ظہیراحمدظہیر
لائبریرین
اپنے بیٹے سعد کی تعلیمی کامیابیوں پر چند سال پہلے ایک دعائیہ کلام لکھا تھا ۔ اس دعا میں شرکت اور آمین کہنے کے لئے آپ سب کا پیشگی شکریہ ۔
سعد کیلئے
شاد و آباد رہو ، وقت سدا خوش رکھے
تم جہاں جاؤ تمہیں میری دعا خوش رکھے
فکرِ فردا سے بجھے جاتے تھے دل سینوں میں
حوصلہ تم نے دیا ، تم کو خدا خوش رکھے
پائیدانوں پہ ترقی کے ملے عزت و نام
بامِ شہرت پہ محبت کی ہوا خوش رکھے
آگہی رستہ اُجالے ، تمہیں دیکھے دنیا
سازگاری ملے ، منزل کی فضا خوش رکھے
تم نے ماں باپ کو خوش اپنی سعادت سے کیا
مالکِ روزِ جزا تم کو سوا خوش رکھے
ظہیراحمد ۔۔۔۔۔ ۲۰۱۱