تشنگی سے بھرپورسوال

زلفی شاہ

لائبریرین
آزاد شاعری کیا ہوتی ہے کیا کوئی آزاد شاعری کرنے والا شاعر مشہور ہوا ہے اور کیا اردو کے مشہور شعراء جن میں حضرت علامہ محمد اقبال، مرزا اسداللہ غالب اور میر تقی میر جیسے شعرا ء نے آزاد شاعری میں کچھ لکھا ہے ضرور جواب عنایت فرمائیے گا اور آزاد شاعری کے متعلق آپ کا نظریہ کیا ہے اور اس شاعری کو شعراء حضرات کس نظر سے دیکھتے ہیں؟؟؟
 

محمد وارث

لائبریرین
شیرازی صاحب، پہلے یہ بات سمجھ لیں کہ آزاد شاعری اور نثری شاعری میں فرق ہے۔

آزاد نظم بھی کسی غزل یا پابند نظم کی طرح کسی نہ کسی وزن اور بحر میں ہوتی ہے یعنی موزوں ہوتی ہے لیکن نثری نظم میں کوئی وزن یا بحر نہیں ہوتی۔

آزاد نظم کو آزاد اس لیے کہتے ہیں کہ اس میں قافیہ ردیف وغیرہ سے آزادی ہوتی ہے اور یہ بھی کہ اس میں شاعر بحر کے افاعیل کو اپنی مرضی سے توڑ سکتا ہے لیکن اس میں وزن ضرور ہوتا ہے یعنی وزن سے آزادی نہیں ہے۔ نثری نظم میں ایسی کوئی بھی پابندی نہیں ہوتی۔

اسی لیے بہت سے ثقہ شعراء اور نقاد نثری نظم کو شاعری نہیں مانتے گو کہ کچھ مانتے بھی ہیں لیکن زیادہ تر نہیں مانتے۔

میر، غالب، اقبال وغیرہ کسی نے بھی آزاد نظم نہیں کہی، کہ یہ ان سے بعد کی ایجاد ہے۔

آزاد نظم کے مشہور شعرا میں کئی ایک نام ہیں جیسے ن م راشد، فراز، امجد اسلام امجد، پروین شاکر اور مزید کئی۔ نئے اور نوجوان شعرا میں بھی یہ صنف مقبول ہے۔

نثری نظم کئی ایک شعرا نے کہی ہیں لیکن ابھی کوئی بھی مقبول نہیں ہوا شاید، بڑی وجہ یہی ہے کہ ثقہ حضرات اسے پسند نہیں کرتے بلکہ سرے سے شاعری ہی نہیں سمجھتے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
شکریہ وارث بھائی!

نثری نظم نثر ہی ہوتی ہے۔ اکثر اوقات نثری نظموں میں بہت اچھے خیالات بھی پیش کیے جاتے ہیں لیکن تب بھی اس پر نظم کا گمان نہیں ہوتا۔
 

ایم اے راجا

محفلین
میرے نزدیک نثری نظم الفاظ کو ایک خاص ترتیب سے لکھ دینا ہےجو کہ ایک عام نثری تحریر سے کچھ زیادہ با اہتمام اورخوبصورت ہوتی ہے بس۔
 
Top