برائے اصلاح ۔ مری حقیقت ہے اک معمہ

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
الف عین ، محمّد احسن سمیع :راحل: ، یاسر شاہ ، سید عاطف علی

میں آپ خود سے نا آشنا ہوں
ہوں خاک، یا میں کہ کیمیا ہوں

مجھے خبر ہی نہیں کہ کیا ہوں
میں خود ہی خود کو تلاشتا ہوں

مری حقیقت ہے اک معمہ
نہ عین تیرا، نہ دوسرا ہوں

ہر ایک منزل پہ میں پہنچ کر
نئے ہی سانچوں میں ڈھل رہا ہوں

ہوں بادباں تو بھنور بھی ہوں میں
میں آپ اپنی ہی ابتلا ہوں

یقین کتنا ہے خام میرا
دلیل آنکھوں کو مانتا ہوں

ظہور کیا ہے؟ ترا ارادہ۔۔۔
نہیں سوا کچھ، جو دیکھتا ہوں

ہیں مہر و مہ گو تری نگارش
ترے قلم کا میں معجزہ ہوں

گو مضمحل سی ہے فکر میری
تجھے خیالوں میں سوچتا ہوں

ہر ایک ڈھب سے تجھے ہے سوچا
ترا سراپا نہ پا سکا ہوں

اے ماورائے خیال! تجھ کو
ہر ایک ذرے میں دیکھتا ہوں
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
میں آپ خود سے نا آشنا ہوں
نآشنا تقطیع ہونا درست نہیں

مری حقیقت ہے اک معمہ
نہ عین تیرا، نہ دوسرا ہوں
.. عین؟ کیا تم. بھی تخلص اختیار کر رہے ہو عاطف ملک کی طرح

ظہور کیا ہے؟ ترا ارادہ۔۔۔
نہیں سوا کچھ، جو دیکھتا ہوں
.. واضح نہیں ہوا
باقی اشعار درست لگ رہے ہیں
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
میں آپ خود سے نا آشنا ہوں
نآشنا تقطیع ہونا درست نہیں
بہت بہتر۔۔ یہ دیکھیے گا۔
"میں آپ خود سے کب آشنا ہوں"
مری حقیقت ہے اک معمہ
نہ عین تیرا، نہ دوسرا ہوں
.. عین؟ کیا تم. بھی تخلص اختیار کر رہے ہو @عاطف ملک کی طرح
استادِ محترم یہ تخلص نہیں ہے۔ یہ کچھ صوفیانہ طرز پر کہنے کی کوشش کی ہے۔
کہنے کی کوشش تو اس طرح کی تھی کہ نہ ہی میں تجھ سے ملا ہوا ہوں کہ تیرا عین (معاذ اللہ) بن جاؤں اور نہ ہی تجھ سے الگ میں کوئی ایسا دوسرا ہوں کہ وہ اپنی پہچان رکھتا ہو۔
ظہور کیا ہے؟ ترا ارادہ۔۔۔
نہیں سوا کچھ، جو دیکھتا ہوں
.. واضح نہیں ہوا
جس جس چیز کا ظہور ہوا ہے وہ محض تیرا ارادہ ہے۔ جو میں دیکھتا ہوں اس (تیرے ارادے) کے سوا کچھ نہیں ہے۔
 
الف عین

لائبریرین
بہت بہتر۔۔ یہ دیکھیے گا۔
"میں آپ خود سے کب آشنا ہوں"

استادِ محترم یہ تخلص نہیں ہے۔ یہ کچھ صوفیانہ طرز پر کہنے کی کوشش کی ہے۔
کہنے کی کوشش تو اس طرح کی تھی کہ نہ ہی میں تجھ سے ملا ہوا ہوں کہ تیرا عین (معاذ اللہ) بن جاؤں اور نہ ہی تجھ سے الگ میں کوئی ایسا دوسرا ہوں کہ وہ اپنی پہچان رکھتا ہو۔

جس جس چیز کا ظہور ہوا ہے وہ محض تیرا ارادہ ہے۔ جو میں دیکھتا ہوں اس (تیرے ارادے) کے سوا کچھ نہیں ہے۔
بھئی یہ صوفیانہ کلام میرے سرسے گزر جاتا ہے، تکنیکی طور پر تو دونوں درست ہی ہیں۔
 
Top