میں داخلہ مل ریا تھا اور میں بہت پریشان تھی کیونکہ ہر کوئی مختلف مشورہ دے رہا تھا۔ BA میں سوشل ورک لینے کی صرف ایک وجہ تھی کہ اکنامکس میں مارکس کم آتے ہیں اور سوشل ورک میں زیادہ تو اس طرح اکنامکس کو مدد ملے گی۔ میرا پورا ارادہ MPA کرنےکا تھا۔ دوسری ترجیح اکنامکس تھی۔ ہر استاد نے اپنے مضمون میں آگے بڑھنے کا کہا تو سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کس کا کہنا مانوں؟
زندگی میں پہلی مرتبہ استخارہ کیا۔ خواب میں کبھی آتا کہ سوشل ورک کی کلاسز لے رہی ہوں،کبھی آتا کہ سوشل ورک کی فیس ادا کر رہی ہوں۔اور ہر مرتبہ میں یہی سوچتی کہ نہیں اللہ تعالیٰ میں نے یہ مضمون نہیں لینا۔ بہرحال سات مرتبہ استخارہ کیا اور بڑی بے دلی سے سوشل ورک میں داخلہ لے لیا۔
پیارے نبی ًً صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق (مفہومِ حدیث) استخارہ کرنا بنی آدم کی خوش قسمتی ہے اور نہ کرنا بد قسمتی ہے۔ ایک دوسری حدیث کےمطابق جس نے استخارہ کیا ،وہ کبھی نہیں پچھتایا۔
تو الحمد للہ کبھی نہیں پچھتائی۔ ایم اےکے فوراََ بعد گریڈ سترہ کی شاندار نوکری مل گئی ۔۔۔
پھر میں نے بہت پڑھا استخارہ کے بارے میں اور ہر اہم کام کے لئے کیا بھی۔ آخر یہ بھی سمجھ آ گئی کہ استخارہ کے بعد خواب کی شرط نہیں ہے۔ اب خود بخود وہی راستہ کھل جائے گا جو ہمارے لئے بہتر ہو گا اور وہ راستہ بند ہو جائے گا جو بہتر نہیں ہو گا۔اب اپنے رب پر معاملہ چھوڑ دیا ہے ناں!
یہ اللہ سے مشورہ نہیں بلکہ اُس سے درخواست ہے کہ پیارے اللہ یہ دو یا تین(جتنے بھی) آپشنز میرے سامنے ہیں آپ اِن میں سے وُہ میرے مقدر میں لکھ دیں جو میرے لئے دنیا اور آخرت کے لحاظ سے بہتر ہو۔