اِک بستی بسنے والی ہے

وجدان

محفلین
اُمید ابھی کچھ باقی ہے ۔
اِک بستی بسنے والی ہے
جس بستی میں کوئی ظُلم نہ ہو ۔
اور جینا کوئی جُرم نہ ہو
وہاں پھُول خوشی کے کھِلتے ہوں ۔
اور موسم سارے مِلتے ہوں
بَس رَنگ اور نُور برستے ہوں ۔
اور سارے ہنستے بَستے ہوں
اُمید ہے ایسی بستی کی
جہاں جھوٹ کا کاروبار نہ ہو ۔
اور دہشت کا بازار نہ ہو
جینا بھی دشوار نہ ہو ۔
اور مرنا بھی آزار نہ ہو
وہاں خون کی ہولی عام نہ ہو ۔
اُس آنگن میں غم کی شام نہ ہو
جہاں مُنصف سے انصاف ملے ۔
دل سب کا سب سے صاف ملے
اِک آس ہے ایسی بستی ہو ۔
جہاں روٹی زہر سے سستی ہو
یہ بستی کاش تمہاری ہو ۔
یہ بستی کاش ہماری ہو
اُمید ابھی کچھ باقی ہے ۔
اک بستی بسنے والی ہے
 
Top