نظیر جب سرِ زلف تا کمر پہونچا ۔ نظیر اکبر آبادی

فرخ منظور

لائبریرین
جب سرِ زلف تا کمر پہونچا
اس کمر کو بہت ضرر پہونچا

ہلکی پہونچی سے بھی لچکتا ہے
نازک اس کا ہے اس قدر پہونچا

اے نسیمِ سحر تو اس گل کو
بے کلی کی مری خبر پہونچا

کہیو اے جاں ، نظیر کو تیرے
رنجِ ہجر اب تو بیشتر پہونچا

یا بُلا لے اسے اِدھر اے جاں
یا تو ہی آپ کو ادھر پہونچا

قطعہ
نامۂ یار جو سحر پہونچا
خوش رقم خوب وقت پر پہونچا

تھا لکھا یوں کہ اے نظیر اب تک
کس سبب تو ادھر نہیں پہونچا

میں نے اس کو کہا کہ اے محبوب
اس لیے میں نہیں ادھر پہونچا

یوں سنا تھا تم آپی آتے ہو
اس میں نامہ یہ پُر گہر پہونچا

مجھ کو پہونچا ہی جانو اپنے پاس
آج، کل، شام یا سحر پہونچا

(نظیر اکبر آبادی)
 
Top