تبصرہ کتب : انسان اور نیکی / انسان اور گناہ

باذوق

محفلین
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

دو کتابیں
انسان اور نیکی / انسان اور گناہ

متنوع مشاغل اور دلچسپیوں کے درمیان مطالعے کے لئے وقت نکالنا ، مطالعہ کی اہمیت و افادیت کو محسوس کرنا ، ایک مجاہدہ ہے ، اس کا ذوق ہو جائے تو پھر آسانی ہے۔
دورِ حاضر میں ایسی کتابوں کے مطالعے کا کلچر عام کرنے کی ضرورت ہے جن سے انفرادی و اجتماعی نیکیوں کی ترغیب اور معاشرتی برائیوں سے بچاؤ کی تجاویز یا مشورے ملتے ہوں۔

حافظ مبشر حسین لاہوری ، علمی دنیا کی ایک معروف شخصیت ہیں۔ آپ کی 20 سے زائد اردو کتب شائع ہو چکی ہیں۔ ایک منفرد سیریز آپ کی جانب سے شروع کی گئی ہے جس کے تحت اب تک تین کتابیں درج ذیل عناوین کے تحت شائع ہو چکی ہیں :
انسان اور قرآن
انسان اور فرشتے
انسان اور شیطان


اسی سیریز کی تازہ ترین دو مزید کتابیں منظرِ عام پر آئی ہیں :
انسان اور نیکی
انسان اور گناہ


انسان ، اپنی زندگی نیکی اور گناہ کے درمیان گزارتا ہے۔ آخری فیصلہ اس پر ہوگا کہ دونوں میں سے کس کا وزن زیادہ ہے؟ اسی لیے ہر عاقبت اندیش کو اچھی طرح جاننا چاہئے کہ گناہ کیا ہے اور نیکی کیا ہے؟ یہ سراسر اس کے ذاتی مفاد سے متعلق ہے۔

کسی کتاب کو ہاتھ میں لینے کا اولین سبب :
کتاب کا ظاہری حسن یعنی دبیز مضبوط جلد اور خوبصورت طباعتی معیار ہوتا ہے۔
مزید اسباب کچھ یوں ہو سکتے ہیں :
  • سلیس زبان اور دورِ حاضر کا پس منظر
  • موضوع کے ہر پہلو کا احاطہ کرنے کا انداز
  • بہت زیادہ عنوانات
  • آیات و احادیث مع متن/ترجمہ/سند اور سلف کی تحریروں سے متعلقہ تشریح
خوش قسمتی سے یہ دونوں کتابیں معنوی خوبیوں کے ساتھ ساتھ درج بالا ظاہری خوبیوں سے بھی مزین ہیں۔

انسان اور نیکی : (صفحات : 184 ، قیمت : 120 روپے)​
اس کتاب میں سب سے پہلے ایک طویل مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جو شیخ علی طنطاوی کی کتاب "نیکی یا گناہ ، کون سا راستہ اختیار کرنا چاہئے" سے ماخوذ ہے۔
اسی طرح کتاب کا اختتام بھی ایک طویل باب سے ہوتا ہے جو حافظ ابن قیم کے مضمون "انسانی زندگی پر گناہ کے 20 اثرات" کے حوالے سے درج ہے۔
درمیان کے 5 ابواب میں ان نیکیوں کا بیان ہے جن کا ذکر قرآن و حدیث میں ہے اور ان کے دنیاوی و اخروی فوائد اور اجر بتائے گئے ہیں۔

انسان اور گناہ : (صفحات : 448 ، قیمت : 200 روپے)​
پہلی کتاب "انسان اور نیکی" کے مقابلے میں یہ دوسری کتاب زیادہ جامع اور ضخیم تر ہے۔
اس میں گناہوں کے دیناوی و اخروی ، انفرادی اور اجتماعی ، طبی اور جسمانی اثرات اور قانونی سزائیں ۔۔۔ ان سب کا بیان ہے۔
تقریباً 200 صفحات پر ایک علیحدہ باب (باب نمبر:11) تحریر کیا گیا ہے جس میں معاشرے میں مروج خطرناک گناہ 90 عنوانات کے تحت بیان کئے گئے ہیں۔ گناہوں سے توبہ اور گناہ ترک کرنے کے انعامات کا بھی بیان ہے۔

ملنے کا پتا :
مبشر اکیڈمی۔ لاہور ، فون : 0300-4602878


بحوالہ :
ماہنامہ " ترجمان القرآن " ، جون '2008 ، مبصر : مسلم سجاد ، ردّ و بدل / ترتیب : باذوق
 
Top