یہ جو جی حضوری ہے پیارے
بڑی ہی ضروری ہے پیارے

تجھے نام و منصب ملے گا
اگر جی حضوری کرے گا

خوشامد کا منتر پڑھے جا
ترقی کے زینے چڑھے جا

خوشامد بڑوں کی کیے جا
جھکا کے سر اپنا جیے جا

ترے کام۔سارے بنیں گے
بنھور بھی کنارے بنیں گے

خوشامد جسے کرنی آئے
بہت خوب الّو بنائے

مجرب یہ نسخہ ہے یارو
جو شیشے میں کوئی اتارو


خوشامد کرے رام فوراً
بنائے سبھی کام فوراً

جسے چاٹ لگ جائے اسکی
اسے یاد تڑپائے اس کی

خوشامد خوش آتی ہے سب کو
کہ تعریف بھاتی ہے سب کو

نہیں پر یہ پیغام اچھا
خوشامد نہیں کام اچھا

خوشامد ہے آنکھوں کی پٹی
کرے عقلمندی کی چھٹی

خوشامد نہیں چیز اچھی
کہ تعریف اچھی ہے سچی

خوشامد کے چکر کو چھوڑو
ستائش کے پیچھے نہ دوڑو

خوشامد اگر تو کرے گا
خودی کا تماشا بنے گا

مٹا کر خودی تو جیے گا
تو کیا زندگی تو جیے گا

بری چیز ہے یہ کہ اچھی
کرو فیصلہ اب یہ خود ہی
 
آخری تدوین:
Top