قمر جلالوی :::::: بنتا نہیں ہے حُسن سِتمگر شباب میں :::::: Qamar Jalalvi

طارق شاہ

محفلین

غزل
قمرؔ جَلالوی

بنتا نہیں ہے حُسن سِتمگر شباب میں
ہوتے ہیں اِبتدا ہی سے کانٹے گُلاب میں

جلوے ہُوئے نہ جذب رُخِ بے نقاب میں!
کرنیں سِمَٹ کے آ نہ سَکِیں آفتاب میں

بچپن میں یہ سوال، قیامت کب آئے گی؟
بندہ نواز آپ کے عہدِ شباب میں

صیّاد! آج میرے نَشیمن کی خیر ہو !
بجلی قَفس پہ ٹُوٹتی دیکھی ہے خواب میں

آغازِ شوقِ دِید میں اِتنی خَطا ہُوئی
انجام پر نِگاہ نہ کی اِضطراب میں

اب، چُھپ رہے ہو سامنے آکر، خبر بھی ہے!
تصوِیر کھنچ گئی نِگہِ اِنتخاب میں

کشتی کسی غرِیب کی ڈُوبی ضرُور ہے
آنسو دِکھائی دیتا ہے چشمِ حباب میں

محشر میں ایک اشکِ ندامت نے دَھو دِیئے
جِتنے گناہ تھے مِری فردِ حساب میں

اُس وقت تک رہے گی قیامت رُکی ہُوئی
جب تک رہے گا آپ کا چہرہ نقاب میں

ایسے میں، وہ ہوں، باغ ہو، ساقی ہو، اے قمر !
لگ جائیں چار چاند شَبِ ماہتاب میں

قمرؔ جَلالوی
 

طارق شاہ

محفلین
انتخاب طارق شاہ کا ہو اور کلام قمر جلالوی کا
گویا شراب کہنہ کو دو آتشہ کر دیا ہو
شراکت کا شکریہ
سلامت رہیں
یہ تمام شراکت آپ سب کی خوش نظری اعلٰی ذوقی ہی کی مرہون ہے
تمام کمال و اعزازات بنام استاد قمر جلالوی کرتے ہُوئے انتخاب کی پزیرائی اور عزت افزائی کے لئے متشکّر ہُوں سیّد صاحب !
بہت شاد رہیں :)
 
Top