سین خے
محفلین
ویک اینڈ پر Heston Blumenthal کی دس گھنٹے لمبی ریسپی کچھ شارٹ کٹس استعمال کر کے ساڑھے تین گھنٹے میں بنائی۔ (مجھے دس گھنٹے صرف کرنے کی اجازت نہیں ملنے والی) نتیجہ بہت اچھا نکلا۔ کافی rich میٹ ساس بنا۔ اس سے پہلے جو میں ایک ترکیب استعمال کرتی تھی وہ بھی اچھی ہے اور اس سے بھی بہت مزے کا بولونیز بنتا ہے۔ کچھ اس ترکیب میں ہیسٹن کے استعمال کئے ہوئے اجزا ہمیشہ سے استعمال کرتی رہی ہوں۔ فی الحال اپنی زیادہ تر استعمال کرودہ ترکیب شامل کر رہی ہوں۔
اجزا:
گائے کا قیمہ: ۱ کلو
لہسن: ۳ سے ۴ جوے
پیاز: ۳ عدد
گاجر: ۳ سے ۴
سیلری: ۳ (نہ ملے تو نہیں استعمال کریں)
ہری مرچ: ۲ عدد
لال انگوروں کا رس: ۲۵۰ ایم ایل
گائے کی یخنی: ۷۵۰ ایم ایل
ٹماٹر: 1.25 کلو
سرکہ: ۳ سے ۴ کھانے کے چمچ
ووسٹرشائیر ساس: ۲ کھانے کا چمچ - آپشنل
سویا ساس: ۱ کھانے کا چمچ - آپشنل
کیچپ: ۲ سے ۳ کھانے کے چمچ
بادیان کے پھول: ۳ سے ۴ عدد
تیز پتا: ۲ سے ۳
تھائم: خشک ڈیڑھ چائے کا چمچ
زیتون کا تیل: حسبِ ضرورت، عام ویجیٹیبل آءل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نمک اور کالی مرچ: حسبِ ضرورت
اسپگیٹی: حسبِ ضرورت
ترکیب:
-لہسن کو چھری سے کچل کا باریک کاٹ لیں۔ پیاز، گاجر اور سیلری کو چھوٹا چھوٹا چاپ کر لیں۔
-ایک دیگچی میں (نان اسٹک نہیں استعمال کیجئے گا) زیتون کا تیل ڈالیں اور ساری کٹی ہوئی سبزی اس میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لئے چھوڑ دیں۔ سبزیوں کو صرف اتنی دیر پکانا ہے کہ یہ نرم ہو جائیں لیکن ان کا رنگ براوَن نہ ہونے پائے۔
-گائے کا قیمہ اور بادیان کے پھول شامل کر دیں اور تھوڑی آنچ بڑھا دیں۔ گائے کے قیمے کو بہت اچھی طرح بھوننا ہے۔
- کیرملائیزیشن شروع ہو جائے اور پانی خشک ہو جائے تو سرکہ اور انگوروں کا رس شامل کر دیں۔ اتنی دیر پکنے دیں کہ گوشت کی ساری کیرملائیزیشن حل ہو جائے۔
-اب اس میں یخنی، نمک، تیز پتا اور تھائم شامل کر دیں۔ ہلکی آنچ پر ڈھکن بند کر کے ایک گھنٹہ پکنے دیں۔
-ٹماٹروں کو چاپ کر لیں۔ ایک الگ پین میں زیتون کا تیل ڈالیں اور ٹماٹر شامل کر دیں۔ ووسٹرشائر ساس، سویا ساس، کیچپ اور تھوڑا سا نمک ڈال کر ٹماٹروں کو پکنے دیں۔ اتنا پکائیں کہ ٹماٹر گھل جائیں اور ٹماٹروں کا پانی آدھا خشک ہو جائے۔
-ایک گھنٹے بعد قیمے میں ٹماٹر کے ساس کو شامل کر دیں۔ ۱۵ سے بیس منٹ یا اتنی دیر اور پکائیں کہ قیمے میں ٹماٹروں کا ساس یکجان ہو جائے۔ آخر میں نمک چیک کر کے نمک اور کالی مرچ ڈالی دیں۔
-اگر تیل زیادہ لگے تو چمچ سے نکال دیں۔ اسپیگیٹی ابال لیں۔ ابلی ہوئی اسپیگیٹی میں تھوڑا سا یہ تیل مکس کر دیں۔
-چاہیں تو بولونیز میں تھوڑا سا مکھن ملا لیں یا پھر کدو کش کیا ہوا موزریلا ڈال کر اوون میں اتنی دیر بیک کر لیں کہ موزریلا پگھل جائے یا پھر اگر پارمیزان ڈالنا چاہیں تو پارمیزان کدوکش کیا ہوا ڈال کر سرو کریں۔
آخری تدوین: