برائے اصلاح

محمل ابراہیم

لائبریرین
محترم اساتذہ الف عین
محمد خلیل الرحمٰن
سید عاطف علی
محمد احسن سمیع: راحل و دیگر اساتذہ کرام

آداب

آپ سے اصلاح و رہنمائی کی درخواست ہے____


علم طبعی کے اصولوں کو بدل کر دیکھیں
ہم ذرا دیر ہواؤں میں ٹہل کر دیکھیں

ابر تھم جاتا ہے پر چھت ہے برستی تادیر
ٹھہریں اک رات مرے گھر پہ بہل کر دیکھیں
یا
آپ اک رات مرے گھر پہ بہل کر دیکھیں

پیٹ کی آگ سے بڑھ کر کوئی آتش ہی نہیں
بھوک کیا شئے ہے کبھی بھوک میں جل کر دیکھیں

زندگی کیسے گزرتی ہے بلا مسکن کے
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کر دیکھیں

جانتی ہوں مری بستی میں کوئی باغ نہیں
کیوں نہ خاشاک میں کُچھ دیر ٹہل کر دیکھیں

ہر بشر پیار لٹاتا ہی نظر آئےگا
کبھی سانچے میں محبت کے جو ڈھل کر دیکھیں

کیا ہے تصویر میں پنہاں و نمایاں کیا ہے؟
آئیے قید نظر سے یہ نکل کر دیکھیں

آخری دید کو اِک بھیڑ امڈ آئی ہے
یہ جنازہ ہے شرافت کا سنبھل کر دیکھیں
 
آخری تدوین:

امین شارق

محفلین
رہنمائی تو اساتذہ ہی کریں گے پر کچھ املا کی غلطیاں ٹھیک کرلیجئے گا

زندگی کیسے گزرتی ہے بلا مسکن کے
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کے دیکھیں
بنا
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کر دیکھیں

آخری دید کو اِک بھیڑ امڑ آئی ہے
یہ جنازہ ہے شرافت کا سنبھل کر دیکھیں
امڈ
 

محمل ابراہیم

لائبریرین
رہنمائی تو اساتذہ ہی کریں گے پر کچھ املا کی غلطیاں ٹھیک کرلیجئے گا

زندگی کیسے گزرتی ہے بلا مسکن کے
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کے دیکھیں
بنا
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کر دیکھیں

آخری دید کو اِک بھیڑ امڑ آئی ہے
یہ جنازہ ہے شرافت کا سنبھل کر دیکھیں
امڈ

بلا مسکن استعمال نہیں ہوتا؟؟؟؟
 

الف عین

لائبریرین
علم طبعی کے اصولوں کو بدل کر دیکھیں
ہم ذرا دیر ہواؤں میں ٹہل کر دیکھیں
... علم طبیعی ہوتا ہے، طبعی نہیں ۔ اور اگر ہوتا بھی تو یہ لفظ اس طرح یہاں نہیں آ سکتا کہ ب پر زبر ہے۔ یہ یو پی بہار کے لوگ نہ جانے کیوں دو زبر ایک ساتھ آنے پر ایک کو ساکن بولتے ہیں۔ طَبَعی، اَدَبی، دل جَمَعی وغیرہ۔ اگر تم بھی یہی تلفظ سنتی آئی ہو تو اب ہمیشہ کے لئے درست کر لو تلفظ!

ابر تھم جاتا ہے پر چھت ہے برستی تادیر
ٹھہریں اک رات مرے گھر پہ بہل کر دیکھیں
یا
آپ اک رات مرے گھر پہ بہل کر دیکھیں
... یہ بہلا جس طرح جاتا ہے، مجھے علم نہیں۔ روتے ہوئے بچے کو بہلانا تو سنا ہے کہ بچے کو بہلایا جاتا ہے اور بچہ بہل جاتا ہے۔ یا پھر فانی کی طرح "کھلونے دے کے بہلایا گیا ہوں"

پیٹ کی آگ سے بڑھ کر کوئی آتش ہی نہیں
بھوک کیا شئے ہے کبھی بھوک میں جل کر دیکھیں
.. درست


زندگی کیسے گزرتی ہے بلا مسکن کے
جاننا یہ ہے تو پھر گھر سے نکل کر دیکھیں
... شاید مراد یہ ہے کہ گھر چھوڑ کر واپس نہ آنے کے لئے نکل کر دیکھیں ۔ لیکن محاورہ تو یہ ہے کہ نکل کر دیکھیں پھر گھر میں واہس چلے جائیں!

جانتی ہوں مری بستی میں کوئی باغ نہیں
کیوں نہ خاشاک میں کُچھ دیر ٹہل کر دیکھیں
.. ٹھیک ہے

ہر بشر پیار لٹاتا ہی نظر آئےگا
کبھی سانچے میں محبت کے جو ڈھل کر دیکھیں
.. درست

کیا ہے تصویر میں پنہاں و نمایاں کیا ہے؟
آئیے قید نظر سے یہ نکل کر دیکھیں
... واو عطف کا یہ استعمال ہنفمدی کا ہے، اردو فارسی میں نہیں۔ یہاں واو عطف محض پیش کی طرح نظم کیا جاتا ہے۔ واو پر زبر کے ساتھ نہیں۔ یہ بھی ہندی علاقوں کے اردو دانوں کی عام غلطی ہے۔ اس کو یوں کہا جا سکتا ہے
کیا نمایاں ہے کسی نقش میں، پنہاں کیا ہے

آخری دید کو اِک بھیڑ امڈ آئی ہے
یہ جنازہ ہے شرافت کا سنبھل کر دیکھیں
.. درست
 

الف عین

لائبریرین
بنا یا بلا دونوں درست ہیں۔ لیکن بنا کے ساتھ بعد میں 'کے' بھی لگایا جاتا ہے۔ بنا گھر 'کے' ، بنا لباس 'کے'،
بلا کے ساتھ ایسی کوئی شرط نہیں
اس کے علاوہ بنا کے ساتھ ہندی لفظ ہی اچھا لگتا ہے، فارسی عربی نہیں
 

محمل ابراہیم

لائبریرین
علم طبعی کے اصولوں کو بدل کر دیکھیں
ہم ذرا دیر ہواؤں میں ٹہل کر دیکھیں
... علم طبیعی ہوتا ہے، طبعی نہیں ۔ اور اگر ہوتا بھی تو یہ لفظ اس طرح یہاں نہیں آ سکتا کہ ب پر زبر ہے۔ یہ یو پی بہار کے لوگ نہ جانے کیوں دو زبر ایک ساتھ آنے پر ایک کو ساکن بولتے ہیں۔ طَبَعی، اَدَبی، دل جَمَعی وغیرہ۔ اگر تم بھی یہی تلفظ سنتی آئی ہو تو اب ہمیشہ کے لئے درست کر لو تلفظ!

جی نہیں سر
میں یہ الفاظ زبر کے ساتھ ہی سنتی آئی ہوں اور اپنے علم کے مطابق طَبَعی ہی باندھا تھا مگر یہاں بحری اوزان پر ایسے نہ اترا ہو۔
 
آخری تدوین:

محمل ابراہیم

لائبریرین
مکرم اُستاد الف عین صاحب آپ سے نظرِ ثانی کی درخواست ہے______


قصر و ایوان کی چوکھٹ سے نکل کر دیکھیں
حال بستی کے غریبوں کا بھی چل کر دیکھیں

وہ مزہ قیمتی الماس و گہر میں کب ہے
آپ مٹّی کے کھلونوں سے بہل کر دیکھیں

بنت حوا کا گزر کتنا ہے دشوار یہاں
آپ عورت کا کبھی بھیس بدل کر دیکھیں

پیٹ کی آگ سے بڑھ کر کوئی آتش ہی نہیں
بھوک کیا شئے ہے کبھی بھوک میں جل کر دیکھیں

جانتی ہوں مری بستی میں کوئی باغ نہیں
کیوں نہ خاشاک میں کُچھ دیر ٹہل کر دیکھیں

ہر بشر پیار لٹاتا ہی نظر آئےگا
کبھی سانچے میں محبت کے جو ڈھل کر دیکھیں

کیا نمایاں ہے کسی نقش میں،پنہاں کیا ہے؟
آئیے قید نظر سے یہ نکل کر دیکھیں

آخری دید کو اِک بھیڑ امڈ آئی ہے
یہ جنازہ ہے شرافت کا سنبھل کر دیکھیں
 

الف عین

لائبریرین
مطلع کے علاوہ سب درست ہے۔ چوکھٹ پار کی جاتی ہے، چوکھٹ سے نکلا نہیں جاتا۔ یہاں دروازہ یا اس کا مترادف ہی باندھا جائے
 

محمل ابراہیم

لائبریرین
مطلع کے علاوہ سب درست ہے۔ چوکھٹ پار کی جاتی ہے، چوکھٹ سے نکلا نہیں جاتا۔ یہاں دروازہ یا اس کا مترادف ہی باندھا جائے
سر!
کواڑ لفظ کا استعمال کر سکتے ہیں؟

قصرِ شاہی کے کواڑوں سے نکل کر دیکھیں
حال بستی کے غریبوں کا بھی چل کر دیکھیں
 
Top