اے ماؤ ، بہنو ، بیٹیو!!!

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوقات میں انسان کے سر پر اشرف المخلوقات کا تاج رکھا ، اور انسانوں میں مردوں کو "الرجال قوٰمون علی النساء" کا سرٹیفیکٹ دیا ، تو وہیں اپنی امین عورت کو کہہ کر اپنی سب سے پیاری نعمت جنت اس کے قدموں کے نیچے رکھ کے ٹریژر ہنٹ کا اعلان کر دیا۔ جنت موجود ہے ، جس میں ہے عقل وہ ڈھونڈ لے اور خدمت کر کے پھر پا بھی لے۔ میرے بارے میں کوئی کیا سوچتا ہے ، کوئی مجھے کیا سمجھتا ہے ، یہ میرا مسئلہ کبھی نہیں رہا ۔ جتنی جس کی عقل کی پہنچ ہو گی ، وہ مجھ کو ا تنا ہی جان پائے گا۔ لیکن یہاں یہ واضح کرنا پھر بھی ضروری ہے کہ میں مردوں کے اس طبقے سے نہیں جو "ان کید کن عظیم" کو تکیہ کلام بنائے پھرتے ہیں ۔ نہ ہی میں ان میں سے ہوں، جوپہلو سے نکلی پسلی کو جوتی کی نوک پر رکھنے کے شوقین ہیں ۔شاید کسی کو پھبتی سوجھے کہ مجھ میں زن مریدی کے ہارمونز کی زیادتی ہو گی۔ جی نہیں​
کتب سیر میں اکثر پڑھا ہےکہ جب خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنہا ، یا حضرت سیدہ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ تعالی عنہا دربار ِ رسالت مآب ﷺ میں تشریف لاتی تھیں تو کملی والے ﷺ اپنی جگہ سے کھڑے ہو جاتے تھے، آگے بڑھ کران کا استقبال کرتے تھے، اور اپنی چادر مبارک ان کے بیٹھنے کیلئے بچھا دیتے تھے۔ اور یہی میرا ایمان ہے ، یہی میرا طریقہ ہے ، جو میرے رسول ﷺ کا طریقہ تھا ۔ ۔ لیکن جیسا کہ مردوں میں اچھے برے لوگ ہوتے ہیں ، ویسے ہی عورتوں میں بھی یک رنگی نہیں ہے ۔​
کچھ خواتین کو آپ نے دیکھا ہوگا کہ آپ کا دل خود بخود ان کے احترام میں باادب ہو جاتا ہے ، اور کچھ ماشاءاللہ پلے کارڈ یا بینر اٹھا کر حلق پھاڑ پھاڑ کے اپنے عورت ہونے کا اعلان کرتی رہیں ، پھر بھی کوئی اثر نہیں ہوتا ۔میرا تعلق پیپلز پارٹی سے نہیں ، نہ میرا کوئی تعلق ہے سیاست سے ، یہ صرف ایک مثال ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو پورا پاکستان دل سے بہن کہہ کر سمجھ کر فخر کرتا ہے۔ وہ بھی تو خاتون ہی تھیں۔ اور ایک یہ بھی خاتون ہے ، نام تو آپ نے سنا ہوگا (شاید کارنامے بھی) جی ہاں میں وینا ملک کی ہی بات کر رہا ہوں ۔ نہ آپ پابند ہیں کسی کی عزت کرنے کیلئے اور نہ میں پابند ہوں ، اور نہ ہی میرا یہ خیال ہے کہ کوئی خواتین کی عزت کر کے ان پر احسان کرتا ہے۔​
میں بطور جوگی ذاتی طور پر عورت ذات کا منکر ہوں ، میں صرف خواتین کو ماں اور بہنوں کے روپ میں خاتون سمجھتا ہوں ، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ میں جب چھوٹا ہوتا تھا تب سے مجھے ایک بات ستاتی تھی کہ فلاں کی تو پھوپھو ہیں ، میری کوئی پھوپھو کیوں نہیں ہیں ۔ پھر بلوغت آئی تو سوچا کہ میرے بچوں (ویسے ایں خیال است و محال است و جنوں) کی بھی کوئی پھوپھو ہونی چاہیے ، ایک ادھ کیوں اتنی ہونی چاہییں کہ شمار نہ ہو۔ اس کے بعد میرا مشن امپوسیبل شروع ہو گیا ۔ اللہ کا شکر ہے آج نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا میں کہیں نہ کہیں میری بہنیں ہیں ۔ اور میں بہنوں کی دعاؤں کی بارش میں ہر وقت بھیگا رہتا ہوں ۔ اللہ ان شہزادیوں کو سدا شاد و آباد رکھے ، مجھے یہ فخر ہے کہ میں اتنی اچھی بہنیں مجھے چھوٹا بھیا کہتی اور سمجھتی ہیں۔​
ذکر جمیل ہے یہ چند مہ لقاؤں کا ، اپسراؤں کا، اور انس اور مہر کی ملکاؤں کا ، جن کے دم سے نہ صرف اردو محفل میں بلکہ پاکستان میں رونق اور برکت اور رحمت ہے۔ آپ جانتے تو ان کو شاید مجھ سے پہلے بھی ہیں ، لیکن آج ذرا ان دیویوں کو چھوٹے غالبؔ کی نظر سے دیکھئے ۔​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ مہ جبین نقشبندی صاحبہ:۔
محفل کی سب سے محترم ترین ، اور غیر متنازعہ ترین محفلین ۔۔۔۔۔ قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن۔۔۔۔۔۔۔۔ والےعلامہ اقبال کے مصرعے کی جیتی جاگتی تمثیل ۔ ۔۔۔۔پنجابی محاورے کے مطابق :۔ سو گلاں دی اِکو گل (سو باتوں کی ایک بات)۔۔۔۔۔ عمرو عیار کی زنبیل ۔۔۔۔۔۔ ظاہر میں دیکھنے پر چھوٹی سے اس تھیلی نظر آنے والے اس حیرت انگیز عجوبے کی طرح ماشاء اللہ ان کی کھوپڑی میں بھی کئی جہان آباد ہیں ۔​
وہ کونسا سا دھاگہ ہے جہاں یہ آپ کو نظر نہ آئیں ۔ خواتین کے زمرے اور دھاگے تو خیر سے جولان گاہ ہیں ہی ۔۔۔۔۔ مگر بعض اوقات ان کو وہاں بھی دیکھا ہے جہاں جبریل کے بھی پر جلتے تھے۔ اب بندہ پوچھے کہ ہانڈی روٹی کارنر ، اور فیشن کارنر میں تو ان کا سکہ چلے ۔۔۔۔۔ محفل ادب میں بھی پائی جاتی ہیں ، باذوق جو ہوئیں ۔۔۔۔ ایک بار جو آپ کے کالم میں دیکھا تو سوچا ہاں بھئی بندہ کبھی کبھار ذائقہ بدلنے آ ہی جاتا ہے۔۔۔۔صحافت کے زمرے میں چوری چوری تاکا جھانکی سے معلوم کر ہی لیا کہ یہ خطہ ابھی تک رضیہ سلطانہ کی افواج کے حملوں سے محفوظ ہے ۔مگر شام ہوتے ہی اطلاع پہنچ گئی کہ رضیہ سلطانہ نے یہ خطہ بھی باج گزار کر لیا ہے ۔۔۔۔۔​
نعتیہ کلام کا زمرہ انہی کے دم سے آباد ہے ، اعلی حضرت کے کلام کو کبھی دل چاہ رہا ہواور حدائق بخشش کسی کتاب گھر سے نہ مل رہی ہو۔پریشان مت ہوں ، ابھی آپی زندہ ہیں ۔۔۔۔ بس ذرا حمد و نعت کے زمرے پر کلک کیجئے اور ایمان تازہ کیجئے ، شاہکار منتخب نعتیہ کلام ، صرف اعلی حضرت پر ہی بس نہیں ، ایاز صدیقی ، پیر سید نصیر گیلانی وغیرہ وغیرہ ۔۔۔۔۔​
ڈاکٹر انور سدید ان کے آگے پانی بھرتا ہے ۔۔۔۔جی ہاں ۔۔۔۔۔ آنکھیں کیوں اتنی پھاڑ پھاڑ کے دیکھ رہے ہیں ۔۔۔ ٹھیک ہی تو لکھا ہے ۔۔۔۔ ان کا تنقیدی تبصرہ ان گنجے گنجے سٹھیائے ہوئے نقادوں سے ہزار درجے اچھا ہوتا ہے ۔​
ہمارے ہاں تو خواتین کو غیبت کرنے اور جوئیں نکالنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسری میں کیڑے نکالنے سے کبھی فرصت نہیں ملتی ۔۔۔ مگر آپی نجانے کس مٹی سے بنی ہیں۔۔۔۔ فارغ ہیں تو محفل پہ آن لائن ہیں اور تازہ ترین والی ونڈو مین جا بجا مہ جبین ، مہ جبین ، مہ جبین کا ڈنکا بج رہا ہے، اور آپی بڑوں بڑوں کے چھکے چھڑا رہی ہیں ، اور چوکے پہ چوکے لگا رہی ہیں۔ اگر کچن میں چولہے پر چاول پکنے رکھے ہیں ، تو آپا جی فیس بک پر چھوٹے غالبؔ کی کلاس لے رہی ہیں ۔۔۔۔ شومئی قسمت سے دم کھولنے میں دیر ہوئی یا کسی وجہ سے چاولوں کی لئی بن گئی ہے ۔ تو بھلا آپ کا کیا خیال ہے کہ نالی میں بہائے جائیں گے یا جلد سازوں کو سپلائی کیے جائیں گے؟ جی نہیں ۔۔۔۔۔زبردست کا ٹھینگا سر پر۔۔۔۔ چھوٹا غالب نہ صرف مرغا بھی بنے گا بلکہ یہ سارا پتیلا بھی کھائے گا۔۔۔۔​
آئیے آپ کو تھوڑا اور حیران کروں۔۔۔۔ یہ دنیا کی واحد خاتون ہیں ، جن کو ان کے برابر کی خواتین بھی آنٹی مہ جبین ، آنٹی مہ جبین کہہ کر نادان نادیہ بنی پھرتی ہیں ، اور آپی جی ہیں کہ بڑی خندہ پیشانی سے مسکرائے جاتی ہیں ۔ باخبرذرائع کے مطابق گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ والے کتاب میں ان کا نام درج کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں ۔۔۔۔​
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
ہر ہائی نیس عالی جنابہ، ملکہ اردو لائبریری، محترمہ سیدہ شگفتہ شگفتہ صاحبہ:۔
آپ کی یاداشت تیز ہے ؟ تو یاد کیجئے وہ وقت جب آپ نونہال گرائپ واٹر پیا کرتے تھے ۔ نونہال گرائپ واٹر کے ڈبے اور لیبل پر ایک بچہ بیٹھا ہوتا ہے۔ جس نے کندھوں اور سر پر گلوب اٹھا رکھا ہے ۔ یا پھر ذرا قدیم ہندو نظریہ ذہن میں لائیے جس کے مطابق:۔ یہ دنیا ایک گائے کے سینگوں پر رکھی ہوئی ہے ، جس نے اسے اٹھا رکھا ہے ، اور جب وہ گائے ایک سینگ سے دوسرا سینگ بدلتی ہے تو زمین پر زلزلہ آتا ہے ۔ بس کیجئے جناب بس کیجئے ، اپنے دماغ پر ناحق اتنا بوجھ بھی مت ڈالیں۔ یہ میں آپ کو ملوا رہا ہوں ان سے جنہوں نے دنیائے اردو لائبریر ی کا گلوب اپنے سر پر اٹھا رکھا ہے ۔ اب کوئی پوچھ لے اگر کہ ان کی تعریف؟ تو وہ گھسا پٹا فلمی ڈائلاگ نہیں دہرانا کہ "تعریف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا"۔​
کیمسٹری کے مطابق​
حسن ، سادگی ، وقار جیسے بنیادی عناصر کے مزید کئی بے شمار خوبیوں کے ساتھ ملکر یک جا(بانڈنگ) ہونےکو سیدہ شگفتہ کہا جاتا ہے۔ اور ایسا ہزارہا سال میں صرف ایک بار ممکن ہے ۔ماشاءاللہ اسم با مسمی ہیں ۔۔۔۔۔ کڑاکے کی گرمی ہے ، یا منجمد کر دینے والی سردی ۔۔۔۔ امن امان ہے یا دھماکوں کا سیزن چل رہا ہے ۔۔۔۔ بیمار ہیں یا صحت مند۔۔۔۔۔ان کا موڈ ہمیشہ شگفتہ شگفتہ ہی ہے ۔۔۔۔۔ انہیں دیکھ کر مجھے اکثر خیال آتا ہے کہ اتنا تو فزکس والا کانسٹنٹ بھی مستقل ویلیو والا نہیں ہوتا جتنا ان کا شگفتہ شگفتہ موڈ کانسٹنٹ ہے ۔ان کا نام لیتے ہی ذہن میں طاہرہ سید آ جاتی ہیں ۔ عدم کی غزل پڑھتے ہوئے ۔:۔ وہ باتیں تیری ، وہ فسانے ترے ۔۔۔۔۔ شگفتہ شگفتہ بہانے ترے۔​
پردہ نشین ایسی کہ بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ان کی کوالیفیکیشن کیا ہے ، کہاں سے ہیں ، وغیرہ وغیرہ ۔یہ مجھ مسکین کی خوش قسمتی ہے کہ عالی جنابہ مجھے نہ صرف بھائی سمجھتی ہیں بلکہ میرا نام بھی یاد ہے ان کو۔ میری اردو محفل پر آنے کے چھ مہینے تک تو ان سے کوئی ڈائریکٹ بات چیت نہیں ہوئی ، مگر یہ سچ ہے کہ میں ان کا ہمیشہ غائبانہ ادب کرتا رہا ہوں ۔ ایک وجہ شاید یہ بھی ہو ، کہ شگفتہ میرا سب سے پسندیدہ نام ہے۔ ایک دن طنزو مزاح کے زمرے میں میں نے ان کی ایک تحریر کھولی "روبرو" مگر پہلے پیغام سےآخری پیغام تک کہیں کوئی طنز یا مزاح کی کوئی ایک ادھ دم توڑتی رمق تلاش کرنے کی سر توڑ کوشش کی ، مگر ناکام شد۔پھر ایک بار "سہی نہیں صحیح" پڑھنے کا اتفاق ہوا ، تو ان کی تخلیقی صلاحیت مجھ پر واضح ہوئی ، ماشاءاللہ۔۔۔۔۔ اتنا سنجیدہ مزاح میں نے یقیناً زندگی میں پہلی بار پڑھا تھا۔ مگر ایسا بھی نہیں کہ کوئی انہیں "پی ٹی وی 2" سمجھ لے ، بہت اچھی حس مزاح کی مالک ہیں ، اور سب سے بڑی خوبی یہ کہ مذاق سمجھتی بھی خوب ہیں ۔ پھر اچانک ایک بار انکشاف ہوا کہ محترمہ میری ہمزباں بھی ہیں ، اتنی خوشی ہوئی کہ بیان سے باہر ہے۔ قسم لے لیں آپی پر یہی چند سطریں لکھتے لکھتے مجھے تو پسینہ آ گیا ہے ۔ اس لیے بس اسی کو ہی کافی سمجھیں، میں تو آگے چلا۔۔۔۔۔​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ برگ حنا صاحبہ:۔
اکثر سنتے ہوں گے آپ بھی ۔ وہ آیا اس نے دیکھا اور فتح کر لیا، بس جی سمجھ لیں کہ کسی متعصب مرد نے موئنث کے صیغے کو مذکر میں بدلا ہے ورنہ اصل میں یہ محاورہ میری ان بہت ہی ڈیسنٹ اور بہت ہی پیاری آپی جان کیلئے کہا گیا ہے۔بحر الکاہل کی تہہ میں واقع دنیا کی سب سے گہری کھائی جوڈی ٹرینچ (شاید نام غلط لکھ گیا ہوں)اب پرانے زمانے کی بات سمجھیں ۔ ذرا ان محترمہ سے ملیے کیا خوب کہا ہے حضرت سلطان باہو ؒ نے :۔​
دل دریا سمندروں ڈونگھے ۔۔۔۔ تے کون دلاں دیاں جانڑے ہُو​
چودہ طبق دلے دے اندر۔۔۔۔۔۔۔۔ تمبو وانگوں تانے ہُو۔​
محفل پہ آتے ہی چھا گئیں ۔ شاید ان کا پہلا دن تھا ، ان کے تعارف کے دھاگے کو دیکھا تو سوچا چل کے ہم بھی سلام کر لیں اور خوش آمدید کہہ لیں ۔ کہ نئے آنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ، مگر وہاں تو صورت ہی اور تھی۔۔۔۔میں نے سلام اور خوش آمدید کہہ کے کھسکنا چاہا مگر آپی نے خواجہ اینڈ سن ڈرامے کی یاد تازہ کرادی مجھے گردن سے پکڑ کے ۔۔۔ 5منٹ بعد مجھے لگ رہا تھا یہ تو جیسے میری برسوں کی بچھڑی سگی آپی ہیں​
نہایت ہی سادہ مزاج، نہایت ہی سادہ دل ، نہایت ہی حساس ، نہایت ہی خوبصورت ہیرے جیسے دل کی مالک میری یہ آپی کمال کی شخصیت ہیں ۔ گہری اتنی ہیں کہ باوجود لاکھ سر پٹکنے کے مجھے بھی اپنا نام نہیں بتایا ۔ بات کو ٹالنے کی ایسی ماہر ہیں کہ بندے کو محسوس ہی نہیں ہونے دیتیں کہ یہ ٹال رہی ہیں ۔بے حد اعلی ذوق اور نہایت ہی ذہین دماغ کی مالک بھی ہیں ، ان سے باتوں میں جیتنا ہاتھی کو نیکر پہنانے اور اونٹ کو رکشے میں بٹھانے سے بھی زیادہ مشکل ہے ۔کمال کی حس ِ مزاح پائی ہے ، اور پھر سونے پہ سہاگہ یہ کہ اس کا استعمال بھی اچھی طرح جانتی ہیں۔ اکثر اوقات سٹار پلس کے ڈرامے "ساتھیا" کی ایک کردار "گوپی بہو" کو کاپی کرتی رہتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کے سب دکھ آسان کر دے ، انہیں سچی اور پائیدارخوشیاں عطا کرے، ان کے سارے دلدر ان سے دور کرے۔۔۔ آمین یا رب العٰلمین​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ ہی ہی ہی صاحبہ:۔
اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آم دیکھتے ہی غالبؔ یاد آ جاتے ہیں ۔ آم تو جیسے غالبؔ کا انتخابی نشان ہو گیا ہے۔ ایسے ہی کہیں پہ کوئی "ہی ہی ہی" کرے نہ صرف مجھے بلکہ آپ سب کو بھی جو پڑھ رہے ہیں ، ایک نٹ کھٹ ، شوخ و شنگ ، شرارتی ، اور زندگی سے بھرپور اللہ کی بندی یاد آ جاتی ہے ۔ سب سے پہلے تو سب مل کر دعا کریں کہ یہ ہمیشہ یونہی ہنستی مسکراتی رہے ، آمین ۔۔۔۔۔​
نظام قدرت ہے کہ ہر چیز آگے کے سفر میں ہے ، بچے بڑے ہوتے ہیں ، جوان ہوتے ہیں ادھیڑ عمر ہوتے ہیں ، پھر سرفی کول ، اور لال شربت والی عمر آتی ہے ، اور اس طرح بندہ کھانستے کھانستے اگلے جہان کا ویزا لگوا کر یہ جا وہ جا۔۔۔ مگر مقدس کے تو کام ہی نرالے ہیں ۔۔۔ یہ چھوٹی تھی ، پھر بجائے بڑی ہونے کے ایک سال بعد مزید چھوٹی ہو گئی ، جن لوگوں نے مقد س کی پرانی اوتار دیکھی ہے اور اب نئی بھی دیکھی ہے وہ میری بات سے ضرور اتفاق کریں گے۔ ڈیڈی کی لٹل گرل روز بروز لٹل ہی ہوتی جائے گی۔ ذہانت اور سمجھداری اس پہ بس ہے ، ابھی کچھ مہینے پہلے یہی مقدس تھی کہ ہر لفظ کا مطلب پوچھا کرتی تھی ، اور بات کے مشکل ہونے کا شکوہ کرتی تھی، مگر اب وہی مقدس ہے کہ​
بقول اقبالؒ:۔​
عروج مقدس باجی سے مردم سہمے جاتے ہیں۔۔۔۔ کہ یہ یوکے کی گڑیا اردو محفل کی خالہ نہ بن جائے​
مگر اب ایسا بھی نہیں ، کہ آپ ذہن میں تصور کیے بیٹھے ہوں 2 پونیاں بنائے، رال ٹپکاتی ، ہی ہی ہی کرتی لٹل گرل کا ۔ کچھ عرصہ میں بھی اسی غلط فہمی میں رہا ، مگر ایک دن اس کی پروفائل پر نظر پڑ گئی ، تو انکشاف ہوا کہ "یہ رولا کوئی اور ہے" خواتین کی عمر کے درست تعین کیلئے فدوی نے ایک فارمولہ گھڑا ہوا ہے ، اب تک تو اس کو ہر خاتون کے معاملے میں کامیاب پایا ہے ۔ فارمولہ کچھ یوں ہے کہ خاتون سے عمر پوچھیں ، ان کی بتائی عمر میں 5 سال کا اضافہ کریں ۔​
کچھ عرصہ پہلے لائبریرین سے مدیر ہوئیں ، پھر اعلی کارکردگی کی بنیاد پر مقدس خاتون مدیر اعلی کے منصب پر فائز کی گئیں۔میں نے بڑوں بڑوں کو نشہ چڑھتے دیکھا ہے اقتدار کا ، کرسی کا ، منصب کا۔ لوگوں کی ہوا بدل جاتی ہے ، انسانیت ختم ہو جاتی ہے ، دیدے سفید ہو جاتے ہیں۔مگر مقدس مقدس ہی رہی ۔اس کا نہ تو مدیریت کچھ بگاڑ سکی نہ ہی مدیر اعلی ہونا۔ اور میرا خیال ہے کہ مقدس کی عزت کرنے کیلئے اس کی یہی ایک خوبی ہی کافی ہے۔​
جیتی رہو بہنا۔۔۔​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ عائشہ عزیز صاحبہ:۔
ایک خوبصورت سی مانو بلی ، جو نہ تو دودھ پیتی ہے ، نہ چھیچھڑوں کے خواب دیکھتی ہے۔ بس لائبریری میں مصروف رہتی ہے ، کبھی کبھی محفل میں بھی نظر آ جاتی ہے ۔لو گ جہاں الم غلم پوسٹنگ کر کے تھریڈز کی تعداد اور مراسلوں کی دوڑ میں لگے ہیں ،وہاں اس اللہ کی بندی کا یہ حال ہے کہ اس کے اپنے تعارف کا تھریڈ بھی کسی اور کے ہاتھوں وقوع پذیر ہوا۔ لیکن جوئندہ پائندہ ، میں نے بھی با لاخر عائشہ کا ایک تھریڈ ڈھونڈ ہی نکالا" ایک ا نٹرویو وِد مہ جبین آنی "۔میں نے عائشہ کیلئے ایک ترانہ بھی لکھا تھا ، مگر آ ج کل چونکہ کرفیو نافذ ہے اور میرے سلام کو بھی گالی سمجھا جا رہا ہے اس لیے مزید کچھ لکھ کے ایٹمی جنگ کو دعوت دینے سے امن بہتر ہے۔ جیتی رہو چھوٹی بہنا۔۔۔​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ نیلم صاحبہ:۔
ایک بے حد ڈیسنٹ اور سلجھی ہوئی خاتون محفلین ، ہماری بہنوں کی لسٹ میں ایک قابل قدر اضافہ۔۔۔۔۔​
فالتو قسم کے پیغامات کر کرکے مراسلوں کی تعداد بڑھانے سے زیادہ اچھی اور کام کی پوسٹنگ کو ترجیح دیتی ہیں ۔ ان کی کوئی بھی پوسٹ دیکھ لیں ، آپ سراہے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔جیتی رہو بہنا۔۔۔۔۔​
ہر ہائی نیس عالی جنابہ محترمہ قرۃالعین اعوان صاحبہ:۔
میانوالی سے ہیں ، لیکن خدا جانے میاں والی بھی ہیں یا نہیں ۔۔۔۔​
سلطان راہی مرحوم کا ورلڈ ریکارڈ ہے سب سے زیادہ فلموں میں بطور ہیرو کام کرنے کا۔​
عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی کو بھی شاید شمشاد کی گھٹی لگی تھی کہ سب سے زیادہ میوزک البم ریلیز کرنےاور سب سے زیادہ گانے گانے کے دعویدار ہیں ۔​
اب خربوزے کو دیکھ کر اگر خربوزہ رنگ پکڑ سکتا ہے تو یہ معزز خاتون بھلا کیوں پیچھے رہتیں ۔ محفل پہ آئے ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن بھی نہیں ہوئے اور یہ ہزاری خلعت پا چکی ہیں ۔ شاہد آفریدی کی چھکا مارکہ تیز ترین سینچری کی طرح ان کا بھی ہر 5 منٹ بعد ایک نیا تھریڈ اور ہر 3 منٹ بعد ایک نئی پوسٹ محفل کی زینت بنتی رہتی ہے ۔ اور مجھ جیسا آلسی بندہ پطرس کی طرح صرف یہ سوچتے سوچتے سو جاتا ہے کہ پہلے ان کی کونسی پوسٹ پڑھوں ۔ اور لائٹ گو وینٹ گون ہو جاتی ہے ۔اللہ ان کو سلامت رکھے یہ ہماری قرضدار ہیں ۔ مگر نہ جانے کب ان کو فرصت ملے گی۔ ہو سکتا ہے اس تحریر کو بھی بک مارک کر لیں کہ جب فرصت ملی پڑھ لوں گی۔ ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ مذاق بہت اچھی طرح سمجھتی بھی ہیں اور انجوائے بھی کرتی ہیں۔(فاعتبرو یا اولوالابصار)​
 

شمشاد

لائبریرین
جہاں تک میں سمجھ سکا ہوں، چھوٹے چچا نے ابھی شروعات کی ہیں۔ ابھی تو بہت ساری اراکین کے نام آنے ہیں۔
 

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
شاہد آفریدی کی چھکا مارکہ تیز ترین سینچری کی طرح ان کا بھی ہر 5 منٹ بعد ایک نیا تھریڈ اور ہر 3 منٹ بعد ایک نئی پوسٹ محفل کی زینت بنتی رہتی ہے ۔ اور مجھ جیسا آلسی بندہ پطرس کی طرح صرف یہ سوچتے سوچتے سو جاتا ہے کہ پہلے ان کی کونسی پوسٹ پڑھوں ۔ اور لائٹ گو وینٹ گون ہو جاتی

یہی کچھ میں آپ کے بارے میں بھی سوچ رہی تھی کہ آپ خود تو سانس لینے کی مہلت نہیں دیتے بھیا اور ٹرین چل پڑتی ہے
 

مہ جبین

محفلین
بھائی اویس !
یہ تم نے میرے بارے میں کیا الم غلم لکھ ڈالا؟؟؟؟

کیا غضب کردیا کہ خواتین محفلین میں سب سے اونچی مسند پر لا بٹھایا؟؟؟؟؟

تمہیں پتہ ہے کہ مجھے تو اونچائی سے بہت خوف آتا ہے، اوپر پہنچ کر جو نیچے نظر کر لوں تو خوف سے چکر آنے لگتے ہیں ، اوپر جانے کے بعد ہمیشہ گرنے کا ڈر لگا رہتا ہے ، تو زیادہ بہتر یہی ہے کہ مجھے تو محفل کا کوئی سب سے نیچا والا کونہ مل جائے ، تاکہ گرنے کے خوف سے نجات ملے۔

بس تم سب کی یہی محبت ہے جو مجھے یہاں سے جانے نہیں دیتی
ابھی کچھ دیر پہلے میں سوچ رہی تھی کہ اب میں آنلائن آنا چھوڑ دوں گی، اور کسی سے بھی محفل میں بات بھی نہیں کروں گی ۔۔۔۔۔۔
بس کچھ قنوطیت چھاگئی تھی مجھ پر۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دل بہت زیادہ بوجھل بوجھل تھا اور اداسی اپنی انتہا کو پہنچی ہوئی تھی۔۔۔۔۔
لیکن پھر دل نہ مانا اور میں آنلائن آہی گئی
اور آتے ہی تمہارے خلوص سے لبریز تحریر نے تو ایک لمحے کو مجھے ساکت ہی کردیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
مجھے سمجھ نہیں آئی کہ میں کس طرح اس عزت افزائی پر تمہارا شکریہ ادا کروں
میرے پاس الفاظ نہیں ہیں اویس ۔۔۔۔ میں اپنے آپ کو اس قدر عزت کے لائق نہیں سمجھتی ہوں بھائی۔۔۔۔!!!

اللہ تم کو دنیا اور آخرت میں عزتوں اور سعادتوں سے مالامال فرمائے

اور دین دنیا میں سرخرو کرے آمین
 

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
بھائی اویس !
یہ تم نے میرے بارے میں کیا الم غلم لکھ ڈالا؟؟؟؟

کیا غضب کردیا کہ خواتین محفلین میں سب سے اونچی مسند پر لا بٹھایا؟؟؟؟؟

تمہیں پتہ ہے کہ مجھے تو اونچائی سے بہت خوف آتا ہے، اوپر پہنچ کر جو نیچے نظر کر لوں تو خوف سے چکر آنے لگتے ہیں ، اوپر جانے کے بعد ہمیشہ گرنے کا ڈر لگا رہتا ہے ، تو زیادہ بہتر یہی ہے کہ مجھے تو محفل کا کوئی سب سے نیچا والا کونہ مل جائے ، تاکہ گرنے کے خوف سے نجات ملے۔

بس تم سب کی یہی محبت ہے جو مجھے یہاں سے جانے نہیں دیتی
ابھی کچھ دیر پہلے میں سوچ رہی تھی کہ اب میں آنلائن آنا چھوڑ دوں گی، اور کسی سے بھی محفل میں بات بھی نہیں کروں گی ۔۔۔ ۔۔۔
بس کچھ قنوطیت چھاگئی تھی مجھ پر۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔
دل بہت زیادہ بوجھل بوجھل تھا اور اداسی اپنی انتہا کو پہنچی ہوئی تھی۔۔۔ ۔۔
لیکن پھر دل نہ مانا اور میں آنلائن آہی گئی
اور آتے ہی تمہارے خلوص سے لبریز تحریر نے تو ایک لمحے کو مجھے ساکت ہی کردیا۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ !
مجھے سمجھ نہیں آئی کہ میں کس طرح اس عزت افزائی پر تمہارا شکریہ ادا کروں
میرے پاس الفاظ نہیں ہیں اویس ۔۔۔ ۔ میں اپنے آپ کو اس قدر عزت کے لائق نہیں سمجھتی ہوں بھائی۔۔۔ ۔!!!

اللہ تم کو دنیا اور آخرت میں عزتوں اور سعادتوں سے مالامال فرمائے

اور دین دنیا میں سرخرو کرے آمین
نہیں اپیا آپ سب اتنی جلدی جانے کی بات کیوں کرتے ہیں؟؟
کچھ اور بھی تو کیا جاسکتا ہے
 

مہ جبین

محفلین
سیدہ شگفتہ ، برگِ حنا ، نیلم ، عائشہ عزیز ، مقدس اور قرۃالعین کے بارے میں تو جو لکھا ہے بہت خوب ہے ماشاءاللہ

لفظ لفظ موتی پروئے ہوں جیسے :applause: :great:

اللہ تمہارے قلم میں بہت روانی عطا فرمائے آمین
 

مہ جبین

محفلین
جو خود طفلِ مکتب ہو وہ کسی کو بھلا کیا سکھا سکتا ہے؟؟؟

میں تو سب سے ہی کچھ نہ کچھ سیکھتی ہوں
دعا کرنا اللہ ہم سب کے ذہنوں کو علم دین کی روشنی سے منور فرمائے آمین
 

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
بھائی اویس !
یہ تم نے میرے بارے میں کیا الم غلم لکھ ڈالا؟؟؟؟

کیا غضب کردیا کہ خواتین محفلین میں سب سے اونچی مسند پر لا بٹھایا؟؟؟؟؟
ابھی کچھ دیر پہلے میں سوچ رہی تھی کہ اب میں آنلائن آنا چھوڑ دوں گی، اور کسی سے بھی محفل میں بات بھی نہیں کروں گی ۔۔۔ ۔۔۔
بس کچھ قنوطیت چھاگئی تھی مجھ پر۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔
دل بہت زیادہ بوجھل بوجھل تھا اور اداسی اپنی انتہا کو پہنچی ہوئی تھی۔۔۔ ۔۔
لیکن پھر دل نہ مانا اور میں آنلائن آہی گئی
اور آتے ہی تمہارے خلوص سے لبریز تحریر نے تو ایک لمحے کو مجھے ساکت ہی کردیا۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ !
مجھے سمجھ نہیں آئی کہ میں کس طرح اس عزت افزائی پر تمہارا شکریہ ادا کروں
میرے پاس الفاظ نہیں ہیں اویس ۔۔۔ ۔ میں اپنے آپ کو اس قدر عزت کے لائق نہیں سمجھتی ہوں بھائی۔۔۔ ۔!!!
تھوڑا سا رحم نہیں ہو سکتا؟
آپ کے کہنے پہ میں واپس آیا اور محترمہ ہیں کہ رسے تڑا رہی ہیں
میں یہاں صرف آپ کی وجہ سے اور مغزل کی وجہ سے ہوں
باقی آپ کی مرضی
آپ پریشان نہ ہوں، شکریہ ادا کرنے کیلئے سیبوں کا مربہ پارسل کر دیں:laugh:
 

نیلم

محفلین
واہ بہت خوبصورت بھائی اور اپنےلیے آپ کی تحریر مجھےبہت پسند آئی اور سب بہنوں کے بارے میں بھی آپ نے بہت اچھالکھا...واقعی بہت خوبصورت تحریر...آپ نےبہنوں سے محبت کاحق ادا کردیا.مبارک باد قبول کہیجے...
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
لاجواب تحریر۔ کمال تحریر:best: ۔ کوئی شک نہیں کہ تمام اس تحریر کا اپنی اپنی جگہ آئینہ نظر آتی ہیں۔ جناب چھوٹا غالب زبردست بھی چھوٹا محسوس ہو رہا ہے آج ان تحریروں کے سامنے۔ اللہ پاک تمہیں خوش رکھے اور سدا یونہی بہترین موتی محفل میں پروتے رہنے کی توفیق دے۔ آمین۔
 
Top