تیرے چپ رہنے سے رکتا ہے دم اے یار مرا - شمس النساء بیگم شرمؔ

حسان خان

لائبریرین
تیرے چپ رہنے سے رکتا ہے دم اے یار مرا
بول تو ہنس کے تو خوش ہو یہ دلِ زار مرا

کہتے ہیں بوسہ دوں ہرگز نہیں یہ کار مرا
جان کے ساتھ ہی جائے گا یہ انکار مرا

چھوٹنا زلف کے پھندے سے ہے دشوار مرا
کیا کروں ہو گیا دل اب تو گرفتار مرا

دور سے بھی نہ دکھائی مجھے صورت اک دن
کچھ نہیں پاس تجھے اے بتِ عیار مرا

جسم میں روح ہے جب تک نہ تمہیں چھوڑوں گا
جان کے ساتھ ہے اے جان یہ اقرار مرا

ترک میں تیری ملاقات کروں کس دل سے
یہ سخن مانے گا کب یار دلِ زار مرا

نہ سنیں آپ کسی کی جو مری باری میں
پھر تو کچھ کر نہیں سکتے ہیں یہ اغیار مرا

مر گئے سیکڑوں غش کھا کے گرے لاکھوں ہیں
بہرِ سیر آیا جو یوسف سرِ بازار مرا

سب حسیں دیکھ کے شرمندہ ہوئے اُس کا جمال
جس گھڑی بزم میں آیا وہ طرحدار مرا

نالے آہستہ کر اے دل میں کہے دیتا ہوں
سو گیا ہے ابھی وہ فتنۂ بیدار مرا

تم جفا بھی جو کرو گے میں وفا سمجھوں گا
دل کسی طرح سے ہوئے گا نہ بیزار مرا

گرچہ مر جاؤں گا میں جور و ستم سہہ سہہ کر
ہاتھ اٹھائے گا ستم سے نہ ستمگار مرا

بیچتا ہوں ابھی اک بوسے پہ اپنے دل کو
مستعد لینے پہ گر ہووے خریدار مرا

شرمؔ کی شرم ہے اے دوست خدا تیرے ہاتھ
کون ہے تیرے سوا اور مددگار مرا

(شمس النساء بیگم شرمؔ)
 
کہتے ہیں بوسہ دوں ہرگز نہیں یہ کار مرا
جان کے ساتھ ہی جائے گا یہ انکار مرا

واہ، بہت عمدہ شئیر کرنے کا شکریہ، یہ نام پہلی بار سنا۔
 
فاتح

لائبریرین
واہ وا حسان خان صاحب کیا خوب انتخاب ہے
واہ، بہت عمدہ شئیر کرنے کا شکریہ، یہ نام پہلی بار سنا۔
حسان خان صاحب! اگر ایسے غیر معروف شعرا و شاعرات کا کلام ارسال کیا کریں تو چند الفاظ ان کے تعارف میں بھی لکھ دیا کریں۔۔۔ یہ حکم نہیں گزارش ہے۔
مثلاً شمس النسا بیگم شرم کے متعلق یوں لکھا جا سکتا ہے کہ
نواب شمس النسا بیگم جو شرمؔ تخلص کرتی تھیں اور خواجہ وزیر لکھنوی سے سلسلۂ تلمذ رکھتی تھیں۔ بنارس میں پیدا ہوئیں لیکن عمر کا اکثر حصہ لکھنؤ میں گزرا۔ قافیہ و ردیف کے استعمال میں خوب مہارت رکھتی تھیں۔ مثلاً ان کی یہ غزل
پہلے ثابت کریں اس وحشی کی تقصیریں دو
پھر مجھے شوق سے پہنائیں وہ زنجیریں دو​
 
حسان خان

لائبریرین
حسان خان صاحب! اگر ایسے غیر معروف شعرا و شاعرات کا کلام ارسال کیا کریں تو چند الفاظ ان کے تعارف میں بھی لکھ دیا کریں۔۔۔ یہ حکم نہیں گزارش ہے۔

جنابِ عزیز!
پسندیدگی کے لیے سپاسگزار ہوں۔
آپ کی گزارش سر آنکھوں پر، آئندہ ضرور اس کا خیال رکھوں گا۔
ایمانداری کی بات یہ ہے کہ مجھے ان شاعرہ کے نام کے علاوہ ان کی زندگی کے متعلق کچھ بھی نہیں معلوم تھا۔ وہ تو میں آج ان کے دیوان کی پی ڈی ایف بنا رہا تھا تو دیوان سے ایک غزل محفل پر ارسال کر دی۔

آپ بھی ان کے دیوان کا مطالعہ کر سکتے ہیں:
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
واہ وا حسان خان صاحب کیا خوب انتخاب ہے

حسان خان صاحب! اگر ایسے غیر معروف شعرا و شاعرات کا کلام ارسال کیا کریں تو چند الفاظ ان کے تعارف میں بھی لکھ دیا کریں۔۔۔ یہ حکم نہیں گزارش ہے۔
مثلاً شمس النسا بیگم شرم کے متعلق یوں لکھا جا سکتا ہے کہ
نواب شمس النسا بیگم جو شرمؔ تخلص کرتی تھیں اور خواجہ وزیر لکھنوی سے سلسلۂ تلمذ رکھتی تھیں۔ بنارس میں پیدا ہوئیں لیکن عمر کا اکثر حصہ لکھنؤ میں گزرا۔ قافیہ و ردیف کے استعمال میں خوب مہارت رکھتی تھیں۔ مثلاً ان کی یہ غزل
پہلے ثابت کریں اس وحشی کی تقصیریں دو
پھر مجھے شوق سے پہنائیں وہ زنجیریں دو​
فاتح بھائی حیرت ہے کہ اتنے غیر معروف ہیں پھر بھی آپ کو پتا ہے۔۔۔ جبکہ اس دن آپ میرے سے پوچھ رہے تھے یہ اقبال کون ہے۔۔۔۔ :p:skull:
 
فاتح

لائبریرین
فاتح بھائی حیرت ہے کہ اتنے غیر معروف ہیں پھر بھی آپ کو پتا ہے۔۔۔ جبکہ اس دن آپ میرے سے پوچھ رہے تھے یہ اقبال کون ہے۔۔۔ ۔ :p:skull:
قدرت اللہ شہاب کی ایک کتاب میں اقبال کے متعلق پاکستان کے ایک سابقہ صدر کا واقعہ تو پڑھ رکھا ہو گا آپ نے کہ ریڈیو سےاعلان ہوا کہ "اب آپ شاعرِ مشرق جناب حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا کلام سنیں گے" اور اس پر صدرِ پاکستان نے پوچھا کہ ایہہ کیدی گل پئے کردے نیں؟اور جب بتایا گیا تو کہا۔۔۔
"اوہ ایہدا مطلب اے اپنے 'بالے' دی شاعری سنان لگی اے"
 
:rollingonthefloor:
ویسے آپ بڑے چالاک ہیں فاتح بھائی۔۔۔ جو واقعہ میں نے اس دن آپ کے اس سوال کے جواب میں سنایا تھا۔۔۔ وہی مجھے واپس لکھ دیا۔۔۔۔ :p
ویسے آج مجھے اپنی اس حرکت سے مقدس یاد آگئی۔۔۔۔۔ وہ اسی طرح کی حرکتیں کرتی تھی۔۔۔ :)
 
Top