برائے اصلاح: چاہت کا طلبگار ہے، کشکول ہے خالی

مقبول

محفلین
محترم الف عین صاحب
محترم محمّد احسن سمیع :راحل: صاحب
دیگر اساتذہ کرام اور احباب سے اصلاح کی درخواست ہے

چاہت کا طلب گار ہے ، کشکول ہے خالی
مُدّت سے ترے در پہ جو بیٹھا ہے سوالی

برفیلے علاقوں کا تُو شوقین بہت ہے
جذبوں پہ بھی ہے برف کی اک تہہ سی جما لی

اک میں ہوں کہ رکھتا ہوں جو دل پیار سے لبریز
اک تُو ہے کہ دل تیرا محبت سے ہے خالی

رہتی ہے مری تجھ سے ملاقات مسلسل
رکھتا ہوں تری ذہن میں تصویر خیالی

جس رات تمہیں دیکھا وہی ہو گئی شبرات
تم مل گئے جس دن اُسی دن عید منا لی

انکار سے ہٹنے کی نہیں تیری بھی عادت
میں نے بھی قسم جاں سے گذر نے کی ہے کھا لی

ہے دل میں جگہ تیرے تو پھر ٹھیک ہے ورنہ
جا، قیس کے پیروں میں بھی ہے قبر کی خالی

اک میں ہوں کہ عزت پہ تری جان بھی دے دوں
اک تُو کہ سمجھتا ہے مرے نام کو گالی

گر مجھ سے تعلق نہیں تو ذکر پہ میرے
کیوں آتی ہے فوراً ترے رخسار پہ لالی

کیا میری بھی محرومیوں کا ہو گا ازالہ
انصاف کی ہے تُو نے اگر شمع اٹھا لی

پتھر ہو کہ فولاد، پگھل جاؤ گے تم بھی
مقبول نے بھی ایسے محبت نہیں پالی
 

الف عین

لائبریرین
جذبوں پہ بھی ہے برف کی اک تہہ سی جما لی
بحر میں کمی ہے، شاید "کچھ برف" لکھنا تھا، جو چھوٹ گیا

رہتی ہے مری تجھ سے ملاقات مسلسل
... شاید "ہوتی رہتی" سے بات واضح ہو سکے، ورنہ 'مسلسل' کو بدل کر دیکھو

جا، قیس کے پیروں میں بھی ہے قبر کی خالی
... ' جا' go کے معانی میں بھی سمجھا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ قیس کے پیر ہی کیوں؟ قیس کی قبر
کے پاس کہا جائے

اک میں ہوں کہ عزت پہ تری جان بھی دے دوں
اک تُو کہ سمجھتا ہے مرے نام کو گالی
.. پہلا مصرع... تری دیتا ہوں جاں بھی
بہتر ہو گا

انصاف کی ہے تُو نے اگر شمع اٹھا لی
.. شمع اٹھانا؟ یہ کوئی محاورہ نہیں، ہاں، مشعل اٹھانا کہا جا سکتا ہے کہ احتجاج یا جد و جہد کے لئے منظم ہونے کے لیے کہا جا سکتا ہے

باقی اشعار درست ہیں
 

مقبول

محفلین
الف عین
سر، بہت شُکریہ
جذبوں پہ بھی ہے برف کی اک تہہ سی جما لی
بحر میں کمی ہے، شاید "کچھ برف" لکھنا تھا، جو چھوٹ گیا
عروض پر چیک کیا ہے تو بحر مکمل ہے

مفعول​
مفاعیل​
مفاعیل​
فَعُولن​
بر فی لِ​
عِ لا قو کَ​
تُ شَو قِین​
بَہُت ہے​


مفعول​
مفاعیل​
مفاعیل​
فَعُولن​
جذ بو پ​
بِ ہے بَرْف​
ک اک تہَسِ​
ج ما لی​

رہتی ہے مری تجھ سے ملاقات مسلسل
... شاید "ہوتی رہتی" سے بات واضح ہو سکے، ورنہ 'مسلسل' کو بدل کر دیکھو
باتیں میں تری کرتا ہوں ہر وقت ہی تُجھ سے
رکھتا ہوں تری ذہن میں تصویر خیالی
جا، قیس کے پیروں میں بھی ہے قبر کی خالی
... ' جا' go کے معانی میں بھی سمجھا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ قیس کے پیر ہی کیوں؟ قیس کی قبر
کے پاس کہا جائے
ہے دل میں جگہ تیرے تو پھر ٹھیک ہے ورنہ
مجنوں کے بھی پہلو میں ہے جا قبر کی خالی
اک میں ہوں کہ عزت پہ تری جان بھی دے دوں
اک تُو کہ سمجھتا ہے مرے نام کو گالی
.. پہلا مصرع... تری دیتا ہوں جاں بھی
بہتر ہو گا
جی، ایسے ہی کر دیا ہے۔ شکریہ
انصاف کی ہے تُو نے اگر شمع اٹھا لی
.. شمع اٹھانا؟ یہ کوئی محاورہ نہیں، ہاں، مشعل اٹھانا کہا جا سکتا ہے کہ احتجاج یا جد و جہد کے لئے منظم ہونے کے لیے کہا جا سکتا ہے
کیا میری بھی محرومیوں کا ہو گا ازالہ
انصاف کی مشعل ہے اگر تُم نے اٹھا لی
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
اب درست ہو گئی ۔
معذرت نہ جانے مجھے برف والا شعر میں کچھ حروف کی کمی کیوں لگی؟ میں رجوع کرتا ہوں
 

مقبول

محفلین
اب درست ہو گئی ۔
معذرت نہ جانے مجھے برف والا شعر میں کچھ حروف کی کمی کیوں لگی؟ میں رجوع کرتا ہوں
الف عین
سر، بہت شُکریہ
آپ معذرت نہ کریں ، مجھے اچھا محسوس نہیں ہوتا بلکہ بہتر ہے کہ آپ کے کہنے پر میں نے دوبارہ چیک کر لیا بعض اوقات اس طرح کی کمی رہ بھی جاتی ہے۔ الّلہ پاک آپ کو خوش و خرم رکھے
 
Top