بچوں کی دعا ۔ اصلاح فرمائیں

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
محترم الف عین ، محمّد احسن سمیع :راحل: ، سید عاطف علی ، یاسر شاہ

میرے پیارے پیارے اللہ
حمد و ثنا، کل شکر ہے تیرا
تو ہی سب کو پالنے والا
میرے اللہ پیارے اللہ

تو ہی میرا ہر دم والی
تیری ذات ہے رحمت والی
تو ہی مالک روزِ جزا کا
میرے اللہ پیارے اللہ

کرتا ہوں بس تیری عبادت
اپنی مدد تو کر دے عنایت
تو ہی الہٰ ہے تو ہی ملجا
میرے اللہ پیارے اللہ

تو ہی سب کو راہ دکھائے
مجھ کو بھی تو راہ دکھا دے
سیدھی راہ دکھانے والا
میرے اللہ پیارے اللہ

مجھ کو ان کی راہ دکھا دے
مجھ کو ان کے جیسا بنا دے
جن پہ ہوا انعام ہے تیرا
میرے اللہ پیارے اللہ

مقہوروں کی راہوں سے تو
بھٹکے ہوؤں کی راہوں سے تو
مجھ کو بچانا میرے اللہ
میرے اللہ پیارے اللہ
 

الف عین

لائبریرین
یہ بھی تو کہو کہ سورۂ فاتحہ کا ترجمہ ہے
لیکن ترجمے کے لحاظ سے ٹیپ کا مصرعہ بے معنی ہو جاتا ہے لیکن اس طرح ایسے مصرعوں سے بھی بچا جا سکتا ہے
تو ہی الہٰ ہے تو ہی ملجا
جو بچوں کے لئے مشکل بھی ہے، الہ ہے' میں تنافر بھی ہے، اور اس کا ربط بھی بند سے نہیں بنتا۔
اصلاح کی غرض سے
حمد و ثنا، کل شکر ہے تیرا
کو یوں کر دیں
حمد ہے تیری. شکر ہے تیرا
 

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
یہ بھی تو کہو کہ سورۂ فاتحہ کا ترجمہ ہے

لیکن ترجمے کے لحاظ سے ٹیپ کا مصرعہ بے معنی ہو جاتا ہے لیکن اس طرح ایسے مصرعوں سے بھی بچا جا سکتا ہے
ترجمہ اس لیے نہیں کہا کہ ٹیپ کا مصرع تھا اور دو مصرعے جو ترجمے میں نہیں آتے لیکن سمجھانے کی غرض ذرا ربط پیدا کرنے کے لیے ڈال دیئے جیسا "تو ہے میرا ہر دم والی" اور "مجھ کو ان کے جیسا بنا دے"
اب آپ نے کیا فرمایا کہ ٹیپ والا مصرع نکال دیا جائے؟
کرتا ہوں بس تیری عبادت
اپنی مدد تو کر دے عنایت
تو ہی الہٰ ہے تو ہی ملجا
میرے اللہ پیارے اللہ
تو ہی الہٰ ہے تو ہی ملجا
جو بچوں کے لئے مشکل بھی ہے، الہ ہے' میں تنافر بھی ہے، اور اس کا ربط بھی بند سے نہیں بنتا۔
اوپر عبادت اور مدد حاصل کرنے کے بارے میں تھا اس لیے نیچے یہ لایا کہ "عبادت اور مدد کے لیے پکارا جانا صرف اللہ کے لیے خاص ہے" کا اظہار بھی ہو جائے
کیا اس طرح کیا جا سکتا ہے
"تو ہی الہٰ اور تو ہی ملجا"
 
آخری تدوین:

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
وہی میرا مشورہ ہے کہ ٹیپ کے مصرعے نکال کر مکمل نظم بنا دو
اے دو جگ کو پالنے والا
حمد ہے تیری، شکر ہے تیرا

تیری ذات ہے رحمت والی
تو ہی مالک روزِ جزا کا

کرتا ہوں بس تیری عبادت
تجھ سے مدد میں چاہنے والا

مجھ کو بھی تو راہ دکھا دے
یا
مجھ کو بھی تو راہ دکھا، اے
سیدھی راہ دکھانے والا

ان کی راہ چلانا مجھ کو
جن پہ ہوا انعام ہے تیرا

مقہوروں اور بھٹکے ہوؤں کی
رہ سے بچانا میرے اللہ
 
آخری تدوین:

یاسر شاہ

محفلین
اے دو جگ کو پالنے والا
اے
سیدھی راہ دکھانے والا


مقہوروں اور بھٹکے ہوؤں کی
رہ سے بچانا میرے اللہ
السلام علیکم بھائی رؤوف کیسے ہیں آپ ؟

ان سرخ مقامات کو ایک نظر دیکھ لیں۔میری رائے یہ ہے کہ:
ندائیہ اسلوب میں "پالنے والے"،اور "دکھانے والے" ہونا چاہیے۔
مقہوروں کے بجائے تو مغضوبوں رکھیں۔
"اللہ"(جل جلالہ)کے بجائے "مولا" قافیے کی رعایت سے چاہیے۔
 

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
الحمد للہ یاسر بھائی میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سنائیں کیسے ہیں؟
ملاحظہ فرمائیں کچھ درستی ہوئی

حمد ہے تیری، شکر ہے تیرا
تو دو جگ کو پالنے والا

تیری ذات ہے رحمت والی
تو ہی مالک روزِ جزا کا

کرتا ہوں بس تیری عبادت
تجھ سے مدد میں چاہنے والا

مجھ کو بھی تو راہ دکھا دے
سیدھی راہ دکھانے والا

ان کی راہ چلانا مجھ کو
جن پہ ہوا انعام ہے تیرا

مغضوبوں اور بھٹکے ہوؤں کی
رہ سے بچانا میرے مولا
 
Top