اسلام آباد میں ٹوٹل چھے ٹریکس ہیں جن سے میں واقف ہوں۔ ایک دو جیپ ٹریکس ہیں جو شاہ اللہ دتا والی طرف ہیں اور خان پور کی طرف جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک اور ٹریک پیدل کا بھی ہے جو خان پور کی طرف جاتا ہے۔ مگر میرا اس پر کبھی جانا نہیں ہوا۔
ٹریل 1 اور 2:
ٹریل 1 اور 2 دونوں بائیسیکل کے ٹریکس ہیں اور چھوٹے ہیں۔ میں ان پر کبھی جانے کی زحمت نہیں کی۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ان ٹریکس پر بندر کافی تعداد میں موجود ہیں یا ہوں گے۔ کیوں کہ آغاز ٹریک پر تو کافی زیادہ تعداد میں بندر نظر آتے ہیں۔ یہ دونوں ٹریکس دامن کوہ تک جاتے ہیں سو اس لیے کبھی ان میں دلچسپی نہیں لی۔
ٹریل 3
یہ اسلام آباد کا سب سے معروف ٹریک ہے۔ اور غالبا سب سے زیادہ پرہجوم بھی۔ آپ کسی بھی لڑکے یا لڑکی سے پوچھیں گے کہ کون سے ٹریل پر گئے ہیں تو نوے فیصد جواب ہوگا۔ ٹریل تھری۔ سچ بات تو یہ ہے کہ میں اس ٹریل پر صرف اس لیے گیا تھا کہ مجھ سے بھی کسی نے کہا تھا آپ ابھی تک ٹریل تھری پر نہیں گئے۔ اور مجھے لگا کہ میں کوئی گناہ کبیرہ کر بیٹھا ہوں۔ سو پہلی فرصت میں آستانہ ٹریل تھری پر حاضری دی اور اپنے گناہوں کا مداوا کیا۔
ٹریل 4
یہ میری پسندیدہ ترین ٹریل ہے۔ غیر معروف، پورے ٹریک پر شاید آپ کو ایک یا دو لوگ ملیں۔ اور اکثر وہ بھی نہیں۔ اس ٹریل کے آگے تین مزید ٹریکس ہیں۔ جن کو انتظامیہ نے یوں بیان کیا ہے کہ
4A
یہ ٹریک گھنے درختوں سے ڈھکا ہے۔ پورے ٹریک میں بہت کم ایسی جگہیں ہیں جہاں سے آپ کو آسمان نظر آئے گا۔ عمودی ٹریک ہے۔ لیکن خوبصورت ہے بہت۔
اس ٹریک کے بارے میں میری ایک تحریر بھی ہے۔ اس ٹریک میں ایک جگہ جا کر سامنے جھیل نظر آتی ہے۔ اور پورا شہر نظر آتا ہے۔ بہت بھلا منظر ہے۔ یہ ٹریک مزید اوپر جا کر جبی (غالبا) گاؤں میں جا پہنچتا ہے۔
4B
یہ ٹریل جنگل کے درمیان سے ہوتا ہوا کویت ہاسٹل تک آتا ہے یعنی فیصل مسجد تک۔۔۔۔ اس میں چڑھائی نہیں ہے اور سائیکل آرام سے چلا سکتے ہیں۔
اب مجھے یہ یاد نہیں ہے کہ یہ فور اے تھا یا میں نے فور بی والے کو فور اے لکھ دیا ہے۔ بہرحال۔۔۔ جانے پر دیکھا جا سکتا ہے۔
4C
یہ ٹریل کافی طویل ہے۔ اس ٹریل پر خوبصورت منظر بھی دیکھنے کو مل جاتے ہیں آسمان بھی نظر آتا ہے اور کہیں کہیں گھنے درختوں کے سایہ سا سرنگ بناتا نظر آتا ہے۔ یہ ٹریک اوپر جا کر تلہاڑ کی طرف جا ملتا ہے۔ یعنی پیر سوہاوہ کی طرف جا نکلا جا سکتا ہے۔
ٹریل 5
آپ نے عمومی لڑکے اور لڑکیوں سے سوال کیا۔ کون سے ٹریل پر گئے ہیں۔ وہ سب جواب دیتے ہیں۔ ٹریل تھری۔ باقی جو بچ جاتے ہیں وہ اسی ٹریل کا نام لیتے ہیں۔ ٹریل 5۔ یہ شروع میں بالکل سیدھا ہے۔ قریبا دو کلومیٹر سیدھی واک سمجھیں درختوں کے درمیان۔ مگر اس ٹریک کی اصل خوبصورتی ٹریک کے ساتھ ساتھ بہتا پانی ہے۔ جس کا شور اور آواز بہت لطف دیتی ہے۔ دو کلومیٹر کے بعد عمودی چڑھائی سی شروع ہو جاتی ہے۔ یہ ٹریل اوپر وہاں تک جاتا ہے جہاں سے چشمہ نکلتا ہے جو بہتا ہوا نیچے تک آتا ہے۔ اگر اس سے مزید اوپر جائیں تو آپ پھر پیر سوہاوہ پہنچ جائیں گے۔ جہاں دال و دلیہ کا بندوبست ممکن ہے۔ اس ٹریل کے درمیان سے ایک راستہ ٹریل تھری سے بھی جا ملتا ہے اور بھی اوپر پیرسوہاوہ تک لے جاتا ہے۔
ٹریل 6
یہ اسلام آباد کا تیسرا پرہجوم ٹریل ہے۔ ٹریل 3 اور 5 کے بعد۔ فیصل مسجد کے عقبی طرف سے اوپر کو جاتا راستہ اور خوبصورتی وہی کہ قریبا نصف ابتدائی ٹریل کے ساتھ ساتھ پانی چلتا ہے۔ جو بہت بھلا لگتا ہے۔ اس ٹریل کے اوپر جائیں تو بہت بھلے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ ٹریل جبی گاؤں تک جاتا ہے۔ سو عین ممکن ہے کہ آپ ٹریل فور اے سے آئیں اور ٹریل سکس سے اتر جائیں یا ادھر سے اوپر جائیں اور دوسری جانب سے اتر جائیں۔
اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر کئی ٹریلز ہیں۔ مجھے تو ان پر ہائیکنگ کئے دہائیاں گزر گئیں۔
تین سال تو مجھے بھی ہوگئے ہیں تقریبا۔۔۔ یہ الگ بات ہے کہ میں دو تین بار درمیان میں بھی گیا ہوں۔
تصاویر بھی کچھ نہ کچھ شامل کروں گا۔
آپ نے ان ٹریلز پر ہائک کی ہے؟ کونسے ٹریل نمبر؟
سبھی پر۔۔۔ سوائے ایک اور دو کے۔ بلکہ ان میں سے بھی کسی ایک پر آنا جانا ہوچکا ہے۔ مگر یاد نہیں۔
آپ کے خیال میں کونسا ٹریل مناظر کے حساب سے خوبصورت ترین ہے؟
ٹریل سکس کے مناظر مجھے سب سے زیادہ خوبصورت لگتے ہیں۔ تاہم ٹریل فور سی بھی کم نہیں۔ باقی ٹریل تھری اور فائیو سے بھی اسلام آباد کے دلکش مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
کونسا ٹریل آسان اور کونسا مشکل ہے؟
ٹریل ون، ٹو اور فائیو آسان ہے۔ ٹریل فائیو اور سکس درمیانے ہیں۔ ٹریل فور اور تھری مشکل ہیں۔
کس پر زیادہ رش ہوتا ہے؟ کس پر پودے اگ چکے اور ہائیکنگ کرتے ہوئے bushwhacking کرنی پڑتی ہے؟
ٹریل تھری پر سب سے زیادہ رش ہوتا ہے۔ ایسا میرا سوچنا ہے۔ ٹریل فور سی بالکل ویران ہے۔ اور اس پر لگتا ہے مدتوں سے کوئی نہیں گیا۔ سو اس پر چلتے ہوئے جھاڑیاں مل سکتی ہیں۔
کس ٹریل سے آپ اوپر جا کر کسی ریستوران سے اچھا سا ناشتہ کر سکتے ہیں؟
ٹریل فائیو اور تھری دونوں اوپر پیرسوہاوہ جاتی ہیں۔ اور انہی پر جا کر آپ ناشتہ کر سکتے ہیں۔ بقیہ ٹریلز پر یہ سہولت میسر نہیں۔
ہائک کیا درختوں کی چھاؤں میں ہو گی یا کڑی دھوپ میں؟
دونوں میں۔ یہ تو دیکھنا ہوگا کہ آپ نے کس ٹریل کا انتخاب کیا ہے۔
کونسا ٹریل خزاں کے موسم میں بہترین ہے؟ کونسا گرمیوں میں؟
گرمیوں میں فائیو اور سکس اور تھری بہتر ہیں۔ فائیو اور سکس کی خوبصورتی برسات کے بعد بڑھ جاتی ہے۔ فور پر عمومی حبس ہوتا ہے۔