زیرک
محفلین
اشتہارات مہم: اوروں کو نصیحت خود میاں فضیحت
اسلام آباد میں انسداد بدعنوانی سے متعلق تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے اشتہارات شائع کروانے کا مشورہ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ؛"وزیر اعلیٰ پنجاب نے 132 ایکڑ زمین اور 5 ارب روپے ریکور کیے ہیں، جو بہت اچھی کارکردگی ہے، ان کو اپنی کارکردگی کی پبلسٹی بھی کرنی چاہیے"۔
عثمان بزدار اپنی کارکردگی اشتہارات سے بتائیں، وزیر اعظم
خان صاحب جو ماضی میں شہباز شریف کی اشتہاراتی مہم کو ذاتی اور خاندانی پبلسٹی قرار دیتے آئے تھے، خیر سے انہوں نے اپنے "پنجاب شریف" کو بھی یہی کچھ کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے(خان صاحب کل جو غلط تھا آج کیسے درست ہو گیا؟ سچی بات یہی ہے کہ کارکردگی کی اصل جج عوام ہیں، اور انہیں ہی رہنے دیجئے، اشتہاراتی مہم ویسے بھی قومی خزانے پر مزید بوجھ بنیں گے)۔ جو پیسے خوش قسمتی سے ریکور ہو گئے تھے ان کو کسی ترقیاتی ہراجیکٹ میں لگانے کی بجائے ذاتی و حکومتی تشہیر جیسے غیر ترقیاتی معاملے میں لگا کر اڑانے کا حکمِ شاہی بھی دے دیا ہے۔ خان صاحب یاد رکھیں یہ پیسہ قوم کی امانت ہے جو قوم پر صرف ہونا چاہیے نہ کہ ذاتی تشہیر کے لیے۔ خان صاحب کبھی آپ یہ بھی کہا کرتے تھے کہ "قومی خزانے پر بوجھ بننے والے اشتہارات کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے"۔ خیر سے اب آپ نے بھی یہی کام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو آپ کے حق میں اس کے علاوہ کوئی اور دعا بھی نہیں کی جا سکتی، کہ اللہ آپ کو ہدایت دے۔