عاطف ملک
محفلین
جس دل میں صبر، ضبط، اطاعت، وفا نہیں
وہ گھر ہے جو مکین کے لائق بنا نہیں
ایسا مرض نہیں کوئی جس کی شفا نہیں
درماں ہی وجہِ درد اگر ہو دوا نہیں
کہنے کو آدمی سے بڑے آدمی بہت
سوچو تو آدمی سے کوئی بھی بڑا نہیں
کس نے کہا کہ عشق ہے ہر درد کی دوا
آبِ بقا یہ ہو تو ہو آبِ شفا نہیں
مانا کہ مجھ میں بھی نہیں باقی رہا وہ شوق
اے ہم نشین تو بھی تو اب دلربا نہیں
پہلو تہی، درشتی، رقیبوں سے التفات
ہے کیا ستم جو آپ نے ہم پر کیا نہیں
دونوں جہاں میں ساتھ نبھانے کی بات تھی
اور اس پہ بھی جواب ملا برملا نہیں
بلبل ہو، گل ہو، شمع ہو، جگنو ہو، یا ہو چاند
ایسا نہیں ہے کوئی جو تجھ پر فدا نہیں
وہ دل ہے کیسا دل کہ نہیں جس میں سوزِ عشق
وہ آنکھ کیا ہے دید کا در جس پہ وا نہیں
گرچہ بہت طویل ہے شب انتظار کی
پر ناامیدی شیوہِ اہل وفا نہیں
پوچھا ہے اس نے چاند کو تکتے ہو کس لیے
کیا اس میں خاص بات ہے اور مجھ میں کیا نہیں
عاطفؔ تو اس کی بات سے افسردہ دل نہ ہو
وہ تندخُو ضرور ہے دل کا برا نہیں
عاطفؔ ملک
۲۷ جون ۲۰۱۸