جسم و جاں میں منعکس جلوہ تری تنویر کا --- بشیر حسین ناظم

الف نظامی

لائبریرین
مرزا اسد اللہ خاں غالب کے دیوان کی تمام غزلوں پر کہی گئی نعتوں کا مجموعہ
"جمالِ جہاں فروز" از بشیر حسین ناظم
سے لیا گیا حمدیہ و نعتیہ کلام​
حمد
جسم و جاں میں منعکس جلوہ تری تنویر کا
کیا تشکر ہو سکے بندے سے اس تقدیر کا
عبد ممکن کے لئے اے ہستی واجب تری
حمد کہنا بالیقیں لانا ہے جوئے شیر کا
تو موفق ہو تو تیری حمد کی تطریز ہو
ورنہ در مغلق رہے تحمید کی تحریر کا
تیرا باب مرحمت مفتوح ہے شام و سحر
بخشنے والا ہے تو ہر ایک کی تقصیر کا
اور نعروں کے بھی پاسُخ ہوں گے جاں پرور ، مگر
ہے جواب "اللہ اکبر" نعرہ تکبیر کا
رات کی تنہائیوں میں اے انیسِ قلب و جاں
کیا مزہ آتا ہے تیرے نام کی تکریر کا
تیری طاعت ضامنِ فوز و فلاح و عافیت
تیرا ذکرِ پاک باعث ، عزت و توقیر کا
تیرے آگے سر خمیدن ، قوتِ قلب و جگر
تابِ روحِ مضمحل جلوہ تری تذکیر کا
جب تبتل سے ترے آگے کوئی سجدہ کرے
خود بخود ہوتا ہے ساماں نفس کی تسخیر کا
تیرے ہی انوار سے ہے پیکرِ گل تابناک
امر سے تیرے ہی نکھرا رنگ اس تصویر کا
ناظمِ بے علم و دانش تیرے لطفِ خاص سے
بن گیا مطواع و ناصر دینِ عالمگیر کا
---​
نعت
غلغلہ ہے ہر طرف اس حسن عالمگیر کا
مصدر و مطلع ہے جو آفاق کی تنویر کا
نغمہ صلِ و سلم ہے ضیائے قلب و جاں
بسلمہ تزئین و غازہ ہے رخِ تحریر کا
شکر ہے بے چوں محمِد کے محمد کے طفیل
مل گیا طغرا ہمیں فردوس کی جاگیر کا
میں سگِ کوئے شہنشاہِ مدینہ ہوں ندیم
مجھ سے بڑھ سکتا نہیں رتبہ کسی قطمیر کا
پی لیا میں نے بلی کے بعد ، خم تنعیت کا
ہمسرِ کیواں ہوا کوکب مری تقدیر کا
اے خوشا یا مرحبا ، صلِ علی ، یا حبذا
"حمد" مطلع ہے نبی کے نام کی تفسیر کا
ذکرِ مولائے نبی بے ارتیاب و بے گماں
نسخہ حق الیقیں ہے نفس کی تسخیر کا
میں بہ سوگند خدائے صدق کہتا ہوں ، سبب
نعتِ احمد ہے مری توقیر میں توفیر کا
آپ کی آمد سے پہلے آدمیت خوار تھی
راج تھا ہر سو زمانے میں دمِ شمشیر کا
خطرہ اہلاک دنیا ٹل گیا ان کے طفیل
ورنہ ساماں ہوچکا تھا خلق کی تدمیر کا
مشکلیں آساں ہوئیں ان کے توسل سے تمام
آ سکا نہ کام کچھ لرزہ کسی زنجیر کا
نعت کہنے کے لیے توفیقِ حق ہے لابدی
ہے وگرنہ نعت کہنا " لانا جوئے شیر" کا
دیدِ رخسارِ نبی سے جان میں جاں آگئی
میں تھا ناظم عکس بس دیوار کی تصویر کا
 

سید زبیر

محفلین
سبحان اللہ ۔ ۔​
رات کی تنہائیوں میں اے انیسِ قلب و جاں​
کیا مزہ آتا ہے تیرے نام کی تکریر کا​
بہت خوب ، ، جزاک اللہ​
 

یوسف-2

محفلین
تیرا باب مرحمت مفتوح ہے شام و سحر​
بخشنے والا ہے تو ہر ایک کی تقصیر کا​
ماشا اللہ کیا کہنے بہت خوب
 
Top