اپنے بارے میں جب بھی سوچا ہے ٭ جمیل نظر

اپنے بارے میں جب بھی سوچا ہے
اس کا چہرہ نظر میں ابھرا ہے

تجربوں نے یہی بتایا ہے
آدمی شہرتوں کا بھوکا ہے

دیکھے تو ہے کارواں ورنہ
ہر مسافر سفر میں تنہا ہے

اس کے بارے میں سوچنے والوں
دیکھ لو اب یہ حال اپنا ہے

کون بندش لگائے خوشبو کی
عشق فطرت کا اک تقاضا ہے

یاد آئی ہے جانے کس کس کی
لب پہ جب ذکر اس کا آیا ہے

فکر کی تلخیوں میں گم ہو کر
آدمی بے سبب بھی ہنستا ہے

آرزو مند کوئی ہو تو کہوں
میرے دل میں بھی اک تمنا ہے

میرے چہرے پہ جو لکھا ہے نظر
غور سے کس نے اس کی سمجھا ہے
جمیل نظر
 
Top