انسٹالر بنانے کے لئے کچھ زبانوں کی معلومات درکار ہے

بلال

محفلین
میں پاکستان کی تمام زبانوں کے انسٹالر بنا رہا ہوں، جس کے لئے مجھے کچھ معلومات چاہئے تھی اور انہیں معلومات کے نہ ہونے کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔
سب سے پہلے تو مجھے تمام زبانوں کا ایک ایک مشہوریونیکوڈ فانٹ چاہئے۔ ایسا فانٹ جو اس زبان کی سب سے زیادہ ویب سائیٹوں پر استعمال ہو رہا ہو یا اس زبان کا ایسا فانٹ ہو جیسے اردو کا نستعلیق ہے یعنی عام استعمال والا فانٹ چاہئے۔
اس کے علاوہ ہر ایک زبان کا فونیٹک کیبورڈ لے آؤٹ چاہئے۔ کیبورڈ لے آؤٹ کی تصویر کی بجائے ہو سکے تو سافٹ ویئر کی صورت میں فراہم کریں تاکہ میرے لئے کام میں آسانی ہو۔
اس وقت میرے ذہن میں سندھی، بلوچی، پشتو اور سرائیکی ہیں۔ مزید اگر پنجابی کے حروف اردو سے مختلف ہیں اور اس کا فانٹ بھی مختلف ہے تو مجھے اس کا بھی فونیٹک کیبورڈ اور فانٹ چاہئے۔
مزید آپ کے ذہن میں کوئی اور زبان ہو تو وہ بھی بتائیں اور ہو سکے تو اس کے متعلق معلومات بھی دیں۔ اگر آپ کے پاس مندرجہ بالا زبانوں کے فونیٹک کیبورڈ لے آؤٹ موجود نہیں یا پہلے نہیں بنے ہوئے تو آپ میرا کسی ایسے بندے سے رابطہ کروا دیں جو اپنی علاقائی زبان کے متعلق تکنیکی حوالے سے معلومات رکھتا ہو اور ساتھ ساتھ اردو بھی جانتا ہو تاکہ میں اس سے آسانی سے معلومات کا تبادلہ کر سکوں اور فونیٹک کیبورڈ لے آؤٹ خود بنا لوں۔
کئی دوستوں کی فرمائش پر ”اردو عربی انسٹالر“ تیار کر رہا ہوں جس کا کام تقریباً مکمل ہے بس عربی کے مشہور فانٹ کی ضرورت ہے۔ مزید اگر آپ کے خیال میں فارسی کا انسٹالر بھی ہونا چاہئے تو وہ بھی بتا دیجئے۔ دراصل عربی انسٹالر پہلے بھی بنے ہوئے ہیں لیکن ہمارے کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں اردو کے ساتھ ساتھ عربی بھی چاہئے تو ایسے دوستوں کے لئے ”اردو عربی انسٹالر“ تیار کر رہا ہوں۔ اس انسٹالر میں عربی کی مکمل سپورٹ ہو گی جس سے مکتبہ الشاملہ جیسے پروگرام انسٹال کرنے کے لئے علیحدہ سے عربی کی کوئی سیٹنگ نہیں کرنی پڑے گی۔
مزید ہر زبان کا انسٹالر علیحدہ علیحدہ ہو گا کیونکہ شاید ہی کوئی بندہ ہو جسے ایک وقت میں تمام زبانوں کی ضرورت ہو۔ اس لئے علیحدہ علیحدہ انسٹالر ہو گا اور ہر انسٹالر کے ساتھ اردو ہو گی تاکہ علاقائی زبان کے ساتھ ساتھ لوگ اردو کو نہ بھولیں۔ مزید اگر علاقائی زبانوں کے فانٹس کے سائز کم ہوئے تو پھر پاک اردو انسٹالر میں تمام زبانوں کے فانٹ شامل کرنا چاہتا ہوں تاکہ اس ایک انسٹالر سے اردو بہتر انداز میں پڑھنے اور لکھنے کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانیں بھی بہتر انداز میں پڑھی جا سکیں۔

ابوشامل ، زین ، جیہ شمشاد اور دوست خصوصی توجہ فرمائیں۔
 

دوست

محفلین
پنجابی کے لیے کوئی فانٹ نہیں ہے بھائی۔ دو ایک کیریکٹر ہیں اضافی پنجابی آوازوں کے لیے، ان میں سے ایک اڑ نون ہے، نون کے اوپر ٹ کی ٹوپی، لیکن وہ کسی بھی فانٹ میں نہیں۔ تو پنجابی کے سلسلے میں تو آپ کو مایوسی ہو گی۔ سندھی، پشتو، سرائیکی، بلوچی، ہندکو کا حال میرے علم میں نہیں ہے۔
 

بلال

محفلین
پنجابی کے لیے کوئی فانٹ نہیں ہے بھائی۔ دو ایک کیریکٹر ہیں اضافی پنجابی آوازوں کے لیے، ان میں سے ایک اڑ نون ہے، نون کے اوپر ٹ کی ٹوپی، لیکن وہ کسی بھی فانٹ میں نہیں۔ تو پنجابی کے سلسلے میں تو آپ کو مایوسی ہو گی۔ سندھی، پشتو، سرائیکی، بلوچی، ہندکو کا حال میرے علم میں نہیں ہے۔
جی ٹھیک۔ ویسے اگر آپ معلومات رکھتے ہیں تو رہنمائی کریں۔ ہم کسی فانٹ ڈویلپر سے وہ اضافی کیریکٹر شامل کروا لیتے ہیں اور ساتھ ساتھ فونیٹک کیبورڈ لے آؤٹ بھی بنا لیتے ہیں۔
آپ یونیکوڈ قدریں اور کیریکٹر کی تھوڑی سی وضاحت کر دیں تاکہ سمجھنے میں آسانی ہو۔ ہو سکے تو ان اضافی کیریکٹر کی شروع، درمیانی اور آخری شکل بھی بتا دیں۔
 

ابوشامل

محفلین
بلال بھائی! سندھی کے لیے عبد الماجد بھرگڑی صاحب نے ہر طرح کا انسٹالر بنا رکھا ہے۔ پنجابی کسی قسم کے فونٹ اور الفاظ کی محتاج ہی نہیں، اردو ہی سے کام چلے گا۔ البتہ سرائیکی، پشتو اور بلوچی کے سلسلے میں میں آپ کی مدد کرنے سے قاصر ہوں۔ میرے خیال میں بلوچی بھی اردو رسم الخط میں لکھی جاتی ہے۔ البتہ پشتو پر کچھ کام یہاں محفل پر ہوا بھی تھا۔ ایک فونٹ "پشتو کروڑ ایشیا ٹائپ" کے نام سے موجود بھی ہے اور ایک اسٹینڈرڈ کی بورڈ بھی موجود ہے۔

البتہ آپ کے انسٹالرز کے لیے میں بذریعہ ای میل آپ کو سندھی فونٹ اور کی بورڈ اور پشتو فونٹ اور کی بورڈ آپ کو ارسال کر دوں گا۔ بس مجھے یاد دلا دیجیے گا۔
 

دوست

محفلین
پنجابی میں ایک دو نقطوں والا ن ہے جی۔ یہ پنجابی بورڈ سے منظور شدہ رسم الخط میں شامل ہے۔
 

دوست

محفلین
hiru اس فونٹ میں اڑ لام اور اڑ نون کے علاوہ اتنے سارے حروف کیوں شامل ہیں؟ اڑ نون دو نقطے دار، اور پھر ٹوپی دار کیوں؟ اڑ لام کو تو لوگ مانتے ہی نہیں اسے لام کی ہی شکل گردانتے ہیں۔ اگرچہ یہ الگ سے آواز ہے کئی جگہ پر۔ باقی حروف؟ مجھے ان کی لاجک سمجھ نہیں آئی۔ جتنے حروف ہیں مطلب اب پنجابی کا الگ ہی کی بورڈ بھی انسٹال کیا جائے۔
 

hiru

محفلین
یہ تمام حروف پنجابی کے لئے نہیں ہیں۔ پنجابی میں اڑ ن ، اڑ م، اڑ لام اور اڑ ڑ کا استعمال تلفظ کے لئے کرنا ضروری ہے۔ اب بات جو آپ نے لکھی ہے اڑ لام کی تو ماجھی تو بھری پڑی ہے اڑ لام سے ، ذرا لفظ ” بولن ” کو ہی بول کر دیکھ لیں ، آپ اسے بولتے ہوئے دو تلفظ میں بول سکتے ہیں ، اس کے ن کو اڑ ن سے بولیں گے تو لام روشن یعنی عام لام سے یا پھر اڑ لام کے ساتھ عام ن ۔
 

دوست

محفلین
جی اڑ لام سے انکار نہیں۔ اس کو اکثر لام کی ہی شکل سمجھا جاتا ہے۔ جبکہ اڑ نون کو الگ سے تسلیم کیا جاتا ہے۔ تاہم اڑ ڑ اور اڑ م ؟ کیا پنجابی بورڈ کی جاری کردہ پنجابی تختی میں یہ شامل ہیں؟
 

hiru

محفلین
آپ نے پنجابی بورڈ کا ذکر کیا ہے ، ہمیں اس بورڈ کا تو علم نہیں ہے، البتہ “پاکستان پنجابی ادبی بورڈ لاہور” ضرور ہے ۔ پنجاب گورنمنٹ نے پنجابی کی کتابوں اور مختلف زبانوں کی کتابوں کے پنجابی میں ترجمے وغیرہ کی اشاعت کام پنجاب یونیورسٹی کے سپرد کیا تھا جسے بعد میں پاکستان پنجابی ادبی بورڈ لاہور ( جو کہ گورنمنٹ کا ادارہ نہیں ہے) کو دے دیا گیا۔ اس بورڈ نے پنجابی کے لئے الف بے کبھی منظور نہیں کی، جس قاعدہ کی وجہ سے آپ نے ایسا سمجھ لیا وہ محمد آصف خان ( پنجاب یونیورسٹی میں پڑھاتے بھی رہے ہیں ) جو کہ اس وقت بورڈ کے سیکرٹری تھے کی اپنی ذاتی کوشش ہے۔ ان کے علاوہ بھی کچھ لوگوں نے قاعدے بنائے ہیں۔
کافی عرصہ پہلےلاہور کے پنجابی ادیبوں نے ایک املا کمیٹی بنائی تھی جس کے ممبران آصف خان، صوفی تبسم، مسز ستنام محمود، ڈاکٹرایم افضل، ڈاکٹر وحید قریشی اور جوشوافضل وغیرہ تھے۔ انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اسی فارسی ، اردو والی الف بے کے حروف کو ہی استعمال کریں گے ان میں کوئی اضافہ نہیں کریں گے ( انہوں نے پنجابی لکھنے کے لئے ١٣ اصول بنائے تھے )۔ انہوں نے اڑنون کے لئے بھی کسی نئے حرف کا اضافہ نہیں کیا ، کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ پنجابی پڑھنے والے ان الفاظ کو پڑھنا جانتے ہیں، لیکن اڑنون ، اڑ لام، اڑمیم اور اڑ ڑ سے انکار ان کو بھی نہیں تھا یہ آوازیں پنجابی میں ہیں ( بلکہ انہوں نے ایک اور آواز جو پنجابی کی اہم آواز ہے اس کا بھی ذکر کیا ہے جو کہ آپ بھابھی اور چودھری جیسے الفاظ میں سنتے ہیں )۔ جیسے ہم حرف ب وغیرہ کو زیر زبر اور پیش ڈال کر ان کی آواز کو بدل لیتے ہیں کیونکہ بعض اوقات تلفظ دکھانا ناگزیر ہو جاتا ہے، اسی طرح پنجابی میں تلفظ دکھانے کے لئے اڑنون ، اڑ لام، اڑمیم اور اڑ ڑ کے لئے ایک نقطہِ کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ جس طرح زیرزبر اور پیش کو الف بے کی تختی میں شامل نہیں کیا جاتا ،اسی طرح اڑنون ، اڑ لام، اڑمیم اور اڑ ڑ کو بھی شامل نہیں کیا جا سکتا۔ اب رہی بات اڑ ڑ کی تو اگر آپ پنجابی ہیں تو ذرا لفظ ہرڑ بول کر دیکھ لیں ، کیا یہ اڑ ڑ نہیں ہے؟
 
Top