بھلا کہوں گا تو سب کو پسند آئے گا

عظیم

محفلین

بھلا کہوں گا تو سب کو پسند آئے گا
وگرنہ کون زمانے میں منہ لگائے گا؟

تُو راہِ شوق پہ نکلا ہے، بولنے والے!
ہر ایک شخص کو ناقد خود اپنا پائے گا

ابھی تو کچھ بھی نہیں ہے، نہ اشک نے مسکان
مگر یہ عشق ہے آگے بہت رلائے گا

عجیب شخص ہوں روتا ہوں اس لیے بھی میں
کہ کیوں ستاتا نہیں ہے، وہ کب ستائے گا؟

جو دیکھتا ہوں میں خود کو تو سوچتا ہوں، کیا
تمام عمر میں اک پل بھی چین آئے گا؟

وہ جس کے واسطے میں نے اٹھائے رنج بہت
مجھے یقیں ہے کہ اک دن وہی ہنسائے گا

اگر وہ ساتھ ہے یوں ہی تو زندگی کیا شے!
کہ دن بھی حشر کا لمحوں میں بیت جائے گا
بابا


 
عجیب شخص ہوں روتا ہوں اس لیے بھی میں
کہ کیوں ستاتا نہیں ہے، وہ کب ستائے گا؟
واہ! اچھا کہا ہے ۔۔۔
عمدہ غزل ہے عظیم بھائی ۔۔۔

اگر وہ ساتھ ہے یوں ہی تو زندگی کیا شے!
کہ دن بھی حشر کا لمحوں میں بیت جائے گا
دن بھی حشر کا ۔۔۔ کو روزِ حشر سے بدل دیں شعر مزید نکھر جائے گا۔
 

الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے عظیم
حشر بھی تو عربی لفظ ہے، بیت کی طرح مکمل دیسی نہیں؟ اس لئے روز حشر بھی استعمال کرنا غلط نہیں، نہ دن پر ہی مجھے کچھ اعتراض ہے، جو چاہے، رکھو
 

عظیم

محفلین
اچھی غزل ہے عظیم
حشر بھی تو عربی لفظ ہے، بیت کی طرح مکمل دیسی نہیں؟ اس لئے روز حشر بھی استعمال کرنا غلط نہیں، نہ دن پر ہی مجھے کچھ اعتراض ہے، جو چاہے، رکھو
جزاک اللہ خیر بابا۔ راحل بھائی کا مشورہ مجھے بھی پسند آیا تھا۔ لیکن نہ جانے کیوں مجھے دن ہی بہتر لگ رہا ہے۔ کہ 'دن بیتا' وغیرہ زیادہ سننے میں آتا ہے۔
 
بھلا کہوں گا تو سب کو پسند آئے گا
وگرنہ کون زمانے میں منہ لگائے گا؟

تُو راہِ شوق پہ نکلا ہے، بولنے والے!
ہر ایک شخص کو ناقد خود اپنا پائے گا

ابھی تو کچھ بھی نہیں ہے، نہ اشک نے مسکان
مگر یہ عشق ہے آگے بہت رلائے گا

عجیب شخص ہوں روتا ہوں اس لیے بھی میں
کہ کیوں ستاتا نہیں ہے، وہ کب ستائے گا؟

جو دیکھتا ہوں میں خود کو تو سوچتا ہوں، کیا
تمام عمر میں اک پل بھی چین آئے گا؟

وہ جس کے واسطے میں نے اٹھائے رنج بہت
مجھے یقیں ہے کہ اک دن وہی ہنسائے گا

اگر وہ ساتھ ہے یوں ہی تو زندگی کیا شے!
کہ دن بھی حشر کا لمحوں میں بیت جائے گا
بابا


واہ! خوبصورت غزل
 
Top