افسردہ ہیں افلاک و زمیں، عید مبارک

السلامُ علیکم میرے پیارے ہم وطنوں و اہل اسلام

امید کرتا ہوں کہ آپ سب ٹھیک ٹھاک ، ایمان کی بہترین حالت میں‌اس پیغام کو پڑھ رہے ہونگے۔ میری طرف سے اور میرے اہل خانہ کی طرف سے آپ سب کو اور آپ کے اہل خانہ کو عید کی خوشیاں مبارک ہو اور اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ آپ ہمیشہ اسی طرح خوشیوں سے بھرپورعیدیں منائوں۔آمین

میری سب قارئیں سے التماس ہے کہ خوشی کے اس موقع پر اپنے مصیبت زدہ بہنوں اور بھائیوں کو مت بھولیں ۔جو سیلاب کی وجہ سے اس وقت اپنے گھروں سے اپنے رشتہ داروں سے اپنے پیاروں سے محروم ہوگئے ہیں۔ان کے علاوہ اور بھی ایسے کئی لوگ ہیں جو غربت کی سطح سے نیچے زندگیاں گزار رہے ہیں اور ان کے لئے گھر میں‌ایک وقت کی ہانڈی روٹی کرنا بھی محال ہے۔ اور وہ لوگ بھی جب شام کو گھروں کو لوٹتے ہیں تو ان کے بچے ان کی طرف حسرت بھری اور پُر امید نظروں سے دیکھتے ہیں کہ شاید ان کا باپ یا بھائی ان کے لیے کوئی عید گفٹ لایا ہو لیکن وہاں کچھ نہ پاکر ان کے معصوم چہروں پہ مایوسی پھیل جاتی ہے ان کے معصوم ذہنوں پہ اس وقت کیا گزرتی ہے اس کیفیت کے بارے میں‌یا تو اللہ پاک بہتر جانتا ہے یا وہ لوگ جو اس کیفیت سے گزرتے ہیں۔ میری اللہ پاک سے التجا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی کو کسی کا محتاج نہ کرے۔ہم سب کو چاہئیے کہ ہم ان لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں کیونکہ ہماری طرح ان کا بھی ان خوشیوں کو منانے کا اتنا ہی حق ہے جتنا کہ ہمارا ہے۔ بھلے ابھی ان کےلئے حالات سازگار نہیں ہیں لیکن ان شاء اللہ یہ وقت بھی بدل جائے گا۔لیکن آج کی آپ کی ان کے ساتھ کی گئی نیکی ، مسکراہٹ کے ساتھ بڑھایا گیا ہاتھ یہ وہ لمحے ہیں جن کو وہ کبھی بھی بھلا نہیں‌پائیں گے۔اور ان کے دلوں سے آپ کے لئے سچی دعائیں نکلیں گی۔

اللہ ہم سب کو نیکی کرنے کی توفیق دے۔آمین

ایک بار پھر آپ سب کو میری طرف سے بہت بہت عید مبارک ہو۔



آخر میں واصف علی واصف کی ایک غزل آپ سب کی نظر کرنا چاہوں گا۔



افسردہ ہیں افلاک و زمیں، عید مبارک
آزردہ مکان اور مکیں! عید مبارک
یہ صبح مسرت ہے کہ شامِ غریباں
رنجیدہ و دلگیرو حزیں عید مبارک
کہنا ہے بصد عجز یہ ارباب وطن سے
کب آئے گا وہ دور ِ حسیں، عید مبارک
محبوس جوانوں کے عزیزوں سے یہ کہنا
مولا ہے نگہبان و امیں ، عید مبارک
یہ بات قلندر کی قلندر ہی کہے گا
گو بات یہ کہنے کی نہیں، عید مبارک
بھر نعرہ تکبیر سے گونجیں گی فضائیں
آپہنچا ہے وہ وقت قریں، عید مبارک
مومن کبھی مایوس نہیں رحمت حق سے
مومن کا ہے دل عرش بریں، عید مبارک
ملت سے شہیدوں کا لہو کہتا ہے واصف
دنیا کے عوض بیچ نہ دیں، عید مبارک

http://adnanshahid.com/blog/2010/09/eid-mubarak/
 
Top