ذوالقرنین

لائبریرین
1835 میں جب لارڈ میکالے نے ہندوستان میں ذریعہ تعلیم کے لیے انگریزی کو اختیار کرنے کی تجویز پیش کی تھی اس وقت سے آج تک اردو میں انگریزی کے الفاظ متواتر داخل ہو رہے ہیں اور سنجیدہ تحریر کے علاوہ عام بول چال میں بھی ان کا چلن ہے۔
اردو بطور زبان اپنے ارتقائی مرحلے میں تھی۔ اردو دانوں نے انگریزی الفاظ کے عام استعمال کا ایک اصول یہ طے کرلیا کہ جن الفاظ کا چلن ہوجائے ان کو اردو کا لفظ سمجھ لیا جائے اور ان کی جمع بھی اردو طریقے سے بنا لی جائے۔ ہر زبان نے اسی اصول سے کام لیا ہے۔ انگریزی نے بھی جب فرانسیسی، اطالوی اور یونانی زبانوں کے الفاظ کو قبول کیا تو ان کو اپنا لفظ بنا لیا۔
اگر آپ غور کریں تو نوے فیصد الفاظ جن کو آپ انگریزی کا سمجھ کر ان کی انگریزی جمع بناتے ہیں کثرت استعمال سے اردو کے لفظ بن چکے ہیں۔
· کمشنر، جج، فورس، الیکشن، پارٹی، ووٹ، بلڈنگ، گوریلا ، بُوٹ، بلب، فوٹو، کیمرہ، گن، بم۔ ایجنسی، ملیشیا، ڈاکٹر، سٹور وغیرہ
· کرکٹ کی ساری اصطلاحیں: بال، کریز، بیٹ، پیڈ، اننگز، وکٹ، کیچ، آؤٹ، گراؤنڈ وغیرہ
· کمپیوٹر اور اس سے متعلق ساری اصطلاحیں
· صحت اور علاج کے بارے میں دواؤں کے نام، ایکسرے سے لے کر اینجیو پلاسٹی تک ساری اصطلاحیں
غرض کہ انگریزی کی جانب ہماری زبان کی جس سڑک پر پہلے اکا دکا مسافر نظر آتے تھے اب اسی سڑک پر الفاظ کا ایک ریلا ہے جو متواتر اردو میں داخل ہورہا ہے۔ اس کے فائدے بھی ہیں، نقصانات بھی۔ جس میں وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ جو اصول بزرگوں نے مقرر کیا تھا اس پر کیسے عمل کیا جائے یعنی جن انگریزی الفاظ کا اردو میں چلن ہو جائے ان کی جمع کیسے اردو طریقے سے بنائی جائے۔
مشاہدہ کہتا ہے کہ اسی فیصد الفاظ کو اردو کی ترکیب سے جمع میں بدلا جاسکتا ہے اور ان کی جمع نامانوس نہیں لگے گی۔ مثالیں:
امپائروں نے اس کی چاروں بالوں کو نو بال بتایا تھا۔
ججز کی بجائے ججوں لکھنا چاہیے
افتخار چودھری ان تین ججوں میں سے ہیں جو اسلام آباد میں ججوں کی کالونی میں نظر بند ہیں۔
اسی طرح:
گوریلا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گوریلوں
وکٹ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وکٹوں
ملیشیا ۔۔۔۔۔۔۔۔ ملیشیاؤں
ذرا سی توجہ سے آپ انگریزی کے اردوائے ہوئے الفاظ کی اردو جمع بنا سکتے ہیں اور ان کی انگریزی جمع لکھنے یا بولنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس حقیقت سے بھی آنکھ بند نہیں کی جاسکتی کہ بہت سے الفاظ جو اردو میں داخل تو ہو گئے ہیں لیکن ان کی جمع اردو قاعدے سے بنانا مشکل ہے، مثال کے طور پر:
امیگرینٹ، شیئر، روڈ، بارڈر، فوٹو، کلیشنی کوف
مندرجہ بالا وہ چند الفاظ ہیں جن کی اردو قاعدے سے جمع بنائی جائے تو بہت بھونڈی لگے گی۔
اس مشکل سے نکلنے کے دو طریقے ہیں:
پہلا یہ کہ جن الفاظ کے آسان اور عام فہم اردو الفاظ پہلے سے موجود ہیں ان کو استعمال کیجیے:
روڈ کی جگہ سڑک فوٹو کی جگہ تصویر شیئر کی جگہ حصص
جملوں کی مثالیں:
· مری روڈ تو کھلی ہوئی ہے لیکن باقی تینوں سڑکیں بند ہیں۔
· سی آئی اے نے اللبی کے فوٹو کے ساتھ القاعدہ کے پانچ دوسرے رہنماؤں کی تصویریں بھی جاری کی ہیں۔
· شیئر بازار میں پیر کو حصص کی قیمتیں بری طرح گر گئ تھیں۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اردوائے ہوئے انگریزی لفظ کے ساتھ ایسا اردو کا لفظ جوڑ دیجیے جس کی جمع آسانی سے بنائی جاسکتی ہے:
· برطانیہ میں مشرقی یورپ کے امیگرینٹ افراد کی آمد میں اضافہ ہورہا ہے۔
امیگرینٹ کے ساتھ افراد، آبادی، برادری، لوگ کے الفاظ استعمال کرکے جمع کا مسئلہ آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔
· کلیشنی کوف رائفلوں کی بڑی کھیپ دریافت ہوئی ہے۔
· ایک قمیص کے بارڈر پر پھول کڑھے ہوئے تھے لیکن باقی قمیضوں کے کنارے سادہ تھے۔
آخر میں اگر اوپر بتائے ہوئی ترکیبیں فیل ہوجائیں تو انگریزی جمع استعمال کرلیجیے جیسا کہ:
تامل ٹائگرز، ڈسٹرکٹ کورٹس، امتحان کے پیپرز وغیرہ
Collective Noun
police, government, committee, organization
اس طرح کے بہت سے الفاظ انگریزی میں جمع کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ ہم میں سے زیادہ تر لوگوں نے ترجمہ کرتے وقت اردو میں بھی انہیں جمع کے طور پر لکھنا شروع کردیا ہے:
ان کے مطابق بنوں سے فوج اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں ہی۔
صوبہ سرحد کے نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے طالبان کے مراکز سے اینٹی ایئر کرافٹ ہتھیار اور راکٹ لانچروں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔
اوپر کی مثالوں میں پولیس اور حکومت کو جمع کے طور پر لکھا گیا ہے۔ اردو میں یہ تمام الفاظ واحد یا singular سمجھے جاتے ہیں۔ تو یاد رکھیے کہ کسی لفظ کو اس وقت تک جمع نہ لکھیے جب تک وہ واقعی جمع نہ ہو۔
ان کے مطابق بنوں سے فوج اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔
صوبہ سرحد کے نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طالبان کے مراکز سے اینٹی ایئر کرافٹ ہتھیار اور راکٹ لانچروں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔
بشکریہ : بی بی سی کالج آف جرنلزم
 

دوست

محفلین
بی بی سی کو پہلے اپنے مترجموں کو درست املاء سکھانی چاہیئے، جرنلزم بعد میں بھی سکھا سکتا ہے۔
 
Top