جذبہ ان کا پیام ہے گویا ٭ راحیلؔ فاروق

جذبہ ان کا پیام ہے گویا
دل علیہ السلام ہے گویا

ایک چپ صبح و شام ہے گویا
خامشی بھی کلام ہے گویا

مقتدی خود امام ہے گویا
عشق میرا ہی نام ہے گویا

تنگ دستی میں ہوں کشادہ دل
یہ مرا انتقام ہے گویا

ہم تو مرنے کے انتظار میں تھے
زندہ رہنا بھی کام ہے گویا

کعبہ سے قبر تک فقط مٹی
مرجعِ خاص و عام ہے گویا

بولتی بند کیجیے دل کی
ورنہ ترکی تمام ہے گویا

کُن تو ہم نے سنی نہیں راحیلؔ
شعر میں وہ دوام ہے گویا

راحیلؔ فاروق
 

یاسر شاہ

محفلین
واہ شاندار غزل -"مقتدی" اور "کن " والے اشعار کو چھوڑ کر ایک سے بڑھ کر ایک شعر -

اس شعر میں تو ایک رمز ہے :

بولتی بند کیجیے دل کی
ورنہ ترکی تمام ہے گویا

کیا نقیبی صاحب یہ رمز آپ سمجھ پائے ؟
 
واہ شاندار غزل -"مقتدی" اور "کن " والے اشعار کو چھوڑ کر ایک سے بڑھ کر ایک شعر -

اس شعر میں تو ایک رمز ہے :

بولتی بند کیجیے دل کی
ورنہ ترکی تمام ہے گویا

کیا نقیبی صاحب یہ رمز آپ سمجھ پائے ؟
نہیں یاسر بھائی ،
آپ رہنمائی فرمائیں ۔
 
بھائی صاحب !پیشکش آپ کی اور سمجھاؤں میں ؟غور تو کریں کچھ :)
شاید اس شعر میں راحیل بھائی نے نفس کی خواہشات کو روکنے یا ختم کرنے کا اشارہ کیا ہے ، ورنہ سارا گھمنڈ خاک میں مل جائے گا ،
بھیا ہمارے تو یہی سمجھ آئی ہے ۔
 

یاسر شاہ

محفلین
بولتی بند کیجیے دل کی
ورنہ ترکی تمام ہے گویا

عدنان بھائی میری رائے ہے اس شعر میں "ترکی " کے سیاسی حالات کی طرف اشارہ ہے کہ اسلام کی نشاة ثانیہ کے لیےطیب اردگان کی سربراہی میں بڑی عقلمندی سے کام ہو رہا ہے اور منظر عام پہ بھی نہیں آرہا -افغانستان میں طالبان بڑے بڑے بتوں کو توڑ کر میڈیا کے سامنے آگئے -لہٰذا سخت مشکلات میں گھر گئے -

ترکی کی مثال دے کر گویا یہی سمجھایا جا رہا ہے کہ زیادہ جذباتیت نہ یہ کہ آپ کو لے ڈوبے گی بلکہ اوروں کو بھی -راحیل بھائی خود ہوتے تو شاید مزید وضاحت کرتے-
 

عباس رضا

محفلین
اشعار کے مشمولات سے قطع نظر ”ترکی تمام شد“ یا ”ترکی تمام ہونا“ اردو میں محاورہ بھی ہے۔
(۱) گھمنڈ جاتا رہنا۔ غرور نکلنا۔ (۲) کچھ نہ باقی رہنا۔ (۳) ساری بہادری نکل جانا۔ (فیرو اللغات، ص۳۸۳۔ علاوہ ”ترکی تمام شد“)
 
آخری تدوین:

La Alma

لائبریرین
شاعر شاید کیفیاتِ قلب کے اظہار کے معاملے میں عجز بیانی کا شکار ہے۔
زبانِ یارِ من ترکی و من ترکی نمی دانم
شاید اس شعر میں راحیل بھائی نے نفس کی خواہشات کو روکنے یا ختم کرنے کا اشارہ کیا ہے ، ورنہ سارا گھمنڈ خاک میں مل جائے گا ،
بھیا ہمارے تو یہی سمجھ آئی ہے ۔
 
Top