اللہ کے ولیوں کے مددگار علی ہیں - شہزاد مجددی

الف نظامی

لائبریرین
اللہ کے ولیوں کے مددگار علی ہیں
مولائے جہاں ،خَلق کے سردار علی ہیں

سرتاج ہیں زہرا کے ، تو حسنین کے بابا
عم زادِ نبی ، حیدرِ کرار علی ہیں

وہ شیرِ خدا وارثِ فیضانِ رسالت
اوصافِ کریمانہ میں شہکار علی ہیں

ایمان ہو ، عرفاں ہو ، شریعت کہ طریقت
ہر قافلہ ء شوق کے سالار علی ہیں

حجرے میں نظر آتے ہیں وہ فقر کا پیکر
میدان میں اللہ کی تلوار علی ہیں

لرزہ سا ہے اِک لشکرِ کفار پہ طاری
باطل سے ہوئے برسرِ پیکار علی ہیں

صدیق و عمر حضرتِ عثمان کے ہمدم
یارانِ شہ دین کے دلدار علی ہیں

رفتار میں گفتار میں انداز میں یکتا
اللہ رے کیا صاحبِ کردار علی ہیں

تفسیر سے الحمد کی اُونٹوں کو جو بھر دیں
اللہ کے وہ محرمِ اسرار علی ہیں

دانائے زمن ، عقدہ کشا ، شاہِ ولایت
ہاں حکمت و عرفان کا مینار علی ہیں

ہے روئے علی دیکھنا شہزاد عبادت
مولودِ حرم ، پیکرِ انوار علی ہیں

(شہزاد مجددی)
 
وہ شیرِ خدا وارثِ فیضانِ رسالت
اوصافِ کریمانہ
میں شہکار علی ہیں
بے شک
حجرے میں نظر آتے ہیں وہ فقر کا پیکر
میدان میں اللہ کی تلوار
علی ہیں
شیر خدا
لرزہ سا ہے اِک لشکرِ کفار پہ طاری
باطل سے ہوئے برسرِ پیکار علی ہیں
سبحان اللہ
خؤبصورت منقبت شامل محفل کرنے کا شکریہ سر دل شاداب ہو گیا پڑھ کر
سلامت رہیں
 
بے شک علی کی بادشاہی ہے علی اسم الہی ہے ہر اک میزان میں تولا زباں کے ساتھ دل بولا علی مولا علی مولا علیہ السلام
 
Top