عمر سیف
محفلین
الفاظ
ایک دفعہ ایک بادشاہ نے دست شناس اور ستارہ شناس آدمی کو بلایا۔
اس سے اپنا احوال پوچھا۔
منجم نے حساب لگایا۔زائچہ بنایا اور بادشاہ کو اطلاع دی۔
"جہاں پناہ آپ کے سب عزیز آپ کے سامنے مر جائیں گے"۔
بادشاہ اتنی بری خبر پر بڑا پریشان ہوا۔اسے منجم کی بات پر غصہ آگیا کہ اس نے کیسی خبر دی ہے۔
اس نے منجم کو گرفتار کروا دیا۔
سلطنت میں منادی کروادی گئی کہ کوئی اور منجم بادشاہ کے لیے حساب لگائے۔
ایک آدمی حاضر ہوا، اس نے زائچہ بنایا حساب لگایا اور کہا
"جہاں پناہ آپ کی طویل عمر ہے۔ آپ اپنے عزیزوں سے زیادہ عمر پائیں گے"
بادشاہ خوش ہوگیا۔بولا " مانگ کیا مانگتا ہے؟"
منجم نے کہا " جہاں پناہ بس میرے استاد کو رہا کر دیں"۔
سلطان نے وضاحت چاہی تو منجم نے کہا
"گرفتار منجم میرا استاد ہے، اس نے وہی کچھ بتایا جو میں نے بتایا لیکن وہ الفاظ کے انتخاب میں محتاط نہ ہوسکا"
"آپ عزیزوں سے زیادہ عمر پائیں گے یا آپ کے عزیز آپ سے پہلے مر جائیں گے، بات ایک ہی ہے لیکن ادائیگی مختلف ہے"
اور یہی چیز اہم ہے کہ ہم الفاظ کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔
بحوالہ کتاب : حرف حرف حقیقت، واصف علی واصف۔
نوٹ: پہلے شئیر کی گئی ہو تو کوئی بات نہیں ، پھر پڑھ لیں۔