نبیل
تکنیکی معاون
دوستوں اور رشتہ داروں کی طرف دعوت پر جاتے ہوئے ایک معمول تحائف کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔ عام طور پر مٹھائی، چاکلیٹس یا کوئی ڈیکوریشن پیس وغیرہ تحفے میں پیش کیے جاتے ہیں۔ یہ تحائف شکریہ کے ساتھ قبول ضرور کر لیے جاتے ہیں لیکن بعض اوقات لوگ یہ بھی سوچتے ہیں کہ ہم نے اس چیز کا کیا کرنا ہے، اسے گفٹ پیکنگ سمیت سنبھال کر رکھ لیتے ہیں، بعد میں کسی اور کو گفٹ دینے کے لیے استعمال کر لیں گے، اور یوں یہ تحفہ آگے کا سفر طے کرتا رہتا ہے۔ مسئلہ اس وقت پیش آتا ہے جب یہ تحفہ قریبی ملنے جلنے والوں کے حلقے میں گردش کرتا ہے۔ ایسی صورتحال بھی پیش آتی ہے کہ آپ کو کسی کے گھر وہی مٹھائی کھلائی جاتی ہے جو آپ کسی اور کو تحفتاً پیش کر آئے تھے۔ اس سے بھی زیادہ نادر صورتحال اس وقت درپیش آتی ہے جب کوئی مدعو مہمان آپ کو تحفے میں وہی ڈیکوریشن پیس آپ کے ہاتھ میں تھما دیتا ہے جو کہ چند ہفتے پہلے آپ کسی اور دوست کو بطور تحفہ دے آئے تھے۔ اور اس پر گفٹ پیکنگ تک نہیں بدلی ہوتی۔