جب حقیقت مجاز ہوتی ہے

رات اک غزل لکھی کافی عرصے کے بعد۔ ۔ ۔ بری ہے یا بھلی یہ آپ جانیں:)
جب حقیقت مجاز ہوتی ہے
غزنوی سے ایاز ہوتی ہے

غزنوی کو جو معتبر کردے
وہ نگاہِ ایاز ہوتی ہے۔ ۔۔ ۔ ۔

عین ِ اثبات ہے نفی ہو کر
چشم جب نیم باز ہوتی ہے

جس پہ کھل جائے وہ نہیں رہتا
ہستی ایسا ہی راز ہوتی ہے

ایک سجدے میں عمر کٹ جائے
ایسی بھی اک نماز ہوتی ہے

اک تمنا جو دل میں رہ جائے
سوز ہوتی ہے ساز ہوتی ہے

قد سے اونچی انا جو ہوجائے
سب دکھوں کا جواز ہوتی ہے

آخرِ شب طبیعتِ محمود
کیفِ غم میں گداز ہوتی ہے
 

فاتح

لائبریرین
جس پہ کھل جائے وہ نہیں رہتا
ہستی ایسا ہی راز ہوتی ہے

اک تمنا جو دل میں رہ جائے
سوز ہوتی ہے ساز ہوتی ہے​
سبحان اللہ! اس خوبصورت غزل پر مبارک باد قبول ہو۔
 
اس میں ایک مصرح مجھے کھٹک رہا ہے۔ "قد سے اونچی جو ہو گئی وہ انا"، اگر اسکی جگہ "قد سے اونچی جو انا ہو جائے" کر دیا جائے تو آپ کے خیال میں کیا بہتر رہے گا؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت بہترین غزل ہے البتہ مطلع میں غلو پایا جاتا ہے۔ یعنی پہلے مصرع میں یوں لگ رہا ہے جیسے غزنوی کو خدائی درجہ عطا کر دیا گیا ہے۔ :)
 
شعر بھی اسی تناظر میں کہا گیا ہے۔ جو آپ سمجھے ہیں وہی میں نے کہا ہے۔ ۔ ۔
ہر چند ہو مشاہدہء حق کی گفتگو
بنتی نہیں ہے بادہ و ساغر کہے بغیر​
 

الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے محمود غزنوی (صرف محمود نہیں کہہ رہا کہ محمود مغل کو کچھ مغالطہ نہ ہو جائے۔
تمہاری اصلاح اپنے ہی مصرع پر جو کی ہےے، وہ بحر سے خارج ہو جاتی ہے حالانکہ خیال واضح ہو جاتا ہے۔
اس کو یوں کیا جا سکتا ہے، محض مشورہ، زبردستی کی استادی نہیں دکھا رہا، مانو نہ مانو جان جہاں اختیار ہے۔۔۔
قدسے اونچی انا جو ہو جائے
یا
جب بھی ہو جائے قدسے اونچی انا
 
اچھی غزل ہے محمود غزنوی (صرف محمود نہیں کہہ رہا کہ محمود مغل کو کچھ مغالطہ نہ ہو جائے۔
تمہاری اصلاح اپنے ہی مصرع پر جو کی ہےے، وہ بحر سے خارج ہو جاتی ہے حالانکہ خیال واضح ہو جاتا ہے۔
اس کو یوں کیا جا سکتا ہے، محض مشورہ، زبردستی کی استادی نہیں دکھا رہا، مانو نہ مانو جان جہاں اختیار ہے۔۔۔
قدسے اونچی انا جو ہو جائے
یا
جب بھی ہو جائے قدسے اونچی انا
بہت بہت شکریہ اعجاز صاحب۔ ۔ ۔ حضرت سرِ تسلیم خم ہے۔ مجھے احساس ہے کہ میں نے انجانے میں آپ کی ایک پوسٹ کا روکھا سا جواب لکھ مارا تھا۔ یقین کیجئے دل کی گہرائیوں سے آپ سے شرمندہ ہوں۔ انٹر نیٹ میں ایک قباحت یہ ہے کہ ہم مخاطب کی شخصیت اور مقام و مرتبہ سے کما حقہُ واقف نہیں ہو پاتے۔ چونکہ فورم پر نیا نیا وارد ہوا تھا اور زیادہ تر فورمز پر ٹین ایجرزاور برخود غلط ماہرین سے ہی زیادہ واسطہ پڑتا ہے، آپ کو بھی اسی پر قیاس کر لیا اس پر مستزاد یہ کہ جنکی غزل تھی ان سے اک عقیدت و محبت کا تعلق تھا۔ اسلئیے میرے رسپانس میں کچھ بے رخی سی آگئی ۔ ۔ بہرحال اُس بدمزگی کی معافی چاہتا ہوں۔
آپ کی توجہات سے استغنا۔ ۔ ۔ ۔یہ تاب، یہ مجال، یہ طاقت نہیں مجھے:)
 

مغزل

محفلین
بہت خوب ، ماشا اللہ ، محمود غزنوی صاحب ، ماشا اللہ ،۔
بہت خوب کلام ہے میری جانب سے مبارکباد قبول کیجے
 
Top