اصلاح کے لئے - ذرا بیٹھ تو مرے روبرو تجھے اشک اشک اتار لوں

loneliness4ever

محفلین
امید کرتا ہوں احباب محفل کو رونق بخشیں گے اور
خاکسار کی ادنی کاوش پر کڑی نظر فرمائیں گے
اور اپنی قیمتی آراء سے نوازیں گے
استاد حضرات سے بالخصوص گذارش ہے
کہ خاکسار کے خوب کان کھینچیں اور
علم کی روشنی سے نوازیں ۔۔۔۔

صد شکریہ

ذرا بیٹھ تو مرے روبرو تجھے اشک اشک اتار لوں
ترا لفظ لفظ ہے داستاں میں غزل کو تجھ سے سنوار لوں

کسی رات میں کسی خواب میں مری زندگی مرے پاس آ
اسی رات میں اسی خواب میں میں یہ زندگی بھی گزار لوں

وہ ہی خوب تھے وہ ہی خوب تر ترے ساتھ پل جو گزر گئے
وہ ہی یاد گر مرے ساتھ ہو میں اجاڑ دل کو سنوار لوں

ترے روپ کو نہ نظر لگے ذرا بادلوں کی تو اوٹ لے
مری چاندنی میں نظر تری کبھی چاند سے بھی اتار لوں

مری یاد سے کسی شام کومرے ہم نشیں تو سجا ذرا
اسی شام میں کبھی ہوش کو میں جنوں کی حد سے گزار لوں

س ن مخمور
 
الف عین

لائبریرین
ماشاء اللہ اچھی غزل ہے۔ بس اجاڑ دل، اور اجڑے دل میں فرق ہوتا ہے۔ یہاں اجڑے دل سے مراد ہے نا؟ اجاڑ کا مطلب سنسان، غیر آباد
 
شوکت پرویز

محفلین
ترے روپ کو نہ نظر لگے ذرا بادلوں کی تو اوٹ لے
مری چاندنی میں نظر تری کبھی چاند سے بھی اتار لوں
تِرے روپ کو نہ لگے نظر ذرا بادلوں کی تو اوٹ لے
مِری چاندنی میں نظر تِری کبھی چاند سے بھی اتار لوں

نہ نظر لگے۔۔۔ میں ن کی تکرار ہو رہی ہے (نَنَظَر لگے)، ہم 'لگے' اور 'نظر' کی نشست بدل کر اسے بہتر کر سکتے ہیں (نَلَگے نظر) :)
 
loneliness4ever

محفلین
ماشاء اللہ اچھی غزل ہے۔ بس اجاڑ دل، اور اجڑے دل میں فرق ہوتا ہے۔ یہاں اجڑے دل سے مراد ہے نا؟ اجاڑ کا مطلب سنسان، غیر آباد

آپ کی آمد پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور اس توجہ پر مسرور ہوں
جی حضور مراد تو اجڑے دل ہی سے تھی مگرلفظ اجڑے بحر میں آ نہیں رہا
تو اجاڑ کا سہارا لیا، اگر مناسب ہے تو اجازت عطا فرمائیں اور اگر
نامناسب ہے تو حضور اصلاح فرمائیں ۔ بندہ ممنون رہے گا
 
loneliness4ever

محفلین
تِرے روپ کو نہ لگے نظر ذرا بادلوں کی تو اوٹ لے
مِری چاندنی میں نظر تِری کبھی چاند سے بھی اتار لوں

نہ نظر لگے۔۔۔ میں ن کی تکرار ہو رہی ہے (نَنَظَر لگے)، ہم 'لگے' اور 'نظر' کی نشست بدل کر اسے بہتر کر سکتے ہیں (نَلَگے نظر) :)

آداب ، جناب اس درجہ توجہ پر ممنون ہوں
اور امید کرتا ہوں آپ یہ عنایت کا سلسلہ بندہ پر
مستقل فرمائیں گے
بجا فرمایا جناب نے ، میں نے اپنے پاس نظر اور لگے
کی نشست بدل دی ہے

تہہ دل سے ممنون ہوں جناب کا

اللہ پاک آپ دونوں کے علم میں مزید اضافہ فرمائے
 
Top