برائے اصلاح: بس یہی اک تھا مرض شہر کے دیوانے میں

مقبول

محفلین
محترم الف عین صاحب، دیگر اساتذہ کرام اور احباب سے اصلاح کی درخواست کے ساتھ یہ غزل پیشِ خدمت ہے
جناب شکیل احمد خان23 صاحب ۔ فرمائیے ، آپ اس غزل کو پہلے والی غزل کے مقابلے میں کس طرح دیکھتے ہیں
بس یہی اک تھا مرض شہر کے دیوانے میں
ہر قدم پیار کیا جانے یا انجانے میں

معتبر عشق نے ہے کر دیا اک حشرے کو
ورنہ کیا خاص ہے کمزور سے پروانے میں

ایک تم ہو کہ ابھی تک ہو مرے دل کے مکیں
کون رہتا ہے وگرنہ کسی ویرانے میں

زخم کتنے ہیں لگے اس کے سبب ، جان تو لے
دو خبر اس کو، ہو شامل مرے نہلانے میں

عشق کرنا ہوتو پھر موت سے ڈرنا کیسا
خوف جلنے کا کبھی دیکھا ہے پروانے میں

میں نے تو حسن کی کرنی ہے پرستش مقبول
کیا کروں گا میں کسی معبد و بت خانے میں
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
بس یہی اک تھا مرض شہر کے دیوانے میں
ہر قدم پیار کیا جانے یا انجانے میں
... مجہول اظہار بیان ہے
ہر قدم پر کوئی کیسے پیار کرتا ہے؟
انجانے میں کیسے؟
پیار کرنے والا کون؟
پہلے مصرع میں اک تھا مرض اچھا نہیں

معتبر عشق نے ہے کر دیا اک حشرے کو
ورنہ کیا خاص ہے کمزور سے پروانے میں
... "ہے کر دیا"؟ الفاظ بدلے جائیں

ایک تم ہو کہ ابھی تک ہو مرے دل کے مکیں
کون رہتا ہے وگرنہ کسی ویرانے میں
... درست

زخم کتنے ہیں لگے اس کے سبب ، جان تو لے
دو خبر اس کو، ہو شامل مرے نہلانے میں
... شاعر زندہ نہلانے کی بات کر رہا ہے؟

عشق کرنا ہوتو پھر موت سے ڈرنا کیسا
خوف جلنے کا کبھی دیکھا ہے پروانے میں
... درست

میں نے تو حسن کی کرنی ہے پرستش مقبول
کیا کروں گا میں کسی معبد و بت خانے میں
... میں نے یا مجھ کو؟ شعر درست ہے
 

مقبول

محفلین
سر الف عین ، بہت مہربانی
اب دیکھیے
بس یہی اک تھا مرض شہر کے دیوانے میں
ہر قدم پیار کیا جانے یا انجانے میں
... مجہول اظہار بیان ہے
ہر قدم پر کوئی کیسے پیار کرتا ہے؟
انجانے میں کیسے؟
پیار کرنے والا کون؟
پہلے مصرع میں اک تھا مرض اچھا نہیں
مطلع بدل دیا ہے
رحم قدرت کو نہ آیا یہ ستم ڈھانے میں
لکھ دیئے دکھ مری قسمت کے ہر اک خانے میں
معتبر عشق نے ہے کر دیا اک حشرے کو
ورنہ کیا خاص ہے کمزور سے پروانے میں
... "ہے کر دیا"؟ الفاظ بدلے جائیں
معتبر کر دیا ہے عشق نے اک حشرے کو
ورنہ کیا خاص تھا کمزور سے پروانے میں
زخم کتنے ہیں لگے اس کے سبب ، جان تو لے
دو خبر اس کو، ہو شامل مرے نہلانے میں
... شاعر زندہ نہلانے کی بات کر رہا ہے؟
سر، میں تو شک کا فائدہ لینا چاہتا تھا۔ اب آپ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے تو مجھے مرنا ہی پڑے گا 😁😁۔ یہ تبدیلی دیکھیے
زخم کتنے ہیں لگے اس کے سبب ، جان تو لے
وُہ بھی شامل ہو مری موت پہ نہلانے میں
میں نے تو حسن کی کرنی ہے پرستش مقبول
کیا کروں گا میں کسی معبد و بت خانے میں
... میں نے یا مجھ کو؟ شعر درست ہے
سر، نااہلِ زبان ہونے کہ وجہ سے اکثر مجھ کو اور میں نے کا فرق بھول جاتا ہوں
مجھ کو تو حسن کی کرنی ہے پرستش مقبول
کیا کروں گا میں کسی معبد و بت خانے میں
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
مطلع درست ہو گیا
معتبر کر دیا ہے عشق نے اک حشرے کو
"ہے" کی وجہ سے روانی متاثر ہو رہی ہے، اس کے بغیر کچھ سوچو، یا "ورنہ" کو مصرعے کے آخر میں لا کر دوسرے کو یوں کر دو
بات کیا خاص تھی کمزور/موہوم سے پروانے میں
باقی اشعار درست ہو گئے
 

مقبول

محفلین
مطلع درست ہو گیا

"ہے" کی وجہ سے روانی متاثر ہو رہی ہے، اس کے بغیر کچھ سوچو، یا "ورنہ" کو مصرعے کے آخر میں لا کر دوسرے کو یوں کر دو
بات کیا خاص تھی کمزور/موہوم سے پروانے میں
باقی اشعار درست ہو گئے
سر الف عین ، بہت نوازش
کیا یہ مصرعہ اس طرح ٹھیک ہو سکتا ہے

معتبر عاشقی نے کر دیا اک حشرے کو
یا
معتبر عاشقی نے کر دیا اس کو ورنہ
 
Top