فخرنوید
محفلین
گوجرانوالہ ۔۔۔۔۔ فلاحی پراجیکٹ کیلئے سائیکل پر دنیا کا چکر لگانے والے جاپانی شہری کو گوجرانوالہ میں اسکے گائیڈ نے لوٹ لیا اور زہریلا سگریٹ پلا کر 45 ہزار امریکی ڈالرز، پاسپورٹ اور سائیکل سے محروم کر دیا۔ مسٹر نووا کی حالت مقامی ہسپتال میں خطرے سے باہر ہے۔ 30 سالہ جاپانی شہری مسٹر نووا سائیکل پر دنیا بھر کا چکر لگانے نکلا تھا۔ وہ مختلف ممالک سے ہوتا ہوا ہندوستان اور پھر وہاں سے واہگہ بارڈر کے رستے پاکستانی پنجاب کے شہر لاہور پہنچا۔ پولیس حکام کے مطابق لاہور سے گوجرانوالہ آتے ہوئے مسٹر نووا کو راستے میں ایک نو سرباز نے بطور گائیڈ اپنی خدمات پیش کیں اور وہ گوجرانوالہ میں لاری اڈے کے قریب ایک شہریار ہوٹل میں قیام پذیر ہو گئے جہاں نوسرباز گائیڈ نے مسٹر نوا کو زہریلا سگریٹ پلا کر بیہوش کر دیا اور ان کے 45 ہزار امریکی ڈالرز، پاسپورٹ اور وہ سائیکل بھی لے اڑا جس پر مسٹر نووا دنیا کا چکر لگا رہے تھے۔ اس واقعہ کے بعد انہیں قریبی سوشل سکیورٹی ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں پر مسٹر نووا نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ایک فلاحی پراجیکٹ کیلئے دنیا بھر سے سائیکل پر پیسے اکٹھے کر رہے تھے اور انہیں گوجرانوالہ کے نوسرباز کی اس حرکت پر سخت افسوس ہوا ہے۔ ماڈل ٹاؤن پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مسٹر نووا کو آج شام پولیس کی نگرانی میں اسلام آباد بھجوا دیا جائیگا۔ مسٹر نووا کا علاج کرنے والے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شہزاد ڈار نے بتایا کہ ہوش میں آنے کے بعد مسٹر نووا نے سب سے پہلے اپنے سائیکل کے بارے میں دریافت کیا اور رقم کی بجائے وہ سائیکل چھن جانے پر سب سے زیادہ غمگین دکھائی دئیے۔
بشکریہ: وائس آف پاکستان
بشکریہ: وائس آف پاکستان