بورڈ میں نئی فیچرز کے منصوبے

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستو السلام علیکم،

یہ ویک اینڈ تو جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں بیکار بحث میں ہی برباد ہو رہا ہے۔ بہرحال کچھ منصوبوں کے بارے میں لکھے دیتا ہوں۔ میں نہ کر سکا تو شاید کوئی اور اسے مکمل کر پائے۔

اردو لغت

کئی دوست ایک اردو لغت کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں۔ اس سلسلے میں‌ میری نظر سے ایک سوفٹویر phpDictionary گزرا ہے۔ میرے خیال میں اسے ایک اردو لغت کے طور پر ڈھالنا زیادہ مشکل نہیں ہونا چاہیے۔ ایک مرتبہ اسے بطور اردو لغت کے قابل استعمال بنا لیا گیا تو اگلا مرحل اس میں ذخیرہ الفاظ اکٹھا کرنے کا آتا ہے۔ میں کسی پرانی پوسٹ میں اس کے بارے میں عرض کر چکا ہوں کہ اس کے لیے غالبا ایک word extractor استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ورڈ ایکسٹڑیکٹر کیا بلا ہے؟ تو جناب یہ ورڈ فریکوئنسی کاؤنٹر ہی ہے، بس یہ الفاظ کے تعدد کی جاچ پڑتال نہیں کرتا، محض ٹیکسٹ سے الفاظ ایک ایرے (array) کی صورت میں لوٹا دیتا ہے۔ یہ کہاں ہے؟ کہیں بھی نہیں۔ :p اسے بھی لکھنا پڑے گا۔ لیکن اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ پہلے سے موجود اردو ٹیکسٹ جو کہ اب وافر مقدار میں اردو نیوز ویب سائٹس اور اردو بلاگز وغیرہ پر موجود ہے، وہ اس کی ان پٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔ یوں کم از کم ذخیرہ الفاظ اکٹھا کرنے کا کام کسی حد تک automate ہو سکے گا۔

اردو وکی پیڈیا کی فورم میں انٹگریشن

جب سے سیدہ شگفتہ، وہاب اعجاز، رضوان اور محب نے ڈیجیٹل اردو لائبریری کے سلسلے میں باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، میں مسلسل ان کے کام کی اعانت کے لیے تکنیکی ممکنات پر غور کر رہا ہوں۔ ڈیجیٹل اردو لائبریری کے علاوہ سیدہ شگفتہ اور فیصل عظیم عربی زبان کے اسباق بھی لکھ رہے ہیں۔ یہ سب لوگ قابل صد تعریف ہیں کہ اپنا قیمتی وقت عوام الناس کے فائدے کے لیے صرف کر رہے ہیں۔ اگرچہ تعلیمی اور ادبی مواد مرتب کرنے کے لیے فورم پر پوسٹ‌ کرنے کا نظام کسی حد تک ٹھیک ہے لیکن میرے خیال میں اس کے لیے ایک وکی پیڈیا زیادہ موزوں رہے گا، اس کی وجہ یہ ہے وکی پیڈیا پر ٹیم ورک کے زیادہ مواقع میسر آتے ہیں۔ اس سلسلے میں میرا آئیڈیا محفل فورم کے پورٹل میں اردو وکی پیڈیا کا ادغام ہے۔ یہ کیسے ہوگا، یہ مجھے بھی نہیں پتا۔ :wink: :roll:

آئیڈیا یہ ہے کہ فورم اور وکی پیڈیا کے لیے ایک ہی یوزر ڈیٹا بیس استعمال ہو اور وکی پیڈیا کے صفحات بھی اسی پورٹل کے اندر دکھائے جا سکیں۔ اس کے علاوہ میں اردو وکی پر حالیہ ایڈیٹنگ کے سسٹم کو بھی تبدیل کرنا چاہتا ہوں۔ اس وقت اردو وکی میں اردو ٹیکسٹ کو علیحدہ سے وکی مارک اپ کے ذریعے فارمیٹ کرنا پڑتا ہے جبکہ میرے خیال میں اردو کے لیے سیٹ اپ کیے گئے وکیپیڈیا پر اردو ٹیکسٹ پر علیحدہ سے مارک اپ اپلائی کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے اس فورم پر محض اردو ٹیکسٹ ٹائپ کرنا کافی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اردو وکی میں اردو ویب پیڈ بھی انٹگریٹ کیا جانا چاہیے۔


یہ کافی ambitious پراجیکٹ ہے اور مجھے اس پر ابھی تک صحیح طرح معلومات بھی نہیں ملیں، لیکن دوستوں کا جوش و جذبہ میرے لیے مہمیز کا کام دیتا رہے گا۔ :p آپ کی دعا اور حوصلہ افزائی ساتھ رہی تو انشاءاللہ یہ کام بھی کبھی نہ کبھی ہو جائے گا۔


والسلام
 

دوست

محفلین
بہت اچھی بات ہے۔ اصل میں‌مجھے اختلاج قلب ہونے لگا تھا فورم پر کوئی ایسا منصوبہ نہ دیکھ کر کیوں‌کہ میری مجبوری ہے جب تک کوئی ایسا کام نہ ہو چین نہیں‌آتا۔
اب یہ جو آپ اردو لغت فرما رہے ہیں‌اس کی خام شکل تیار کرکے اگر مہیا کر دیں‌تو اس میں‌الفاظ ذخیرہ کرنے کا کام میں‌سنبھال لوں‌۔
کیا خیال ہے۔ لیکن کام اگلے ہفتے پر گیا لگتا ہے۔
 
پروگرام تو بہت عمدہ ہے باقی اللہ کارساز ہے۔
ہمت مرداں مددِ خدا
یہ اردو الفاظ کی ایک فہرست اگر مجھے مل جائے تو میں ان الفاظ کے اطالوی مترادف دےسکتا ہوں۔ اس طرح دنیا کی پہلی اردو اٹالین لغت معرض وجود میں آسکتی ہے۔
ویسے دو سال پہلے میں نے ایک لغت ترتیب دی تھی مگر کوبرا وائرس کی وجہ سے کمپوٹر کو فارمٹ کرنا پڑا۔ اس وجہ سے دیگر بہت سے مواد کے ساتھ وہ بھی ضائع ہوگئی۔
 
جزاک اللہ افتخار صاحب

اپ کے اس نیک جذبے کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ، لغت کے آنے میں تو شاید ابھی کچھ وقت ہے تو کیوں نہ اس وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ بھی کسی اردو کتاب کو اردو ڈیجیٹل لائبریری کی زینت بنانا شروع کار دیں۔ بفضل خدا باقی ارکان اس طرف مائل ہیں اور آپ کو دیکھ کر سب میں ایک نیا حوصلہ آجائے گا۔
 
فوکس

نبیل بہت اچھی بات ہے کہ اتنی noise میں بھی آپ اصل مقصد پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔

لغت:

الفاظ کی اس طرح سے فہرست حاصل کرنے کا خیال اگرچہ کہ خوب ہے مگر یہ ایک غیر منظم کوشش ہوگی جس سے وہ نتائج حاصل ہونے کی توقع کم ہے جس کی ضرورت ہے۔

لغت کے بارے میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ چند احباب مل بیٹھ کر بآسانی ٹائپ کر سکتے ہیں۔ پریکٹیکلی دیکھیں تو فی الوقت فیروز للغات جامع جیسی لغت لکھ ڈالنا بھی کافی ہوگا جس سے عام استعمال کے الفاظ مل جائیں گے۔

وکیپیڈیا:

اگرچہ کبھی استعمال نہیں کیا لیکن دستوں سے اکثر سنتا رہا ہوں کہ اس کا استعمال کسی قدر مشکل ہے۔ رضاکارانہ کام (voluntary work) کے لیے میں اسے ضروری سمجھتا ہوں کہ رضاکاروں کے کام میں جتنی زیادہ آسانی کی جائے اچھا ہے۔ ایک کوشش ہم کتابوں کی رجسٹریشن کے سلسلے میں دیکھ چکے ہیں جو زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوئی۔

کہنا یہی تھا اس کام کو مینیج کرنا آسان ترین بنا دیا جائے۔ میری ایک تجویز یہ بھی ہے (صرف تجویز ہی ہے) کہ بورڈ کو بورڈ ہی رہنے دیں اور اپنی services کو urduwe.org کے گرد بنائیں۔ میری نظر میں یہی اس کا بہتر طریقہ ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم شارق۔ وکی پیڈیا کو جو فیچر باقی کونٹنیٹ‌ منیجمنٹ ‌سسٹمز سے ممتاز کرتی ہے وہ کونٹینٹ کی مشترکہ ایڈیٹنگ ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے اور کسی اور کے بنائے ہوئے صفحات ایڈٹ‌کر سکتا ہے۔ یہی وکی پیڈیا کی کامیابی اور مقبولیت کا راز ہے۔

وکی پیڈیا میں کام کرنے میں اتنا مسئلہ ضرور ہے کہ اس کے لیے وکی پیڈیا مارک اپ سیکھنی پڑتی ہے۔ یہ کوئی اتنی مشکل بھی نہیں ہے۔ ہم لوگ اس فورم پر بی بی کوڈز بھی تو استعمال کرتے آئے ہیں۔

وکی مارک اپ وکیپیڈیا میں کونٹینٹ کی فارمیٹنگ کے علاوہ روابط قائم کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اگر ایک مرتبہ میرا فورم میں وکی پیڈیا انٹگریٹ‌کرنے کا تجربہ کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے بعد وکی پیڈیا میں WYSIWYG ایڈیٹر استعمال کرنے کے بارے میں بھی سوچا جا سکتا ہے۔
 

مہوش علی

لائبریرین
فوکس

شارق مستقیم نے کہا:
نبیل بہت اچھی بات ہے کہ اتنی noise میں بھی آپ اصل مقصد پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔

لغت:

الفاظ کی اس طرح سے فہرست حاصل کرنے کا خیال اگرچہ کہ خوب ہے مگر یہ ایک غیر منظم کوشش ہوگی جس سے وہ نتائج حاصل ہونے کی توقع کم ہے جس کی ضرورت ہے۔

لغت کے بارے میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ چند احباب مل بیٹھ کر بآسانی ٹائپ کر سکتے ہیں۔ پریکٹیکلی دیکھیں تو فی الوقت فیروز للغات جامع جیسی لغت لکھ ڈالنا بھی کافی ہوگا جس سے عام استعمال کے الفاظ مل جائیں گے۔

وکیپیڈیا:

اگرچہ کبھی استعمال نہیں کیا لیکن دستوں سے اکثر سنتا رہا ہوں کہ اس کا استعمال کسی قدر مشکل ہے۔ رضاکارانہ کام (voluntary work) کے لیے میں اسے ضروری سمجھتا ہوں کہ رضاکاروں کے کام میں جتنی زیادہ آسانی کی جائے اچھا ہے۔ ایک کوشش ہم کتابوں کی رجسٹریشن کے سلسلے میں دیکھ چکے ہیں جو زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہوئی۔

کہنا یہی تھا اس کام کو مینیج کرنا آسان ترین بنا دیا جائے۔ میری ایک تجویز یہ بھی ہے (صرف تجویز ہی ہے) کہ بورڈ کو بورڈ ہی رہنے دیں اور اپنی services کو urduwe.org کے گرد بنائیں۔ میری نظر میں یہی اس کا بہتر طریقہ ہے۔

لغت کے حوالے سے شارق صاحب کے بات بہت دل کو لگتی ہے۔ مگر شارق صاحب، کیا فیروز اللغات کاپی رائیٹ کے بغیر ہے؟

نیز، آپ حضرات کے خیال میں کرلپ والوں کی لغت کی موجودگی میں کیوں ہمیں نئی لغت کی ضرورت پڑ رہی ہے؟

اگر ہم رضاکارانہ بنیادوں پر اس بات سے قاصر ہیں کہ کرلپ سے بہتر لغت بنا سکیں، تو پھر اس کاوش کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟

البتہ اگر کرلپ والے اس لغت کے ماخذ کو آزاد مصدر نہیں بناتے، تو پھر یقیناً اس پروجیکٹ کی ضرورت بہت بڑھ جائے گی۔ (اور میں نے یہ چیز\بیماری کرلپ میں نوٹ کی ہے کہ وہ چیز کو آدھا آزاد مصدر بناتے ہیں)

ہمیں اردو لغت ان اقسام میں چاہیے

1۔ ویب پر آنلائن اردو لغت استعمال کی جا سکے۔ (جیسے اردو سیک ڈاٹ کام یا پھر کرلپ والوں کی لغت)

2۔ ایسی سوفٹ ویئر کی صورت میں کہ جسے ایک دفعہ ڈاؤنلوڈ کر کے انسٹال کر لیا جائے، تو پھر بغیر آنلائن ہوئے ہی اسے استعمال کیا جا سکے۔

ابھی تک ایسی اردو لغت میری نظر سے نہیں گذری، مگر میرے خیال میں پاک ڈاٹا والوں کی ایک کمرشل لغت اس صورت میں میسر ہے۔

3۔ ایسی صورت میں کہ الفاظ کے ذخیرہ کو مختلف ایڈیٹرز (جیسا ورڈ، اوپن آفس، تھنڈر برڈ وغیرہ میں استعمال)۔

4۔ یہ تمام گفتگو تھی اردو ٹو اردو ڈکشنری کی۔ لیکن ہمیں ایک آزاد مصدر انگلش ٹو اردو اور اردو ٹو انگلش ڈکشنری بھی چاہیے۔
اس ضمن میں ہمارے پاس "کلین ٹچ" کی ڈکشنری دستیاب ہے (انگلش ٹو اردو)۔
مگر یہ بھی 100 فیصد آزاد مصدر ڈکشنری نہیں ہے، اگرچہ کہ اگر درخواست کی جائے تو ہو سکتا ہے کہ مواد مہیا کر دیا جائے۔


صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے، میرا ووٹ تو اس بات کو جائے گا کہ:

1۔ اس 100 فیصدی آزاد مصدر لغت کو اردو ٹو انگلش اور انگلش ٹو اردو ڈکشنری ہونا چاہیے۔
بعد میں اس میں جرمن اور دیگر مغربی ڈکشنریاں بھی شامل کی جا سکیں۔

اور بہت اہم ہو گا اگر اس میں یہ سہولت بھی ہو کہ مستقبل میں اردو ٹو عربی اور عربی ٹو اردو بھی اسی میں شامل ہو سکے

نبیل بھائی،

آپ سے ذیل کے سوالات ہیں:

1۔ آپ نے پی ایچ پی ڈکشنری کا جو ذکر اوپر کیا ہے، تو کیا یہ سوفٹ ویئر ہماری ان تمام تر ضروریات کو پورا کر سکتا ہے؟

2۔ اگر کرلپ، یا کلین ٹچ والے ہمیں اپنے الفاظ کا ڈیٹا بیس دیتے ہیں، تو کیا اسے پی ایچ پی ڈکشنری سوفٹ ویئر میں انٹیگریٹ کیا جا سکتا ہے؟



ڈیٹا بیس اکھٹا کرنا

ڈیٹا بیس جمع کرنے جو ذرائی جن کا ذکر اوپر کیا گیا ہے، (یا جو ممکن ہیں) وہ یہ ہیں:

1۔ نبیل صاحب کا ایسا سوفٹ ویئر پروگرام ڈویلپ کرنا، جو ویب پر موجود مواد میں سے الفاظ کو جمع کر کے انہیں حروف تہیجی کے مطابق ڈھال کر دے دے۔

2۔ شارق مستقیم صاحب کی تجویز کہ فیروز اللغات پر بہت سارے رضاکار مل کر کام کریں۔

3۔ کرلپ یا ٹچ کلین والے اپنا ڈیٹا رضاکارانہ طور پر پیش کر دیں۔


میرے خیال میں تینوں آپشنز پر کام ہونا چاہیے اور تینوں ہی فائدہ مند ہیں۔

لیکن شارق صاحب، پہلے آپ کو ایسی لغت کو تلاش کرنا ہوگا جو کہ کاپی رائیٹ کے چکر سے آزاد ہو۔ (اور میرے خیال میں فیروز اللغات کاپی رائیٹڈ ہے)
 

مہوش علی

لائبریرین
اصل میں وکیپیڈیا کی دو خصوصیات ہیں:

1۔ ایک ہی پوسٹ یا مضمون پر بہت سے ممبرز مل کر کام کر سکتے ہیں، کیونکہ اُن کے پاس دوسروں کی پوسٹ کو قطع و برید کرنے کا حق ہوتا ہے۔

2۔ اس قطع و برید کے بعد نئے ورژن کے ساتھ ساتھ، پرانا ورژن بھی (جو قطع و برید کے بغیر ہوتا ہے) محفوظ ہو جاتا ہے، تاکہ اگر کبھی ایڈیٹنگ کو ریورس کرنا پڑے، تو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

محفل فورم میں یہ ممکن ہے کہ یہ پروجیکٹ ایک ذیلی کیٹیگوری میں کھولا جائے اور وہ تمام ممبرز جو اس پروجیکٹ میں حصہ لینا چاہیں، انہیں اس ذیلی کیٹیگوری کا موڈیراٹر بنا دیا جائے، جس کے بعد وہ ایک دوسرے کی پوسٹز کی قطع و برید کر سکیں گے۔

مگر اس کی سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ اگر کسی ایک ممبر نے بھی غلطی سے کچھ غلط ایڈٹ کر دیا، تو پرانا ڈاٹا واپس حاصل نہیں کیا جا سکے گا کیونکہ محفل فورم میں پرانا ورژن محفوظ نہیں ہوتا۔

نبیل بھائی، کیا یہ ممکن ہے کہ محفل میں کسی طرح یہ پرانا ورژن بھی محفوظ ہو جایا کرے؟

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

وکیپیڈیا کی ان خصوصیات کی ضرورت ہمیشہ ایک ٹیم کو رہیں گی۔ یا تو ان خصوصیات کو کسی طرح فورم میں شامل کر دیا جائے، یا پھر دوسری صورت میں وکیپیڈیا کو ہی فورم میں انٹیگریٹ کر دیا جائے۔

بہرحال، میری ناقص رائے کے مطابق پہلی صورت زیادہ موزوں ہے اور نئے ممبرز اور لوگوں کے لیے بہت آسانی کا باعث ہو گا (جیسا کہ شارق صاحب نے تحریر فرمایا ہے)

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

نبیل بھائی، مجھے علم نہیں کہ آپ کونسا وزیوگ ایڈیٹر محفل میں متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ مگر میری خواہش ہے کہ یہ ٹاپ کلاس وزیوگ ایڈیٹر ہو، جو کہ کم از کم وکیپیڈیا کی تمام مارک اپ لینگوئچ کی خصوصیات کے مقابلے کا ہو۔

مثلاً میں نے ٹی وکیپیڈیا کی مارک اپ لینگوئج دیکھی تو اس میں ہیڈنگز دینے کی صلاحیت تھی اور آخر میں اسی ہیڈنگز سے مکملTable of Content خود بخود بن جاتا تھا۔ اسی طرح مضمون میں ہی بک مارک دینے کی بھی صلاحیت تھی۔

عربی اسباق وغیرہ کے لیے کم از کم اس لیول کے وزیوگ ایڈیٹر کی ضرورت پڑے گی، اور اگر یہ متعارف ہو گیا، تو پھر یہ محفل یقیناً اس قابل ہو گی کہ تمام تر مواد اور کتابیں یہیں شائع کی جائیں اور ان کے لیے کوئی Extra ویب سائیٹ نہ بنانا پڑے۔
 

الف عین

لائبریرین
مہوش آپ کی بات دل کو لگتی ہے۔ میرا بھی خیال ہے کہ ہر طریقے سے کام شروع کیا جائے اور بعد میں اسے انٹیگریٹ کرنے کا سوچا جائے۔ اور ابھی ابھی خیال آیا کہ ہندی کے الفاظ کی فہرست میں نے بھی ڈاؤن لوڈ کر رکھی ہے، ان لوگوں یعنی انڈ لینکس سے پوچھوں کہ انھوں نے کس طرح یہ ذخیرۂ الفاظ جمع کیا ہے۔
وکی میں تو واقعی مجھے بھی کافی دقت پیش آئی۔ ڈیجیٹل لائبریری پروجیکٹ میں اپنی کتاب ’صاد‘ کا اندراج کرنے کا سوچا تو یہ جدول بڑی مشکل سے قابو میں آ سکا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
اوپر مہوش نے کئی سوالات کیے ہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ وقفے وقفے سے ان سوالات کے جواب دیتا رہوں۔ اگر بھول جاؤں تو مجھے یاد دلا دیں۔

سب سے پہلا سوال phpDictionaryسوفٹویر کی بطور لغت استعمال موزونیت کا ہے۔ میں اس سوال کا کماحقہ جواب نہیں دے سکتا کیونکہ مجھے خود صحیح طور معلوم نہیں ہے کہ ایک آن لائن ڈکشنری کی مکمل طور پر کیا requirements ہیں۔ میری دوستوں سے درخواست ہے کہ وہ phpDictionary کی سائٹ پر جا کر اس کی ڈیمو انسٹالیشن کو استعمال کرکے دیکھیں اور بتائیں کیا یہ واقعی استعمال کے قابل ہے۔ میں خود بھی اس سلسلے میں مزید معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کروں گا۔

جہاں تک WYSIWYG ایڈیٹر کا تعلق ہے تو میری مراد وکی پیڈیا میں وزی وگ ایڈیٹر استعمال کرنے کی تھی۔ میں فی الحال اس امر پر توجہ دے رہا ہوں کہ کس طور وکی پیڈیا کو پورٹل میں انٹگریٹ‌کیا جائے۔ کام کرنے کے لیے وزی وگ ایڈیٹر کچھ زیادہ ضروری نہیں ہے بلکہ کچھ لوگوں کے نزدیک بالکل غیرضروری ہے۔

اگر وکی پیڈیا میں وزی وگ ایڈیٹر شامل کیا گیا تو اس کے بعد وکی مارک اپ کی ضرورت نہیں رہ جائے گی کیونکہ اس کے بعد ٹیکسٹ فارمیٹنگ ایچ ٹی ایم ایل کے ذریعے ہی ہو گی۔ صرف روابط شامل کرنے والا وکی کوڈ باقی رہے گا۔ اس ربط پر WikkaWiki میں HTMLArea کی انٹگریشن کے بارے میں بیان کیا گیا ہے۔ HTMLArea مجھے زیادہ پسند نہیں ہے۔ TinyMCE اس سے بہتر ہے۔ میں ایک اور پوسٹ‌ میں اس کی اردو adaptation کا ربط بھی پوسٹ‌ کر چکا ہوں۔

میں یہاں فورم میں وکی پیڈیا کی انٹگریشن کی وضاحت کرتا چلوں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فورم اور وکی پیڈیا کی ایک یوزر ڈیٹا بیس ہوگی اور وکی پیڈیا اسی پورٹل میں دکھائی دے گا، جبکہ فورم پر پوسٹ‌ کرنے کا نظام ویسا ہی رہے گا۔ وکی پیڈیا پر الگ سے رجسٹریشن کا نظام ختم کردیا جائے گا اور فورم پر لاگ ان ہو کر ہی وکی پیڈیا میں کام کرنا ممکن ہوگا۔ نوٹ‌کریں کہ میں صرف اس کام کی requirements کا ذکر کر رہا ہوں۔۔ یعنی اصل کام ابھی ہونے میں کافی وقت پڑا ہے۔

میں نے اس سلسلے میں کچھ کوشش کی ہے اور نیچے آپ اس کے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ میں فی الحال فورم اور وکی پیڈیا کی انٹگریشن کے سلسلے میں جدوجہد کر رہا ہوں۔ یہ کام اگر ہو گیا تو اردو سپورٹ ‌کرنا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔

wiki_forum.jpg
 

نبیل

تکنیکی معاون
مجھے ابھی نیٹ‌ پر وکی وگ (WikiWyg) کے نام سے وکی پیڈیا پر استعمال کے لیے ایک وزی وگ ایڈیٹر نظر آیا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پس منظر میں وکی مارک اپ ہی استعمال ہوتا ہے اور وزی وگ ایڈیٹر کے ذریعے اس کا استعمال آسان بنایا گیا ہے۔ میں اس ربط کو محفوظ کر لیتا ہوں اور وقت پر اسے استعمال میں لانے کی کوشش کروں گا۔
 

مہوش علی

لائبریرین
نبیل بھائی،

اب جب آپ نے وکیپیڈیا کو محفل میں ضم کرنے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے، تو ہم بھرپور طریقے سے آپ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آپ کو شاباشی دیتے ہیں۔ :)

آپ نے جو وکی وگ ایڈیٹر کا لنک دیا تھا، تو اُس پر میں نے ابھی کام کیا ہے۔ بہت Basic درجے کا وزیوگ ایڈیٹر ہے، مگر شاید ہماری بنیادی ضروریات کے لیے کافی ہو۔

ایک منفی چیز جو میں نے اس میں نوٹ کی ہے کہ وزی وگ موڈ میں آپ صرف ٹیکسٹ کی فارمیٹنگ کر سکتے ہیں، مگر ٹیکسٹ خود نہیں لکھ سکتے اور نہ ہی اس میں کچھ قطع و برید کر سکتے ہیں۔ (لیکن وکیپیڈیا مارک اپ لینگوئج موڈ میں آپ ٹیکسٹ کی قطع و برید کر سکتے ہیں)۔

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

مختصراً ابھی وکیپیڈیا میں وزی وگ ایڈیٹر کا معیار اتنا بلند نہیں ہے۔ اس کے مقابلے میں phpBB میں کافی ایڈوانسڈ وزیوگ ایڈیٹر میسر ہیں۔

اور میں ایسے ایڈوانسڈ ایڈیٹر کے چکر میں ہوں جو کہ ہیڈنگز کی بنیاد پر بعد میں خود ہی Table of Content ترتیب دے لے۔ (میں نے یہ سہولت TWIKI کی مارک اپ لینگوئج میں دیکھی تھی۔ افسوس کہ TWIKI میں اردو\عربی سپورٹ نہیں ہے۔

اسی طرح ٹی وکی میں Internal Bookmarks وغیرہ دینے کی سہولت بھی ہے۔

میرا زور اس بات پر ہے کہ اگر یہ تمام سہولیات اس محفل کے ایڈیٹر (یا اس محفل سے منسلک وکیپیڈیا میں میسر ہو) تو پھر تمام ڈیجیٹل کتابیں سہم یہیں پر آنلائن کر سکتے ہیں (بجائے اسکے کہ تمام مواد کو پھر سے ورڈ میں پیسٹ کر کے اُس کی فارمیٹنگ کر کے اسے دوبارہ ایچ ٹی ایم ایل میں تبدیل کریں)

آپ کا نامزد کردہ ایڈیٹر Tiny MSC بہت اچھا ایڈیٹر ہے اور مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ اس کے متعلق صرف آخری سوال یہی ہے کہ کیا اس میں یہ سہولت بھی ہو سکتی ہے کہ آخر میں ہیڈنگز کی بنیاد پر Content of Table مرتب کر سکے؟

\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\\

جہاں تک کرلپ کی لغت کا تعلق ہے، تو جیسبادی شاید ہمیں بتا سکیں کہ آیا کرلپ اس بات پر راضی ہے کہ اپنا ڈیجیٹل مواد مکمل طور پر آزاد مصدر کے پیش کرے تاکہ اسے اوپن آفس یا دیگر اپلیکیشنز کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

جہاں تک شارق مستقیم صاحب کی بات کا ذکر ہے، تو ممبرز سے گذارش ہے کہ کسی ایسی کاپی رائیٹ سے آزاد ڈکشنری کا نام بتائیں جو کہ اس سلسلے میں کام آ سکے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم مہوش اور حوصلہ افزائی کا شکریہ۔ میں یہاں چند باتوں کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔ جہاں تک وزی وگ ایڈیٹرز کا تعلق ہے تو یہ جاوا سکرپٹ‌ کمپوننٹ ہوتے ہیں، یعنی کہ یہ آپ کے براؤزر پر یا کلائنٹ سائڈ پر رن ہوتے ہیں۔ دوسری جانب headings سے فہرست جنریٹ‌ کرنا کونٹینٹ‌ منیجمنٹ سسٹم کی فیچر ہے جو کہ سرور سائیڈ‌ پر پی ایچ پی میں چلتی ہے۔

آج کل تقریباً تمام نئے براؤزرز پر چلنے والے وزی وگ ایڈیٹر موجود ہیں۔ انہیں خود سے اپنے کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم میں انٹگریٹ کرنا پڑتا ہے۔

میں WikkaWiki پر اس لیے کام کر رہا ہوں کہ آصف نے اردو وکی کے لیے اسی کا انتخاب کیا تھا اور یہ کافی سادہ بھی ہے۔ دوسرے اردو وکی میں موجود مواد کا اس میں منتقل کرنا بھی آسان ہو گا۔ مجھے وقت ملا تو میں دوسرے وکی سوفٹویرز کا بھی جائزہ لوں گا۔ شرط صرف یہ کہ مجھے اس کو انٹگریٹ کرنے کی آسانی سے سمجھ آ جائے۔
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
فیروز اللغت اغلاط سے پاک نہیں ہے اور اسے جامع بھی نہیں کہا جا سکتا ۔ نسیم اللغت نسبتا بہتر سمجھی جاتی ہے لیکن اس کے جملہ حقوق محفوظ ہیں یا نہیں ، یہ نہیں معلوم۔
 

الف عین

لائبریرین
لغت کے سلسلے میں میں نے لکھا تھا نا کہ ہندی الفاظ کی ’ذخیرہ اندوزی‘ کے لئے کچھ ترکیب کی گئی تھی۔ اس کا جواب مل گیا ہے۔ درج میں چسپاں کر رہا ہوں۔
[align=left]لغت کے سلسلے میں میں نے لکھا تھا نا کہ ہندی الفاظ کی ’ذخیرہ اندوزی‘ کے لئے کچھ ترکیب کی گئی تھی۔ اس کا جواب مل گیا ہے۔ درج میں چسپاں کر رہا ہوں۔
لغت کے سلسلے میں میں نے لکھا تھا نا کہ ہندی الفاظ کی ’ذخیرہ اندوزی‘ کے لئے کچھ ترکیب کی گئی تھی۔ اس کا جواب مل گیا ہے۔ درج میں چسپاں کر رہا ہوں۔
you may like to look at this tool "shabda sanchay"

http://www.janabhaaratii.org.in/jan...dy=/extract_words/wordlist_file_upload.hi.php
We have used this to gather hindi and marathi words
for aspell spell checker. The source code is available
for download under GNU GPL.
with little modifications you can also use this to
extract urdu words.

HTH
bye

Swapnil K Hajare
Technical Coordinator,
janabhaaratii (www.janabhaaratii.org.in)
CDAC Mumbai (formerly NCST)
home: http://www.janabhaaratii.org.in/portal/Members/swapnil/
blog: http://dreamil.blogspot.com
بھئی یہ انگریزی کا متن لیفٹ الائن نہیں ہو پا رہا ہے تمھاری ٹول بار سے۔
 
Top