بے وفا باتیں بنا جاتا ہے کیا کیا جھوٹ سچ - امیر اللہ تسلیم لکھنوی

حسان خان

لائبریرین
بے وفا باتیں بنا جاتا ہے کیا کیا جھوٹ سچ
وصل کی امید پر سنتا ہوں صدہا جھوٹ سچ
خیر یونہیں روز کہہ جاتا ہوں مر جانے کو میں
دیکھ لینا بے مروت آج میرا جھوٹ سچ
کچھ تو ہو تسکینِ دل ظالم دمِ اقرارِ وصل
ایک دن تو اپنے منہ سے کہہ دے 'اچھا' جھوٹ سچ
پا کے موقع اب تو کچھ باتیں بھی کر لیتے ہیں وہ
رہ گیا ہے میرے اُن کے یونہیں پردا جھوٹ سچ
ہمنشیں سنتے نہ سنتے وہ بلا سے دو گھڑی
کہہ تو لیتے اُن سے کچھ دل کی تمنا جھوٹ سچ
بیٹھ کر دیر و حرم میں برہمن سے شیخ سے
عمر بھر ہم نے سنی بیکار کیا کیا جھوٹ سچ
کوئی کیا سمجھے حسینانِ جہاں کی گفتگو
سچ سراپا جھوٹ ہوتا ہے سراپا جھوٹ سچ
دشتِ غربت میں سوا ہمزاد کے اپنا ہے کون
کچھ ابھی تک دے رہا ہے ساتھ سایا جھوٹ سچ
کوئی کیا جانے جو میرے آپ کے باہم ہیں راز
کہنے دو کہتے ہیں جو کچھ اہلِ دنیا جھوٹ سچ
عمر بھر باتیں سنیں ہر شب بتِ عیار کی
پر زبانِ شمع کو آیا نہ کہنا جھوٹ سچ
انتظارِ مرگ ہے بالیں پر آ کر گاہ گاہ
نسخے لکھ جاتے ہیں خاطر سے اطبا جھوٹ سچ
رات دن جز اعتراضِ مدعی فرمائیے
کیا ملا تسلیم تم کو کہہ کے اتنا جھوٹ سچ
(امیر اللہ تسلیم لکھنوی)
 
Top