تعاون برائے اخراجات اردو ویب سال دواز دہم

دوستو! اردو ویب کی ایک اور سالگرہ کی مبارکباد قبول فرمائیں۔ آج اردو ویب کے قیام کو پورے بارہ برس ہو چکے ہیں! سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ عموماً یہ اعلان جون کی ابتدا میں کیا جاتا ہے اور سالگرہ کی ابتدا سے قبل ختم کر دیا جاتا ہے، لیکن اس دفعہ ہم اپنی اکیڈمک مصروفیات کے چلتے پچھلے دنوں سفر پر تھے اس لیے اعلان میں خاصی تاخیر ہوئی۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ دو ایک دفعہ محفل ڈاؤن ٹائم کا شکار ہوئی لیکن یہ مسائل کچھ اتنے سنجیدہ نہ تھے۔ البتہ پس پردہ بڑے پیمانے پر اردو ویب کی تمام خدمات کی ترتیب نو پر مشاورت ہوتی رہی ہے اور کئی معاملات میں کچھ عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ امید ہے کہ ان موضوعات پر عمومی فورم پر بھی بات کی جائے گی تا کہ احباب کی آرا سے مستفید ہوا جا سکے اور اردو ویب کے منصوبوں اور اس کے نظام کو اگلی دہائی کے لیے تیار کیا جا سکے۔ امسال بزم اردو لائبریری اور اس کے تحت دیگر خدمات کو دم توڑتا دیکھ اردو ویب نے اسے اپنی سرپرستی میں لے لیا تاکہ اردو کو اس خسارے سے بچایا جا سکے۔ البتہ ان خدمات کی فعال نظامت اب بھی مسئلہ ہے اور اس حوالے سے کچھ احباب کو آگے آ کر اپنی خدمات پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ :)

اس دفعہ مجموعی طور پر 450 ڈالر کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ پے پال کے نئے انٹرفیس میں ڈونیشن کا بٹن کہیں کھو گیا ہے اس لیے ہم اس دفعہ پچھلے سال والا ہی بٹن استعمال کر رہے ہیں۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ اگر کچھ احباب کے لیے بٹ کوئن کے ذریعہ ادائگی سہل ہو تو اس کا بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔ :)

واضح رہے کہ یہ رضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ :)

آج سے محفل کی بارہویں سالگرہ کے جشن کا آغاز ہو رہا ہے جو پورے ماہ جاری رہنے والا ہے لہٰذا احباب اس حوالے سے بھی کمربستہ ہو لیں۔ امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ :) :) :)
 
یہاں تو محاورتاً نہیں بلکہ حقیقتاً راتوں رات اخراجات کی مد میں عطیات کا ہدف پورا ہوتا نظر آ رہا ہے۔رات کو اعلان کر کے سوئے تھے، صبح اٹھے تو پایا کہ اب فقط سو ڈالر مزید رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ اخراجات کا دورانیہ عموماً جنوری تا دسمبر ہوتا ہے اور متعلقہ خدمات کو یہ رقومات ہم پہلے ہی ادا کر چکے ہوتے ہیں۔ ماندہ نصف سال میں مزید اخراجات کا امکان بنا رہتا ہے، مثلاً کبھی کوئی اضافی سرور لینا پڑ جائے یا اسی نوعیت کا کوئی اور خرچ آن پڑے۔ البتہ دستور کے مطابق سالگرہ سے قبل احباب سے تعاون و اشتراک کی اپیل کی جاتی ہے۔ :) :) :)
 

زیک

مسافر
آج صبح سے جو رقم نظر آ رہی ہے کہ اکٹھی ہو چکی مزید ڈونیٹ کر کے اسے خراب کرنے کا بالکل دل نہیں چاہ رہا۔
 
آج صبح سے جو رقم نظر آ رہی ہے کہ اکٹھی ہو چکی مزید ڈونیٹ کر کے اسے خراب کرنے کا بالکل دل نہیں چاہ رہا۔
یہ اعلان تو کل ہی ختم کیا جا چکا ہوتا کیونکہ ایک محفلین نے ماندہ رقم کے بارے میں پیغام بھیج رکھا ہے۔ البتہ ابھی یہ طے نہیں ہو سکا ہے کہ رقم ارسال کرنے کی کیا صورت ہو گی۔ ہم نے انھیں ممکنہ ترکیب بتائی ہے، لیکن ان کا جواب آنا باقی ہے۔ :) :) :)
 
تمام محفلین کو عطیات کے ہدف کی تکمیل پر مبارکباد۔ اگر مبادیات کو چھوڑ دیا جائے تو اس دفعہ 450 ڈالر کا ہدف 24 گھنٹوں سے بھی کم مدت میں مکمل ہو گیا تھا، لیکن بعض ممالک سے رقومات منتقل کرانے کا طریقہ کار طے کرنے میں کچھ وقت لگ گیا۔ اب بھی بعض احباب کی جانب سے رقومات منتقل کیا جانا باقی ہے، جو دو ایک روز میں انجام پا جائے گا۔ اس دوران اعلان موجود ہونے کے باعث کچھ ایک اور احباب نے ماندہ رقم دینے کی پیش کش کی، لیکن انھیں ترتیب وار قطار میں رکھنا پڑا۔ اگر کسی کی جانب سے رقم منتقل کرنے میں کوئی پیچیدگی در پیش ہوئی تو منتظرین قطار کو موقع مل سکتا ہے۔ :) :) :)
 
بہت خوب-
اور ایک تجویز
پے پل کے علاوہ بھی کوئی آپشن ہونی چاہئیے تاکہ ہم جیسوں کو آسانی رہے- شکریہ
پاکستانی احباب کے لیے ہر دفعہ ایک متبادل انتظام کر دیا جاتا ہے، لیکن اس میں ہمارے ایک محترم محفلین کا ذاتی بینک اکاؤنٹ استعمال کیا جاتا ہے، جس کی تفصیلات کا اعلان عمومی فورم پر نہیں کیا جا سکتا، البتہ جو احباب ذاتی مکالمے میں رابطہ کرتے ہیں انھیں اس کی تفصیلات ارسال کر دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بٹ کوائن بھی ایک ممکنہ طریقہ ہے، لیکن اس کا استعمال ابھی اتنا عام نہیں ہو سکا ہے کہ ہر کسی کی رسائی میں ہو۔ :) :) :)
 
بٹ کوائن یا ایسے ہی کسی دوسرے ذرائع کو ہی استعمال میں لانا افضل ہے- چونکہ وہ کیا ہے ناں کہ گاؤں کے مولوی صاب ہر جمعرات کو کہتے ہیں جو جتنا ہو سکے، جتنی استطاعت رکھتا ہو خواہ 1 روپیہ ہی کیوں نہ مسجد کی خدمت کرے- وغیرہ وغیرہ
اس طرز پر ہم بھی چاہتے کہ جسقدر ہو سکے تعاون کریں اب سنگل فگر اماؤنٹ کسی کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرتے ہوئے کچھ ہچکچاہٹ بھی ہوتی اور کچھ خیالات بھی آڑے آتے- اسی لئے گزارش کی ہے کہ آئندہ کوئی ایسا ہی متبادل میسر ہو جائے تو کیا ہی بات ہے-
خیر اُمید اور دعا کہ آئندہ برس تک پے پل اکاؤئنٹس پاکستان میں بھی اوپن ہو جائیں-
ویسے ایک مشورہ اور کہ ان دنون پائیونیر بھی کافی شہرت حاصل کر رہا آئندہ اگر ممکن ہو تو ان سے بھی رابطہ کر دیکھیں-
 
عموماً ترغیب بھی اسی بات کی دی جاتی ہے کہ زیادہ لوگ تھوڑی تھوڑی رقم کا عطیہ دیں، ورنہ چار پانچ سو ڈالر سالانہ کوئی اتنی بڑی رقم نہیں کہ دو تین احباب مل کر برداشت نہ کر سکیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ عطیات جمع کرنے سے کئی ماہ قبل متعلقہ خدمات کو ہم یہ رقم اپنی جیب سے ادا کر چکے ہوتے ہیں۔ احباب تھوڑی تھوڑی رقم کا عطیہ دے کر محفل کے اس شناخت کو جلا بخشتے ہیں کہ یہ کسی فرد واحد یا ادارے کی ملکیت نہ ہو کر اردو طبقے کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور "سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مٹی میں"۔ یہی وجہ ہے کہ ہم عطیات دینے والے احباب کے ناموں اور ان کی رقومات کا اعلان بھی نہیں کرتے کہ بلا ضرورت بعض احباب احساس برتری یا کمتری کا شکار نہ ہو جائیں۔ بسہولت اور محبتاً جو پہلے آگے بڑھ کر جتنا خلا پر کر دے ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مذہبی عطیات کے بر عکس نہ تو ہم زیادہ سے زیادہ کی ترغیب دیتے ہیں، نہ عطیات کے صندوق کو ہمیشہ کھلا رکھتے ہیں، اور نہ ہی اس کے عوض کسی انعام کا لالچ دیتے ہیں۔ :) :) :)

عموماً رقم اتنی نہیں ہوتی کہ اس کے لیے غیر معروف پلیٹ پارمز اور سرویسیز کی چھان بین کی جائے۔ لیکن اگر کچھ ایسی خدمات موجود ہوں جن کی مدد سے بآسانی پاکستان سے امریکی کھاتے میں رقم جمع کرائی جا سکے تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔ ویسے اس معاملے میں ایک اور پیچیدگی بھی ہے کہ اردو ویب کوئی رجسٹرڈ ادارہ نہیں ہے، اس لیے رقومات ہمارے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گی اور ہم بلا وجہ چھوٹی سی رقم کے لیے نشان زد ہو سکتے ہیں کہ پاکستان سے ایک امریکہ مقیم ہندوستانی کے کھاتے میں پیسے کیوں آ رہے ہیں۔ :) :) :)
 
اردو ویب کوئی رجسٹرڈ ادارہ نہیں ہے، اس لیے رقومات ہمارے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گی اور ہم بلا وجہ چھوٹی سی رقم کے لیے نشان زد ہو سکتے ہیں کہ پاکستان سے ایک امریکہ مقیم ہندوستانی کے کھاتے میں پیسے کیوں آ رہے ہیں۔
ہائے مجبوریاں "ہمارے" حالات کیں!!
بہت شکریہ تفصیلی جواب کا- اگلی دفعہ کوئی درمیانی صورت نکال ہی رکھیں گے- ورنہ کسی مریکی رشتے دار سے گزارش کریں گے ہمارے حصے کی ڈونیشن وہاں سے کر دیں- :) :) :)
 

squarened

معطل
ہم بلا وجہ چھوٹی سی رقم کے لیے نشان زد ہو سکتے ہیں کہ پاکستان سے ایک امریکہ مقیم ہندوستانی کے کھاتے میں پیسے کیوں آ رہے ہیں۔
گو کہ اسے ایک اندازہ ہی قرار دیا گیا تھا مگر پھر بھی اس کی کچھ نہ کچھ حقیقت تو ہوگی
From Pak to India: $14.36 billion in remittances over 3 years!
اور یہ پراپر بینکنگ چینل سے جانے والی رقم ہو سکتی ہے، ورنہ دونوں ملکوں میں مقیم رشتہ دار تو آپس میں ایک دوسرے کے ذریعہ ہی پیسے بھجواتے ہیں جس کا کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا
 
Top