ایک تقریب کی روداد

یہ تحریر میں نے اپنے ایک عزیز دوست اشتیاق زین کے مجمعوعہِ کلام "عشق آتش مزاج ہے جاناں" کی تقریبِ رونمائی پر لکھی تھی
شریک ِِ محفل کرنے کی جسارت کر رہا ہوں اہل محفل کی آراء کا انتظار رہے گا

"لیجئے جناب انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں عشق آتش مزاج ہے جاناں کی تقریبِ رونمائی کی روداد حاضر ہے جو 22 فروری کو جہلم میں منعقد ہوئی حافظ آباد سے ایک دوست فیضان احمد جو خود بھی بہت اچھے شاعر ہیں وہ بھی ہمارے ہمراہ تھے،وقتِ مقررہ پر ہم جہلم کی طرف عازمِ سفر ہوئےراستہ بھر فیضان اپنی قیاس آرائی کے گھگھو گھوڑے دوڑاتے رہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ گھنٹے میں جہلم پہنچ جائیں گے ہم زیرِلب مسکراتے رہےکیونکہ ہمارا نظریہ ہے کی شاعر اگر جمالی ہو تو اس کی بات مان لینے میں کو ئی حرج نہیں البتہ جلالی شاعروں سے پرہیز لازم ہے کیونکہ ان کو شاعری فراغت کے ساتھ اور مسکراہٹ قبض سے ساتھ آتی ہے اور دوسروں کے لئے بھی قبض کا باعث بنتی ہےہمارے فیضان تو ماشااللہ اپنی شاعری کی طرح سراپا جمال ہیں، آمد برسرِ مطلب ہم تقریباََ ڈھائی گھنٹے میں جائے تقریب پہنچ گئے ھال کے باہر زین کے برادر خورد نے ہمارا استقبال کیا، آثار بتا رہے تھے کی تقریب کے مقررہ وقت پر شروع ہونے کا کوئی امکان نہیں کچھ دیر میں زین بنے ٹھنے لجاتے شرماتے تشریف لائے گویا تقریبِ رونمائی انہیں کی ہو رہی ہے کچھ دیر میں زین نے ہمیں ھال میں چلنے کی دعوت دی جہاں ہر طرف الو بول رہے تھے سٹیج کے پیچھے کتاب کے تعارفی پوسٹر لگے ہوئے تھے پوسٹر میں لگی ہوئی تصویر کا ہم نے زین سے موازنہ کیا تو کافی فرق پایاگویا ایک ملکی برائٹ تو دوسرا لائم لایٹ ایک سبحان اللہ تو دوسرا بلا تبصرہ اس سلسلے میں ہم نے زین سے استفسار کیا تو وہ کچھ تسلی بخش جواب نہ دے پائے خیر ہم نے ان کے اصرار پر بادل نخواستہ تسلیم کر لیا کہ یہ انہیں کر تصویر ہے،اس دوران زین انتظامات میں مصروف ہو گئے ہم ہم وقت گزاری کے لئے ھال سے باہر لان میں آ گئے، اتنے میں ایک خوبصورت شرمیلا سا نوجوان ہمارے پاس سے گزر کر ھال کی طرف چلا گیا،
صورت کچھ جانی پہچانی محسوس ہوئی ذہن پر زور دینے کے باوجود یاد نہ آیا کہانہیں کہاں دیکھا ہے، اتنے میں زین اسی نوجوان کو ساتھ لئے ہماری طرف آتے دکھائی دئے تعارف پر معلوم ہوا یاسر معین الرفاعی ہیں تب ہمیں یاد کہ ان کے پروفائل میں ان کی تصویر دیکھی تھی، اس دوران مہمانوں کی آمد شروع ہو چکی تھی ہم زین کی معیت میں ھال میں چلے آئے، ایک بینر پر جلی حروف میں لکھا تھا "نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر" ہم نے فیضان سے کہا لفظ نوجوان پر ہمیں اعتراض ہے اگر زین جوان ہیں تو ہم کڑیل جوان ہیں یہ تو وہی بات ہوئی کی بے نتھا بیل سینگ کٹوا کر بچھڑوں میں شامل ہو جائےلہذا ہمیں آئندہ بزرگوار کہنے سے پرہیز کیا جائے، فیضان مسکرا کر طرح دے گئے البتہ یاسر معین الرفاعی نے ہمیں ایک دفعہ کڑی نظروں سے ضرور گھورا،
کچھ دیر میں تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت کے ساتھ تقریب کا باقائدہ آغاز ہوا جہلم کے کہنہ مشق اور سینئر ، شاعر اقبال کوثر نے کی تقریب کی صدارت کی مقررین باری باری سٹیج پر آئے اور بہت اچھے الفاظ میں زین کو خراجِ تحسین پیش کیا
آخر میں تالیوں کی گونج میں زین سٹیج پر آئے اور اپنے خیالات کے اظہار کے دوران بہت چاہت اور محبت سے ہلہ گلہ کے
ساتھیوںکا ذکر کیا اور ان کاخصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جو ہم نے سب کی طرف سے بڑی خندہ پیشانی سے وصول کر لیا،
تقریب کے بعد مشاعرہ گرم ہوا جس میں مقامی شعراء کے ساتھ زین اور فیضان نے بھی اپنا کلام سنایا اور خوب داد سمیٹی،
مشاعرے کے بعد پرتکلف چائے اور دیگر لوازمات سے حاضرین کی تواضع کی گئی اس طرح یہ یادگار محفل اپنے اختتام کو پہنچی
اسی اثنا میں ہم نے زین سے رخصت چاہی کیونکہ لیلائے شب اپنی زلفیں دراز کر چکی تھی، گھر پہنچ کر کمپیوٹر آن کیا تصویریں منتقل کیں میسنجر آن کیا اس وقت ہلہ گلہ نیوز کا رپورٹر مارک تیلی آن لائین تھا ابھی ہم نے اُ س سے گفتگو شروع ہی کی تھی کہ بیک وقت کئی افراد نے ہماری چیٹ ونڈو پر یلغار کر دی ہمیں یوں لگا جیسے کپاس کی فصل پر لشکری سُنڈیوں کا حملہ ہو گیا ہو
ہم نے گھبرا کر میسنجر آف کر دیا اور سفر کی تھکاوٹ دورکرنے کے لئے لمبی تان کر سو گئے
 

نایاب

لائبریرین
بہت خوب روداد رونمائی
بہت شکریہ شراکت پر محترم سید بھائی
محترم زین و فیضان بھائی کا کلام بھی شریک محفل کریں ۔،۔۔۔
 

شمشاد

لائبریرین
ماشاء اللہ اچھی روداد لکھی ہے۔ لیکن مشاعرے کی روداد اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک شعراء حضرات کے کلام سے چیدہ چیدہ اشعار نقل نہ کیے جائیں۔

تو انتظار رہے گا۔
 
ماشاء اللہ اچھی روداد لکھی ہے۔ لیکن مشاعرے کی روداد اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک شعراء حضرات کے کلام سے چیدہ چیدہ اشعار نقل نہ کیے جائیں۔

تو انتظار رہے گا۔
بجا فرمایا آپ نے
یہ بات میرے ذہن میں بھی تھی
مگر اس می معقول وجہ ہے کی میں نے شعرا کے کلام نقل کیوں نہیں کئے
اپنا تعارف شریکِ محفل کروں گا تو آپ کو بھی وجہ سمجھ میں آ جائے گی :)
شاد و آباد رہیں
 
Top